چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش، پیرپھسل کر گرجانے والی خاتون کی آرپی ایف خاتون کانسٹیبل نے جان بچائی،ویڈیو وائرل

چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش
پیرپھسل کر گرجانے والی خاتون کی آرپی ایف خاتون کانسٹیبل نے جان بچائی
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل،خاتون کانسٹیبل کی ہمت و حوصلہ کی ستائش

ممبئی: 22۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں اور ملازمین پر اکثر تنقید کی جاتی ہے کہ وہ اپنی خدمات کے تئیں تساہلی سے کام لیتے ہیں۔لیکن ریلوے پروٹیکشن فورس (آرپی ایف) کی ایک خاتون کانسٹیبل پر ان دنوں سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمس پر تعریفوں کے پھول برسائے جارہے ہیں۔

جنہوں نے انتہائی چوکسی اور ہمت و حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرین میں سوار ہونے کے دؤران ایک خاتون کے پھسل جانے اور ٹرین کے روانہ ہونے کے دؤران اس خاتون کو ریل کی زد میں آنے سے بچالیا۔

اس خاتون کانسٹیبل کی چوکسی،ہمت اور بہادری کے مظاہرہ پر نہ صرف ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے بلکہ محکمہ پولیس اور سوشل میڈیا صارفین بھی ان کی سراہنا کررہے ہیں۔

سنٹرل ریلوے کی جانب سے اس کے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا گیا ہے جو کہ 21 اکتوبر کا ملک کی معاشی راجدھانی ممبئی کے "سندھرسٹ روڈ ریلوے اسٹیشن” کا ہے۔

 

اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق سندھرسٹ روڈ ریلوے اسٹیشن سے بادلہ پور جانے والی لوکل ٹرین جو کہ روانہ ہونے کے لیے تیار تھی کی خواتین کی جنرل بوگی میں سوار ہونے کی کوشش میں ایک 50 سالہ خاتون مسافر کا پیر پھسل گیا اسی دؤران ٹرین نے رفتار پکڑ لی اور یہ خاتون ٹرین کی بوگی کے ہینڈل پکڑ کر رینگتی رہی۔

اس سے پہلے کہ یہ خاتون مسافر نیچے گرکر اس ٹرین کی زد میں آجاتی وہیں پلیٹ فارم پر تھوڑے سے فاصلے پرکھڑی ہوئیں چوکس ریلوے پروٹیکشن فورس (آرپی ایف) کی ایک خاتون کانسٹیبل ” سپنا گولکر ” جو شاید اس پیش آنے والے واقعہ کو پہلے ہی بھانپ چکی تھیں انتہائی پھرتی کے ساتھ دؤرتی ہوئیں اس خاتون تک پہنچ گئیں اور اس خاتون کو کھینچ کر ان کی جان بچالی۔

ممبئی کے سندھرسٹ روڈ ریلوے اسٹیشن میں پیش آنے والا یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا جسے سنٹرل ریلوے نے اپنے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل پر پوسٹ کیا اور وہاں سے یہ ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر وائرل ہوگیا۔ 

اس حادثہ کے فوری بعد پلیٹ فارم سے روانہ ہوچکی ٹرین کو روک دیا گیا اور فوری چند مسافر ٹرین سے اتر کر اور پلیٹ فارم پر موجود افراد دؤڑتے ہوئے کانسٹیبل اور اس خاتون تک پہنچے۔

بعد ازاں اس خاتون کو بینچ پر بٹھایا گیا جس پر ہیبت طاری تھی۔ سب نے مل کر جہاں اس متاثرہ خاتون کو ہمت دی وہیں اس خاتون کی جان بچانے پر ریلوے پروٹیکشن فورس (آرپی ایف) کی خاتون کانسٹیبل ” سپنا گولکر ” کی خوب ستائش کی۔