ریاست تلنگانہ میں دسویں جماعت کےسالانہ امتحانات منسوخ اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات ملتوی
حیدرآباد :15۔اپریل (سحر نیوزڈاٹ کام)
ملک اور ریاست میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے معاملات کے پیش نظر حکومت تلنگانہ نے ریاست میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کو منسوخ کردیا ہے ان امتحانات کا 17مئی سے انعقاد عمل میں لایا جانے والا تھا۔
اس سلسلہ میں آج شام چترا رام چندرن ،اسپیشل چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ میمو نمبر2881 جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی جاریہ وباء کے باعث کل 14 اپریل کو سی بی ایس ای کی جانب سے دسویں جماعت کے امتحانات کی منسوخی اور بارہویں جماعت کے امتحانات کو ملتوی کردینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ریاست میں دسویں جماعت کے ان طلبہ کی ابجکٹیو معیار کے تحت کامیابی کا اعلان کیا جائے گا جسے ایس ایس سی بورڈ تلنگانہ تیارکرکے جاری کرے گا۔اور اس کے ذریعہ دئیے جانے والے نشانات سے اگر کوئی طالب علم مطمئین نہیں ہوگا تو جب حالات معمول پر آجائیں گے تب اس طالب علم کیلئے امتحان میں شرکت کا نظم کیا جائے گا۔
دوسری جانب امتحانات کے انعقاد یا ملتوی کے فصیلہ کی غرض سے آج ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے محکمہ تعلیمات کے اعلیٰ عہدیداروں کیساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں کورونا وائرس کی بڑھتی وباء اور امتحانات کو لیکر طلبہ کے والدین اور سرپرستوں میں پیدا شدہ تشویش کو دیکھتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں دسویں جماعت کے امتحانات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وہیں انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کیلئے آن لائن کلاسیس کی 30 اپریل تک توسیع کرنے اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اس خبر کے لکھے جانے تک موصولہ اطلاع کے مطابق حکومت تلنگانہ نے انٹرمیڈیٹ سال اول کے طلبہ کے امتحانات کو بھی منسوخ کرتے ہوئے ان طلبہ کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے!!