تلنگانہ کے چند اضلاع میں مزید چار دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی، حیدرآباد میں کل صبح تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا،مزید بارش کاانتباہ

تلنگانہ کے چند اضلاع میں مزید چار دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد میں شدید بارش کا سلسلہ کل صبح تک جاری رہنے کا انتباہ
دو بجے تک 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ،ٹریفک نظام مفلوج
سٹی پولیس کی جانب سے عوام کومختلف مشورے،نشیبی علاقے زیرآب

حیدرآباد: 22۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کےمختلف اضلاع میں آج صبح سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔دارالحکومت حیدرآبادمیں جاری شدید بارش کےباعث سڑکیں اورنشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔سڑکوں پر ٹریفک نظام مفلوج ہوگیاہے۔سڑکیں اورنشیبی علاقے جھیلوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔جس سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔شہر میں عام زندگی بھی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔اسی دؤران محکمہ موسمیات نےآج شام انتباہ جاری کیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں کل صبح تک شدید ترین بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور نشیبی علاقے اس سے شدید متاثر ہوں گے۔اس کے لیے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جہاں ہیں وہیں رہیں۔
آج صبح سے دوپہر دو بجے تک حیدرآباد اور سکندرآباد میں 50 ملی میٹرسے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

شہر کے اہم علاقوں لکڑی کا پل،امیر پیٹ،خیریت آباد،کوکٹ پلی،بالانگر،چارمینار،عابڈز،بشیرباغ کے علاوہ پرانے شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں پانی کی سطح انسانی گھٹنوں سے اوپر تک پہنچ گئی ہے۔اور اس سیلابی پانی میں سے گاڑیوں کو گزرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔دفاتر سے لؤٹنے والے افراد اور اپنے مکانات سے کاموں کی غرض سے نکلے ہوئےعوام کو اس شدید بارش اور زیرآب سڑکوں کے باعث دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

شہر میں ان حالات کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام کو مشورے دئیے ہیں کہ وہ بارش کے دؤران جہاں رکے ہوئے ہیں وہیں رہیں اور بارش کے تھمنے کے بعد جلد بازی میں فوری سڑکوں پرنہ نکلیں،کم از کم ایک گھنٹہ تک مزید انتظار کریں۔کیونکہ سڑکوں پرجمع شدہ بارش کے پانی کی نکاسی میں ایک گھنٹہ تک کا وقت درکار ہوتا ہے۔اسی طرح دفاتر،تجارتی اداروں،اسکولوں اور کالجوں سے واپس ہونے ملازمین اور طلبہ سے بھی چوکس رہنے کی خواہش کی گئی ہے۔ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ ان مشوروں پرعمل کرنے کی وجہ سے ٹریفک میں پھنسنے کی نوبت نہیں آئے گی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مزید چار دنوں تک شدید بارش کا امکان ہے۔جبکہ محکمہ موسمیات نے ریاست کے اضلاع ورنگل،ہنمکنڈہ،عادل آباد،نظام آباد،نرمل،جگتیال،آصف آباد،کریم نگر،منچریال،سرسلہ،کومرم بھیم اور ملگ میں شدید ترین بارش کی قیاسی کی ہے۔