بی جے پی ایم پی پرگیہ ٹھاکر دوبارہ بیمار،علاج کیلئے خصوصی طیارہ کے ذریعہ ممبئی منتقل
نئی دہلی 6۔مارچ (ایجنسیاں/سحر نیوزڈاٹ کام)
رکن پارلیمان بھوپال ،مدھیہ پردیش پرگیہ سنگھ ٹھاکر آج شام خصوصی طیارہ کے ذریعہ علاج کی غرض سے ممبئی منتقل کردی گئیں جب انہوں نے سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔بعد ازاں انہیں ممبئی کے کوکیلا بین ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ہے۔
اندرون ایک ماہ وہ دوسری مرتبہ ہاسپٹل کو منتقل کی گئی ہیں اس سے قبل 19 فروری کو بھی ایسی ہی شکایت پر انہیں نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (ایمس ) میں داخل کروایا گیاتھا۔
قبل ازیں ڈسمبر 2020ء میں انہیں کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے بعد نئی دہلی کے ایمس میں ہی داخل کروایا گیا تھا ۔یاد رہے کہ بھوپال کی رکن پارلیمان سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر جو کہ 2008ء میں مالیگاؤں بم دھماکوں کی ملزمہ بھی ہیں جس میں دس افراد ہلاک ہوگئے تھے اس معاملہ میں انہیں گرفتار کیا کرتے ہوئے جیل میں رکھا گیا تھا تاہم 2017ء میں سی بی آئی عدالت نے انہیں خرابی صحت کی بنیاد پر ضمانت پر رہا کیاتھا۔
بعد ازاں 2019ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے انہیں مدھیہ پردیش کے حلقہ لوک سبھا بھوپال سے اپنا امیدوار بنایا جس میں پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے اپنے مخالف امیدوار سابق وزیر اعلیٰ مدھیہ پردیش،سابق رکن پارلیمان و سینئر کانگریسی لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کو 3 لاکھ 60 ہزار ووٹوں کی بھاری اکثریت سے شکست سے دوچار کرتے ہوئے لوک سبھا میں داخل ہوئیں۔اور یہ ملک کا پہلا واقعہ تھا کہ دہشت گردانہ واقعہ کی ایک ملزمہ رکن لوک سبھا منتخب ہوگئیں!
رکن پارلیمان بھوپال پرگیہ سنگھ ٹھاکر ہمیشہ اپنے متنازعہ بیانات کے ذریعہ سرخیوں میں رہی ہیں انہوں نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو سچا دیش بھگت قرار دیا تھا وہیں 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے پاکستان کے دہشت گردانہ حملہ میں شہید ہونے والے اے ٹی ایس سربراہ ہیمنت کرکرے کی شہادت کو ان کی بددعا کا نتیجہ قرار دیا تھا اپنی ہی پارٹی کے چند سینئر قائدین کی جانب سے اور چوطرفہ اس ریمارک کی مذمت کے بعد انہوں نے اپنے اس بیان پر معافی بھی مانگ لی تھی۔

