تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے طارق انصاری موزوں شخصیت
آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کا تہنیتی جلسہ، آصف پاشاہ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد: 10/جون (ای۔میل/سحر نیوز)
تلنگانہ حکومت کی جانب سے اقلیتی کمیشن کےچیئرمین کی حیثیت سےطارق انصاری جیسے نوجوان،حرکیاتی اور بے لوث شخصیت کا انتخاب انتہائی موزوں ہے۔اقلیتوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے ان کے حل اور انصاف کے لیے قانون سے واقفیت رکھنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ان خیالات کا اظہار جناب آصف پاشاہ سابق وزیر و صدر آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی نے آج علی گڑھ کلب حیدرآباد میں آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ چیئرمین تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری کی تہنیتی تقریب سے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی کمیشن کے چیئرمین کا عہدہ گذشتہ دوسال سےمخلوعہ تھا جب اتنی قابل شخصیت موجود تھی تو ان کا انتخاب کیوں کر عمل میں نہیں لایا گیا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اقلیتوں کے مسائل کے حل اور ان کو انصاف دلانے میں طارق انصاری اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیں گے۔

قبل ازیں چیئرمین تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سنہری تلنگانہ کے مقبول وزیر اعلی کے۔چندرا شیکھر راو نے میری عوامی خدمات کے پیش نظر اقلیتی کمیشن کے چیئرمین کی یہ ذمہ داری تفویض کی ہے۔میرا فرض ہےکہ میں وزیراعلی کےاعتماد اور بھروسہ کو قائم رکھتے ہوئے بلالحاظ مذہب و ملت تلنگانہ کےعوام کی خدمت کروں اور اقلیتی کمیشن سے جوکچھ ممکن ہوسکتا ہے عوام کے مفاد میں کام کروں۔انہوں نے آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ پروگرام ترتیب دیا۔

اس تہنیتی جلسہ کو جناب سید انوار الہدیٰ سابق آئی پی ایس آفیسر (ڈی جی پی)نےبھی خطاب کرتےہوئے کہاکہ اقلیتی کمیشن کےچیئرمین کا عہدہ بہت بڑی ذمہ داری ہے۔اس میں سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنا پڑتاہے۔طارق انصاری کا انتخاب اس عہدہ کے لیے سوچ سمجھ کر ان کی شخصیت کو پرکھ کر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ طارق انصاری کا سیاسی سفر کافی طویل ہے، جنہوں نے تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور طویل سماجی خدمت کا ان کا اپنا ایک ریکارڈ ہے اور ان کا انتخاب درست فیصلہ ہے۔اس موقع پر انہوں نے طارق انصاری کو کمیشن سے متعلق چند اہم باتوں سے واقف کر وایا اور سب کو ساتھ لے کر چلنے اور عوام کی خدمت کرنے کا مشورہ دیا۔
جناب آصف پاشاہ اور جناب سید انوارالہدیٰ نے چیئرمین تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری کو یادگارمومنٹو پیش کیا اور ان کی شال پوشی کی۔

ایم ایس فاروق جنرل سکریٹری نے اقلیتوں کے تعلیمی مسائل سے متعلق چند تجاویز پیش کیں جس میں اقلیتی ایکٹ، نمائندہ ایکٹ،اسکولی تعلیم سے اعلی تعلیم کے لیے مشیروں کے پینل اور کور کمیٹی کا قیام شامل ہے۔
قبل ازیں اس جلسہ کو ڈاکٹر ناظم علی،خلیل الرحمن،طاہر فراز،بشیر الدین فاروقی، انعام الرحمن،سید سعادت نے بھی مخاطب کیا۔پروگرام کا آغاز طاہر فراز کی تلاوت قرآن سے اور اختتام سلیم باشاہ کےشکریہ پر ہوا۔اس تقریب کی نظامت کے فرائض ایم ایس فاروق نے انجام دئے۔


