وقارآباد کے کلک چیرلہ میں چیتا کے حملہ میں چار بکریاں ہلاک

ریاستی خبریں

وقارآباد کے کلک چیرلہ میں چیتا کے حملہ میں چار بکریاں ہلاک

وقارآباد۔25فروری (سحر نیوز ڈاٹ کام)
ضلع وقارآباد کے کلک چیرلہ منڈل میں موجود کُسماسمدرم کے جنگلات میں آج چار بکریوں پر چیتا نے انکے منہ پرحملہ آور ہوتے ہوئےانہیں ہلاک کردیا

ضلع وقارآباد کے کلک چیرلہ منڈل میں چیتا کے حملہ میں ہلاک چار بکریاں۔

یہ بکریاں چیروؤ مندلی تانڈہ کے کسان لالیا کی ملکیت تھیں جنہیں روز کی کی طرح آج بھی لالیااپنی بکریوں کے ریوڑ کو جنگلات میں چرانے کی غرض لاکر چھوڑدیا تھا کہ تھوڑی دیر کے بعد اس علاقہ کے کسانوں اور دیگر چرواہوں نے ان بکریوں کی خون میں لت پت نعشیں دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے اور فوری اس مقام سے محفوظ مقام پر پہنچ کر محکمہ جنگلات ضلع وقارآبادکے عہدیداروں کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔

جس پرمحکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے جائے مقام کا دؤرہ کرتے ہوئے تمام حالات کا جائزہ لیا۔ باوثوق ذرائع کے بموجب اس علاقہ میں اس سے قبل بھی چیتا کی نقل و حرکت دیکھی گئی تھی ۔آج کے اس واقعہ کے بعد اس علاقہ کے عوا م بالخصوص کسانوں، زرعی مزدوروں کیساتھ ساتھ چرواہوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔

مردہ بکریوں کی نعشوں کا مشاہدہ کرنے کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے اس علاقہ کے جنگل میں گشت لگائی تاہم چیتا یا کوئی اور درندہ نظر نہیں آیا۔

خیالی تصویر "

ان عہدیداروں نے پریشان اور خوفزدہ دیہی عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ہرگز پریشان یا خوفزدہ نہ ہوں تاہم چوکس رہیں اور اس علاقہ میں چیتا یا کسی اور درندہ کی نقل حرکت کی اطلاع ملے  تو فوری انہیں اطلاع دی جائے۔محکمہ جنگلات کے عہدیدار اور ملازمین اس جنگل کی تلاشی مہم میں مصروف ہیں۔

نوٹ : اس خبر کیساتھ لگائی گئیں چیتا کی دونوں تصاویر ” فائل فوٹوز ” ہیں ،اور مہلوک بکریوں کی تصویر تازہ ہے۔