ظالم مکان مالک کی غیر انسانی حرکت، کورونامتاثر خاندان کو مکان سے باہر نکال دیا

ریاستی خبریں

ظالم مکان مالک کی غیر انسانی حرکت، کورونامتاثر خاندان کو مکان سے باہر نکال دیا

حیدرآباد/جگتیال:12۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

جاریہ کوروناوائرس کے قہر کے دؤران اس بات کی شدید ضرورت ہے اور یہ انسانیت کا تقاضہ بھی ہے کہ کوروناوائرس سے متاثر ہونے والوں کیساتھ انسانی ہمدردی کیساتھ پیش آیا جائے،انہیں حوصلہ ، ہمت اور بھروسہ دلایا جائے کہ وہ ہرگز پریشان نہ ہوں کیونکہ کورونا کا علاج موجود ہے۔اپنے چند میٹھے بول اور ہمدردانہ رویہ کیساتھ کوروناوائرس متاثرین میں خود اعتمادی پیدا کی جائے اور انہیں یہ احساس دلایا جائے کہ ہم ہیں نہ!

اس سے کورونا وائرس متاثرین میں ہمت پیدا ہوتی ہے اور ان میں حوصلہ پیدا ہوتا ہےاور لازمی ہے کہ ہمارے اس برتاؤ سے کورونا وائرس متاثرین کی قوت مدافعت Immunity  میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور یہی چیز کورونا وائرس کا سب سے بڑا علاج بھی ہے!

مکان مالک کی جانب سے مکان سے نکال دیا جانے والا کورونا وائرس سے متاثر بدنصیب خاندان۔

لیکن آج ریاست تلنگانہ کے جگتیال میں ایک ظالم مکان مالک نے اپنی غیر انسانی حرکت کے ذریعہ ایک ہی خاندان کے تین افراد جو کہ کرایہ دار تھے اور کوروناوائرس سے متاثر بتائے گئے ہیں کو زبردستی اپنے مکان سے باہر نکال دیا۔

جگتیال کے گنیش نگر میں پیش آئے اس افسوسناک ، غیر انسانی اور ظالمانہ واقعہ کی تفصیلات کے مطابق سوریہ نارائن اور کلاوتی(فرضی نام) اس جوڑے کیساتھ انکے فرزند مہیش (فرضی نام) چند سال سے کرایہ کے مکان میں مقیم ہیں۔

اسی دؤران ماں، باپ اور بیٹا تینوں کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔اس کی اطلاع مکان مالک کو ملتے ہیں بجائے اس تین رکنی خاندان کو حوصلہ اور ہمت دینے کہ ظالم مکان مالک نے انہیں آج سہء پہر اپنے مکان سے زبردستی باہر نکل جانے پر مجبور کردیا۔یہ مجبور اور بے بس خاندان مکان سے نکالے جانے کے بعد قریب ہی موجود ہنومان مندر کے درخت کی چھاؤں میں جاکر بیٹھ گیا۔

مقامی افراد نے 108 کو کال کرتے ہوئے اس واقعہ کی اطلاع دی تو فوری اس ایمبولنس کے عملہ میں اس تین رکنی خاندان کو ایمبولنس کے ذریعہ جے این ٹی یو کالج کے آئسولیشن سنٹر منتقل کردیا۔

کورونا وائرس متاثرین سے اس طرح کی غیر انسانی حرکت بالک ٹھیک نہیں ہے جبکہ انہیں کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے ہمت اور حوصلہ فراہم کیا جائے اور انکے ساتھ مزید زیادہ بہتر اور انسانی برتاؤ کرنے کی شدید ضرورت ہے۔

2 thoughts on “ظالم مکان مالک کی غیر انسانی حرکت، کورونامتاثر خاندان کو مکان سے باہر نکال دیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے