حکومت تلنگانہ کی جانب سے عیدگاہوں میں نمازعیدالفطر ادا کرنے کی اجازت نہیں : وزیر داخلہ محمدمحمود علی

حکومت تلنگانہ کی جانب سے عیدگاہوں میں نمازِعیدالفطر ادا کرنے کی اجازت نہیں: وزیر داخلہ محمدمحمود علی

حیدرآباد :08۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)

ریاستی وزیر داخلہ جناب محمومحمود علی نے آج ہائی کورٹ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر ریاست تلنگانہ میں تمام اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے اور گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے عیدگاہوں میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی جارہی ہے اور اسی لیے ریاست کے عیدگاہوں میں نماز عید الفطر کی ادائیگی کیلئے کسی بھی قسم کے انتظامات نہیں کیے جارہے ہیں۔

ریاستی وزیر داخلہ جناب محمو محمود علی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ عید الفطر کی نماز مقامی مساجد میں ادا کریں، اگر مساجد میں جگہ کی قلت ہو تو علحدہ علحدہ اؤقات میں ایک سے زائد جماعتوں کا اہتمام کریں اور ساتھ ہی نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے دؤران ماسک کا استعمال کریں اورسماجی فاصلہ کو بھی برقرار رکھیں۔

وزیر داخلہ جناب محمومحمود علی جاریہ سال بھی تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کی جانب سے 2,500 رمضان کِٹس کی تقسیم کیلئے حج ہاؤس بلڈنگ سے راشن کٹس کی گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کررہے تھے۔

اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ جناب محمومحمود علی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ہمیشہ غریبوں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ہر سال رمضان المبارک کے مہینہ میں غریب اور مستحق خاندانوں میں راشن کٹس کے علاوہ کپڑوں کی تقسیم بھی کرتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ حالات کی وجہ سے سارا عالم پریشانیوں میں مبتلا ہے اور ہندوستان بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے مگر دیگر ریاستوں کے مقابل تلنگانہ ریاست میں کورونا کے کیسس کافی کم تعداد میں ریکارڈ کئے جارہےہیںکیونکہ تلنگانہ حکومت اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شروع ہی سے سنجیدگی کیساتھ تمام ممکنہ اقدامات میں مصروف ہے۔

محمدمحمود علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔ چندراشیکھرراؤ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کافی سنجیدہ ہیں، اسی لیےانہوں نے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ اس وباءکے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کی جان اورمال کی حفاظت کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے خاتمے کے لیے کوویڈویکسین لینا ضروری ہے کیونکہ اس کی وجہ سے کافی حد تک کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں کوویڈ قوانین پر سختی کیساتھ عمل کرنابھی ضروری ہے۔

وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے ماسک کا استعمال لازمی طورپر کریں،سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں، اپنے ہاتھوں کو بار بار صابن یاسینی ٹائزرسے دھو تے رہیں۔

ریاست میں کوویڈ ویکسین کی قلت کے سوال پر وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ ریاست میں ویکسین کی قلت کو دور کرنے کے لیے تلنگانہ حکومت مرکز سے زائد مقدار میں ویکسین کی حصولیابی کی مسلسل کوشش کر رہی ہے اورانہوں نےاس امید کا اظہار کیا کہ بہت جلد یہ قلت دور ہو جائے گی۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بیڈس کے اضافے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ محمدسلیم،ارکان اسمبلی موٹھا گوپال،جعفرحسین معراج،کوثر محی الدین، رکن وقف بورڈ ڈاکٹر نثارحسین حیدر آغا، ٹی آر ایس قائدین محمد شریف الدین، عبد المقیت چندا کے علاوہ دیگرموجود تھے۔