وقارآبادضلع میں زبردست بارش: ندی میں بہہ جانے والے نوجوان کی نعش دستیاب،ضلع میں 946 ملی میٹر بارش ریکارڈ

وقارآباد ضلع میں زبردست بارش
ندی میں بہہ جانے والے نوجوان کی نعش دستیاب
ضلع میں 946 ملی میٹر بارش ریکارڈ

وقارآباد:28۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

گلاب طوفان کے اثر سے ضلع وقارآباد کے مختلف مقامات پر بھی گزشتہ دو دنوں سے دھواں دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔تمام ذخائر آب لبریز ہوگئے ہیں۔وہیں کل پیر کی شام سے ضلع میں ہونے والی شدید بارش کے باعث کئی ندیاں اپنی سطح آب سے اوپر بہہ رہی ہیں جس کے باعث کئی مواضعات کے درمیان ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا ہے۔

جاریہ ماہ ضلع کی مختلف ندیوں میں پانچ افراد کے بہہ جانے کے واقعات کے پیش نظر کل رات سے محکمہ مال کے عہدیداران اور ملازمین پولیس ضلع کی ندیوں کی دونوں کی جانب نگرانی پر مامور کیے گئے تھے کہ ندیوں کی سطح سے اوپر بہنے والے پانی میں سے کسی کو بھی گزرنے سے روکا جائے۔

پلسو مامڑی ندی کا بریج۔

تاہم وقارآباد گزشتہ رات منڈل کے پلسو مامڑی موضع کی ندی میں پلسو مامڑی موضع کے ساکن اسحاق پاشاہ 28 سالہ اپنی موٹرسیکل کے ساتھ بہہ گئے۔

اس واقعہ کی اطلاع پر رات ہی ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔نارائنا،ڈی ایس پی وقارآباد سنجیواراؤ ندی پر پہنچ گئے  رات ہونے کے باعث تلاشی مہم روک دی گئی تھی۔

آج ندی کی تلاشی کے دؤران اسحاق پاشاہ کی موٹرسیکل اور رین کوٹ برآمد ہوئے بعدازاں ان کی نعش نواب پیٹ منڈل کے چنچل پیٹ اور عطاپور کے درمیان ندی سے برآمد ہوئی۔بعد پنچنامہ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم وقارآباد کے ایریا ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اس واقعہ کے خلاف موضع پلسومامڑی کے نوجوانوں نے وقارآباد میں احتجاج کرتے ہوئے رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند کے خلاف نعرے لگائے ان کا الزام تھا کہ شکستہ پلوں اور سڑکوں کی مرمت نہ کرنے کے باعث ہی یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ رکن اسمبلی وقارآباد نے پلسومامڑی ندی پہنچ کر اس بریج کا مشاہدہ کیا جہاں رات اسحاق پاشاہ اس ندی میں بہہ گئے تھے۔

عہدیداروں کے بموجب اسحاق پاشاہ موضع پلسومامڑی کے وارڈ نمبر سات کے رکن تھے اور کل رات موٹرسیکل پر حیدرآباد سے واپس ہونے کے دؤران پلسومامڑی کی ندی اپنی سطح سے اوپر بہہ رہی تھی جہاں پہرہ دے رہے پولیس اور محکمہ مال کے ملازمین کی جانب سے روک دئیے جانے کے باؤجود انہوں نے موٹرسیکل پر ندی پار کرنے کی کوشش کی اور بہہ گئے!!

ضلع وقارآباد میں آج صبح ساڑھے آٹھ بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دؤران 946 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس بارش کے باعث پہلے ہی سے خراب سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔