بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کو ایک سال جیل کی سزا

بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کو ایک سال جیل کی سزا

حیدرآباد: 29۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام) 

بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ لودھ کومعززسیشن جج ، نامپلی کورٹ نے پولیس پر حملہ کے جرم میں آج ایک سال جیل کی سزا کا فیصلہ صادر کیا ہے۔ اس کیس کی تفصیلات کے بموجب 12 ڈسمبر 2015ء کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی ،عثمانیہ یونیورسٹی نے "بیف فیسٹول” کا اہتمام کیاتھا جس کے خلاف بی جے پی کے رکن اسمبلی گوشہ محل،حیدرآباد راجہ سنگھ کے اپنے حامیوں کیساتھ یونیورسٹی پہنچ کراحتجاج کرنے پر اس وقت حالات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے راجہ سنگھ کو گرفتار کرکے بولارم پولیس اسٹیشن منتقل کیا تھا۔

گرفتاری کی اطلاع پر انکے حامی اور پارٹی کارکن بولارم پولیس اسٹیشن پہنچ کر راجہ سنگھ سے ملاقات کی کوشش پر پولیس نے اجازت نہیں دی تھی جس پر  بی جے پی کے برہم رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اس وقت کے سب انسپکٹر پولیس بولارم ملیش سے بدکلامی کرتے ہوئے انہیں سخت عواقب و نتائج کی دھمکی دی تھی!

جس پر پولیس نے راجہ سنگھ کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 353 اور 506 کے تحت ایک کیس درج رجسٹر کیا تھا۔ اس کیس کے سلسلہ میں بولارم پولیس نے 2019ء میں عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی جس پر آج فیصلہ سناتے ہوئے معزز سیشن جج نے رکن اسمبلی  بی جے پی راجہ سنگھ کو ایک سال جیل کی سزا کا فیصلہ سناتے ہوئے راجہ سنگھ پر پانچ ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

بعدازاں عدالت نے راجہ سنگھ کی سزا پر عمل آوری کو روکتے ہوئے انہیں ایک ماہ کیلئے ضمانت منظور کی امکان ہیکہ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ اس سزا کے خلاف اندون ایک ماہ ریاستی ہائیکورٹ سے رجوع ہونگے !