لاک ڈاؤن کے نفاذ پر مزیدسختی کیساتھ عمل کیا جائے،بلاءاجازت گھومنے والی گاڑیوں کو ضبط کیا جائے: ڈی جی پی کی ہدایت

لاک ڈاؤن کے نفاذ پر مزیدسختی کیساتھ عمل کیا جائے
بلاءاجازت گھومنے والی گاڑیوں کو ضبط کیا جائے:ریاستی ڈی جی پی کی ہدایت

حیدرآباد: 19۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی ڈی جی پی مسٹر ایم۔مہندرریڈی نے ریاست کے محکمہ پولیس کے عہدیداروں کو سخت ہدایت دی ہے کہ ریاست میں جاری لاک ڈاؤن کے نفاذ پر مزید سختی کیساتھ عمل کیا جائے اور اس لاک ڈاؤن پر صد فیصدعمل کرنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔

کل چیف منسٹر تلنگانہ کے۔ چندراشیکھر راؤ کی جانب سے ریاست میں 22 مئی کی صبح تک جاری لاک ڈاؤن میں 30 مئی تک توسیع کےاعلان کے بعد آج ریاستی ڈی جی پی مسٹر ایم۔ مہندرریڈی نے اضلاع کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کیساتھ ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کی ہیں۔

اس ویڈیو کانفرنس میں ریاستی ڈی جی پی مسٹر ایم۔مہندرریڈی نے ان پولیس عہدیداروں کو بتایا کہ لاک ڈاؤن پر عمل آوری کے متعلق چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ روزآنہ خود اضلاع کا جائزہ لے رہے ہیں۔ڈی جی پی نے ہدایت دی کہ صبح دس بجے کے بعد کالونیوں،سڑکوں اورمحلہ جات میں عوام کا مجمع نہ ہو اس کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں سختی برتی جائے۔

ریاستی ڈی جی پی مسٹر ایم۔مہندرریڈی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اضلاع کے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ لاک ڈاؤن میں عوام کیلئے اشیائے ضروریہ کی خریدی کیلئے روزآنہ صبح 6 بجے تا 10 بجے تک چار گھنٹوں کا وقفہ دیا جارہا ہے اس وقفہ کے دؤران بھی عوام کی جانب سے سماجی فاصلہ قائم رکھنے اور ماسک پہن کر بازار آنے پر سخت نظر رکھی جائے۔

ترکاری، مچھلی اور گوشت مارکیٹ میں عوام کے ہجوم کو قابو میں رکھنے کیلئے محکمہ مارکیٹنگ ، بلدیات اور متعلقہ محکمہ جات کے تعاون سے اس پر قابو پانے کیلئے منظم منصوبہ بنایا جائے۔

اور  45-9 بجے دن پولیس کمشنران ،ایس پیز، ایڈیشنل ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور اے سی پیز میدان میں رہ کر حالات کا جائزہ لیں۔ڈی جی پی نے اضلاع کے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ صبح دس بجے کے بعد بلاء کسی اجازت گھومنے والی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے اور صرف عام مقامات یا سڑکوں پر ہی نہیں کالونیوں،محلہ جات اور گلی کوچوں پربھی سخت نظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن پر مکمل عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔

ڈی جی پی مسٹر ایم۔مہندریڈی نے ساتھ ہی پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ صبح دس بجے لاک ڈاؤن میں وقفہ کے خاتمہ کے فوری بعد تمام پٹرولنگ گاڑیوں کے ذریعہ سائرن بجاتے ہوئے شہروں میں گشت کروایا جائے۔

ڈی جی پی نے کہا کہ عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن پر بہتر طریقہ سے عمل آوری میں تعاون کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اور اس سلسلہ میں پولیس کیخلاف کوئی شکایات نہیں مل رہی ہیں۔

اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ڈی جی پی ریاست تلنگانہ مسٹر ایم۔مہندرریڈی نے اضلاع کے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ حکومت نے ریاست میں پٹرول بنکس کو کھلا رکھنے کی اجازت دی ہے لیکن صبح دس بجے سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے فوری بعد صرف ایمبولنس گاڑیوں اور آکسیجن منتقل کرنے والی گاڑیوں کو ہی پٹرول بنکس جانے کی اجازت دی جائے عام گاڑیوں کو نہیں۔