کوویڈ سے فوت افراد کی بلا مذہبی تفریق آخری رسومات کی ا دائیگی انسانی خدمات کی اعلیٰ مثال : صدرنشین بلدیہ تانڈور

کوویڈ سے فوت افراد کی بلا مذہبی تفریق آخری رسومات کی ادائیگی انسانی خدمات کی اعلیٰ مثال

تانڈور یوتھ ویلفیئر کی خدمات قابل ستائش،صدرنشین بلدیہ نے ٹیم کو تہنیت پیش کرتے ہوئے 25 ہزارروپئے کاعطیہ دیا

تانڈور۔29۔اپریل(سحرنیوز ڈاٹ کام)

تانڈور یوتھ ویلفیئر گزشتہ سال کوروناوائرس کے آغاز کے بعد سے آج تک تانڈورمستقر کے علاوہ اطراف و اکناف کے مواضعات کے بشمول ضلع محبوب نگر کے کوسگی اور وقارآباد ضلع کے دھارور تک پہنچ کر بلاء خوف و خطر کوویڈ سے فوت ہونے والوں کی بلاء مذہبی تفریق تدفین اور آخری رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہے۔

آج اس سلسلہ میں صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل اور انکے شوہر تاٹی کونڈا پریمل نے اپنی رہائش گاہ پر تانڈور یوتھ ویلفیئر اور حالیہ تشکیل شدہ مہاسیوا کے ذمہ داران اور ارکان کو شال پوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی۔

اس موقع پر صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے تانڈور یوتھ ویلفیئر کی ایک سالہ خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ نازک حالات میں بھی بلاء مذہبی تفریق کوویڈ سے فوت ہونے والوں کی انکے مذہبی طریقہ سے آخری رسومات انجام دینے میں مصروف ہیں اور یہ انسانی خدمات کی ایک اعلیٰ مثال ہے کیونکہ مرنے والوں کے رشتہ دار، دوست احباب تک کوویڈ کے خوف سے آخری رسومات کی ادائیگی میں پش و پیش کررہے ہیں۔

اپنی نم آنکھوں کے ساتھ صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کہا کہ اس وبا نے ان کے بھی دو عزیزوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اس لیے وہ اُن خاندانوں کے دکھ، درد اور غموں کو اچھی طرح سمجھتی ہیں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو اس وبا میں کھویاہے۔

صدر نشین بلدیہ نے کہا کہ طاقت اور قدرت رکھنے کے باوجود لوگ اپنے عزیزوں کی نہ تیماداری کرپارہے ہیں اور ان کی کوئی خدمت کرنے سے بھی قاصر ہیں اور ایسے ماحول میں تانڈور یوتھ ویلفیئر کی جانب سے بلاتفریق مذہب و ملت اگر یہ خدمت انجام دے رہے ہیں تو اس سے بڑی اور کیا بات ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تانڈور یوتھ ویلفیئر موجودہ نفسانفسی کے ان حالات میں بھی بلاء مذہبی تفریق کوویڈ سے فوت ہونے والوں کی انکے مذہبی طریقہ سے آخری رسومات انجام دینے میں مصروف ہے اور یہ انسانی خدمات کی ایک اعلیٰ مثال ہے کیونکہ مرنے والوں کے رشتہ دار،دوست اور احباب تک کوویڈ کے خوف سے آخری رسومات کی ادائیگی میں پش و پیش کررہے ہیں اور ایسے میں مہا سیوا کا قیام اور تانڈور یوتھ ویلفیئر کیساتھ ملکر ان خدمات کی انجام دہی لائق ستائش ہے اس سے ایک اچھا پیغام بھی جائے گا۔

صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کورونا وائرس سے ہونے والی اموات پر بھی افسوس اور غم کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کوویڈ سے تحفظ کیلئے حکومت اور طبی ماہرین کی جانب سے دئیے جارہے مشوروں پر سختی کیساتھ عمل کریں،ماسک کا استعمال لازمی طورپر کریں ،سماجی فاصلہ پر خاص دھیان دیں۔

 گوپال کرشنا نے اس موقع پر کہا کہ سیدکمال اطہر اور مولانا سہیل احمدعمری کی تانڈور یوتھ ویلفیئر ٹیم کی خدمات سے متاثر ہوکر ہی انہوں نے بھی اسی کام کی غرض سے ” مہاسیوا ” کے نام سے ایک ٹیم تشکیل دی ہے اور سیدکمال اطہر کی رہنمائی میں ملکر کام کررہے ہیں۔

اس موقع پر سید کمال اطہر نے اس کام کے دؤران ان کی ٹیم کو درپیش دشواریوں کا تذکرہ کیا تو صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈاسواپنا پریمل نے جے سی بی مشین کی خدمات بلدیہ کی جانب سے مفت فراہم کرنے کا تیقن دیا اور ساتھ ہی پی پی کٹس ارو دیگر احتیاطی مواد کی خریداری کیلئے 25 ہزار روپیوں کی اعانت بھی پیش کی۔

اس موقع پر تانڈور یوتھ ویلفیئر کے ذمہ دار مولانا سہیل احمدعمری کے علاوہ تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا کے ارکان اصغرحسین شاہی پور،نذیراحمد ایمبولنس سرویس،حافظ محمد توفیق،انجینئرمحمدعلی، گوپال کرشنا،اویناش باگرے،سری سیلم یادو،سندیپ گونور،انکِت،چنٹی اور رمیش ٹیلر موجود تھے۔