سی بی آئی نے سمیر وانکھیڈے پر منشیات معاملہ میں آریان خان کومجرم نہ ٹھہرانے کے لیے
25 کروڑ روپے کی رشوت طلب کرنے کا مقدمہ درج کیا، 50 لاکھ حاصل کیے گئے تھے
نئی دہلی : 12/مئی
(سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)
سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن(سی بی آئی) نے جمعہ کو نارکوٹکس کنٹرول بورڈ (این سی بی ) ممبئی کےسابق عہدیدار سمیر وانکھیڑے کے خلاف رشوت کا مقدمہ درج کیا ہے۔جنہوں نے اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو دو سال قبل مبینہ ڈرگ آن کروز کیس میں گرفتارکیا تھا۔
سی بی آئی کے عہدیداروں نے بتایاکہ سمیر وانکھیڈے اور دیگر نے مبینہ طور پر آریان خان کو منشیات کے الزام میں ملوث نہ کرنےکےلیے 25 کروڑ روپے کی رشوت طلب کی تھی۔تفتیشی ایجنسی نے ممبئی، دہلی، رانچی اور کانپور میں تلاشی لی۔ایک اطلاع میں بتایا جارہا ہے کہ اس معاملہ میں سی بی آئی نے 29 مقامات کی تلاشی لی ہے۔
وانکھیڈے نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی )کے ممبئی زونل چیف تھے جب انہوں نے 3 اکتوبر 2021 کو ممبئی۔گوا کروز (کشتی) پر ممبئی شہر کے ساحل سے دور دھاوہ منظم کرتے ہوئے اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان سمیت ان کےساتھیوں کو گرفتار کیا تھا۔جس کے بعد 23 سالہ آریان خان نے چار ہفتے جیل میں گزارے تھے۔تاہم آریان خان کو مئی 2022 میں انسداد منشیات ایجنسی نے ثبوت کی کمی کی وجہ سے تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔
اس سے پہلے،انسداد منشیات ایجنسی کےذریعہ قائم کردہ ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے دعوی کیا تھاکہ سمیر وانکھیڈےکی قیادت میں تحقیقات میں کوتاہی ہوئی ہے۔اور وانکھیڈے کا تبادلہ گزشتہ سال مئی میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹیکس پیئر سروسز چنئی میں کیا گیا تھا۔
دی ٹریبیون کی رپورٹ کےمطابق جمعہ کوممبئی، دہلی، رانچی،لکھنؤ، گوہاٹی اور چنئی میں 29 مقامات پر 2008 بیاچ کے آئی آر ایس افسر وانکھیذے اور چار دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ایک مربوط تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تھا۔اس وقت این سی بی کے سپرنٹنڈنٹ وشوا وجے سنگھ، انٹلی جنس افسر آشیش رنجن اور دو پرائیویٹ افراد کے پی گوساوی اور سانویل ڈی سوزا اس کیس میں ملوث تھے۔
سی بی آئی کے ترجمان نے بتایا کہ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے سمیر وانکھیڈے اور دیگر کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی شکایت پرمبینہ مجرمانہ سازش (120-بی آئی پی سی)،بھتہ خوری کی دھمکی (388 آئی پی سی) کےعلاوہ بدعنوانی کی روک تھام کےقانون کے تحت رشوت خوری سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی نے الزام عائد کیاکہ این سی بی ممبئی زون کو اکتوبر 2021 کے دوران ایک نجی کروز جہاز پر مختلف افراد کی جانب سے منشیات کے استعمال اور قبضے سے متعلق اطلاعات ملی تھیں۔

سی بی آئی کے ترجمان کےمطابق مذکورہ افراد نے این سی بی،ممبئی کے مقدمہ نمبر 94/2021 کےمبینہ ملزمین کے اہل خانہ(آریان خان کے والد شاہ رخ خان) سے سمیر وانکھیڈے نے زائداز 25 کروڑ روپے کی رقم بٹورنے کی سازش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد کی جانب سے مبینہ طور پر اس سازش کے تحت 50 لاکھ روپے کی ٹوکن رقم بطور رشوت حاصل کی گئی۔
” سارے واقعات کی کہانی ، نامور صحافی اجیت انجم کی زبانی "
https://www.facebook.com/AnjumAjit/videos/3166194107006171
” یہ بھی پڑھیں "
شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان اور دیگر سات افراد سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی پوچھ تاچھ
شاہ رخ خان کےفرزند آریان خان کو بمبئی ہائی کورٹ سے ملی ضمانت،کل ملے گی رہائی

