ضلع وقارآباد میں امن و امان کے ساتھ ہنومان جینتی شوبھا یاترا نکالی جائے
ڈی جے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں،بھائی چارہ قائم رکھیں
سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی کے خلاف ہوگی کارروائی،ضلع ایس پی کا بیان
وقارآباد:15۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے آج شام جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا ہے کہ کل 16 اپریل کو منائی جارہی ہنومان جینتی تقاریب امن و امان کے ساتھ اور پرسکون ماحول میں منائی جائے اور ضلع وقارآباد کے تمام مقامات پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعات پیش نہ آئیں اس کے لیے شوبھا یاترا پُرامن طور پر نکالی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس شوبھا یاترا کے دؤران بھکتوں اور عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو اس کا خیال رکھا جائے اور اس کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے کہا ہے کہ شوبھا یاترا کے آغاز سے اختتام تک پرامن اور خوشگوار ماحول کو بنایا رکھا جائے۔شوبھا یاترا کے آرگنائزرس،بھکتوں اور عوام سے ضلع ایس پی وقارآباد مسٹر این کوٹی ریڈی نے خواہش کی وہ اس معاملہ میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

میڈیا کو جاری کردہ پریس نوٹ میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے کہا ہے کہ شوبھا یاترا کے دؤران "ڈی جے سسٹم” اور”لاؤڈ اسپیکرس”کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔اس سلسلہ میں بھکت اور عوام پولیس کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔
ضلع ایس پی نے کہا کہ ایک دوسرے کے مذاہب اور مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مل جل کر بھائی چارہ کے ساتھ پرامن ہنومان جینتی منائی جائے اور شوبھا یاترا منعقد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی افواہوں پر یقین نہ کریں۔اور کسی بھی افواہ کی اطلاع فوری پولیس عہدیداروں کو دیں۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے کہا کہ اس دؤران سماج دشمن عناصر کی جانب سے دونوں فرقوں میں تفرقہ پیدا کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا کے ذریعہ پھیلائے جانے والے جھوٹ،اکسانے اور امن کو خراب کرنے والی جھوٹی خبروں پر ہرگز یقین نہ کریں اور اگر کوئی مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والے مواد کو سوشل میڈیا پر پھیلاتا ہے تو اس کے شکایت فوری پولیس سے کی جائے۔
ضلع ایس پی مسٹر کوٹی ریڈی نے انتباہ بھی دیا کہ نفرت انگیز مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ گڑبڑ کرنے اور اشتعال پھیلانے والوں پر پولیس کی جانب سے سخت نظر رکھتے ہوئے امن و امان کو مکدر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

