تلنگانہ میں شدید بارش کے پیش نظر 28 ستمبر کو تمام تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر کو تعطیل
تمام خانگی اداروں کو بھی تعطیل،حکومت کا اعلان، چیف سیکریٹری کا حکمنامہ جاری
حیدرآباد؍رنگاریڈی؍وقارآباد:
27۔ستمبر(سحر نیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں گلابی طوفان کے اثرات سے جاری شدید بارش اور آئندہ دو دنوں کے دؤران مزید شدید بارش کی پیش قیاسی کو دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے آج رات اعلان کیا ہے کہ کل 28 ستمبر بروز منگل ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی انتظامیہ کے تعلیمی اداروں، تمام سرکاری اور خانگی اداروں کو تعطیل رہے گی۔
اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی جانب سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ دی گئی ہدایت کے بعد ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے احکام جاری کیے ہیں۔

حیدرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں جاری شدید بارش کے پیش نظر قبل ازیں اضلاع وقارآباد اور رنگاریڈی کے ڈی ای اوز نے آج رات جاری کردہ اپنے علحدہ علحدہ اعلانات میں کہا ہے کہ جاریہ بارش کے پیش نظر ضلع کلکٹران وقارآباد اور رنگاریڈی کی ہدایت پر کل بروز منگل 28ستمبر کو اضلاع وقارآباد اور رنگاریڈی میں موجود تمام سرکاری اور خانگی اسکولس بند رہیں گے۔
اس سلسلہ میں تمام اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کل اسکولس کی تعطیل کا اعلان کریں۔

