لندن کے ٹاور برج پر افطار کے وقت گونجی مغرب کی اذان

لندن کے ٹاور برج پر افطار کے وقت گونجی مغرب کی اذان

لندن: 10۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

لندن کا ٹاور برج اس وقت اذان کی سحرانگیز آواز سے گونج اٹھا جب رمضان کے آخری جمعہ کا سورج غروب ہونے پر ایک برطانوی مسلم شہری نے اذان دی۔

نیوزایجنسی کی اطلاع کے مطابق قاضی شفیق الرحمٰن 35سالہ نے بین المذاہب ورچوئل افطار کے موقع پرمسجد الحرام کے موذن شیخ علی احمد ملا کے انداز میں سفید توب اور سعودی لباس پہنے ہوئے اذان دی اور یہ انداز انہوں نے بچپن سے ہی سیکھ رکھا تھا۔

احمد ملا 1975 ءسے مسجد الحرام میں اذان دے رہے ہیں اور ان کی آواز تمام مسلمان ممالک کے لیے جانی پہچانی ہے ،چاہے وہ مکہ گئے ہوں یا نہ گئے ہوں۔

برطانیہ کے شہر لندن کے ٹاور برج پر ہونے والی یہ اذان ٹاور ہیملٹس ہومز، مشرقی لندن،مسلم سنٹر اور ہیملٹس کے انٹرفیتھ فورم کے زیراہتمام ہونے والے افطار کے موقع پر روزہ کھولنے کا اعلان تھا۔شفیق الرحمٰن نے بعدازاں کہا کہ انہیں دنیا کے مشہور لندن ٹاور پر اذان دینے پر اطمینان محسوس ہوا۔

برطانیہ کے شہر لندن کے ٹاور برج پر اذان کا مسحور کن منظر : (ویڈیو)

انہوں نے کہا کہ میں ایک عام انسان ہوں اور یہ موقع میرے لیے باعث عزت افزائی ہے۔

شفیق الرحمٰن نے اس امید کااظہار کیا کہ انہیں دنیا کے دیگر اہم مقامات پر بھی اذان دینے کا موقع ملے گا تاہم ان کی دلی خواہش ہے کہ وہ ابوظہبی کی زید گرانڈ جامع مسجد میں اذان دیں۔

شفیق الرحمٰن 20 سال سے اذان دیتے آ رہے ہیں تاہم یہ دوسرا موقع ہے کہ انہوں نے لندن کے ایک اہم مقام پر اذان دی ہے۔

شفیق الرحمٰن نے گزشتہ سال لندن کے کاروباری ضلع کناری وارف میں اذان دی تھی جس کی ویڈیو لاکھوں کی تعداد میں سوشیل میڈیا پر
وائر ل ہوئی تھی۔