تمام وعدوں پر عمل نہیں ہوا تو ووٹ نہیں مانگوں گا : سی ایم کے سی آر
نلگنڈہ ضلع، ہالیہ 10۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام) ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اعلان کیا ہے کہ اگر انہوں نے عوام سے کیے گئے تمام وعدوں پر عمل نہیں ہوا تو وہ ان سے ووٹ نہیں مانگیں گے اور بہت جلدریاست کے مستحق بیروزگاروں کا ماہانہ بھتہ ،جدید ماہانہ وظائف اور راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

وہ آج ضلع نلگنڈہ کے ہالیہ میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے ضلع میں 2,500 کروڑ روپئے مالیتی ترقیاتی کاموں کے لیے سنگ بنیاد رکھا۔

مانا جارہا ہے کہ ضلع نلگنڈہ کے ناگر جنا ساگر حلقہ اسمبلی کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات کے پیش نظر یہ جلسہ رکھا گیا ہے ۔آج کے اپنے دؤرہ نلگنڈہ کے دؤران وزیر اعلیٰ نے وعدوں اور اعلانات کی بارش کرتے ہوئے کئی ایک اعلانات کیے ۔
ہالیہ میں منعقدہ جلسہ سے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ نلگنڈہ ضلع ہمیشہ سے ہی پسماندہ رہا ہے کئی وزرائے اعلیٰ تبدیل ہوئے لیکن ضلع کی حالت نہیں بدلی انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام مسائل سے وہ واقف ہیں اور وعدہ کیا کہ ان تمام مسائل کو حل کرنا ان کی ذمہ داری ہے

وزیر اعلیٰ نے کہا انہوں نے آج ہی ضلع کے نیلی کلو لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کیساتھ ساتھ دیگر پراجکٹس کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا ہے ان تمام پراجکٹوں پر 2,500 کروڑ روپئے صرف ہونگے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اعلان کیا کہ اندروں دیڑھ سال ان تمام پراجکٹس کی تکمیل ان کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ ٹی آرایس پارٹی پیچھے مڑکر دیکھنے والی پارٹی نہیں ہے۔

انہوں نے نلگنڈہ ضلع کو درپیش آبی مسائل کے مستقل حل کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرشنا۔ گوداوری ندیوںکو جوڑکرنلگنڈہ کو پانی لائیں گے اور ڈنڈی پراجکٹ کی تکمیل کے بعد قدیم ضلع نلگنڈہ کے 12 اسمبلی حلقہ سیرآب ہونگے۔فلورائڈ سے شدید متاثر ضلع نلگنڈہ کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ فلورائیڈ کے بھوت نے ضلع کی ایک نسل کو تباہ کیا ہے اور فلورائیڈ سے متاثرہ شخص کو لیکر اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی سے رجوع ہونے پر بھی یہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تاہم ٹی آرایس نے 6 سال میں فلورائڈ کا مسئلہ حل کیا ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کو رعیتو بندھو ، رعیتو بیمہ اسکیمات کے ساتھ 24 گھنٹے بلاء وقفہ برقی سربراہ کررہی ہےاور یہ اعزا زملک میں صرف تلنگانہ کو حاصل ہے اور اسی بات سے کانگریسی قائدین کے پیٹ میں مروڑ ہورہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وجئے ڈائری کو دوبارہ کارکرد بنایا گیا اسی طرح مشن کاکتیہ کے ذریعہ زیر زمین آبی ذخائر میں اضافہ کیا گیا ،وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ ملک میں دھان کی سب سے زیادہ پیداوار تلنگانہ میں ہورہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مختلف اسکیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اسکیمات ملک کی کسی اور ریاست میں نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت تمام پیشہ وارانہ طبقات کی فلاح و بہبود میں مصروف ہےاور کسانوں کیلئے ریاست میں 2,600رعیتو ویدیکا کی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں جہاں بیٹھ کر کسان منافع بخش کاشت کاری سے جانکاری حاصل کریں گے۔

اپنے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ضلع نلگنڈہ کے لیے وعدوں اور اعلانات کی بارش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ضلع نلگنڈہ میں جملہ 844 گرام پنچایتیں ہیں فی گرام پنچایت 20 لاکھ روپئے ، ہر منڈل مستقر کو 30لاکھ روپئے ،فی میونسپلٹی ایک کروڑ روپئے منظور کیے جائیں گے وہیں مریال گوڑہ بلدیہ کے لیے پانچ کروڑ روپئے جاری کیے جائیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ کل ہی ان سے متعلق فائل پر دستخط کریں گے اور یہ فنڈ سی ایم کے خصوصی فنڈ سے جاری کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اپوزیشن جماعتوں کو انتباہ دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس پارٹی غیر ضروری الزامات عائد کرنے میں مصروف ہےانہوں نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ نئے فقیر کو بھیک کی جلدی کے مترادف بی جے پی قائدین پاگل پن کا مظاہرہ کررہے ہیں اور وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں عوام ہی سبق سکھائیں گے کیونکہ ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔
ہم نے ایسی کئی طاقتوں سے لڑائی کی ہے اور ان کا کوئی حساب نہیں ہے وزیر اعلیٰ نے اپوزیشن قائدین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری برداشت ختم ہوگئی تو مشکل تمہارے لیے ہی ہوگی !

