بی جے پی اس ملک کے لیے ایک نحوست،تلنگانہ کی ترقی ان سے برداشت نہیں ہورہی
وزیراعلیٰ کو واقف کرواکر ہی دہلی کے دلالوں کے لیے جال بچھایا گیا تھا
میں نے کروڑہا روپئے اور عہدوں کا لالچ ٹھکرادیا، میں بِکنے یا جھکنے والا نہیں ہوں
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کا دؤرہ تانڈور،استقبالیہ ریالی اور تقریب سے خطاب
وقارآباد/تانڈور: 21۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

ملک بھر میں کہرام مچانےوالے حیدرآباد کےمضافاتی علاقہ معین آباد کے فارم ہاؤز میں 26 اکتوبرکو تین ایجنٹوں کی جانب سے(جن پر الزام ہے کہ وہ بی جے پی کے ایجنٹ ہیں) کی جانب سے برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کی خریدی کے معاملہ کا پردہ فاش کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہوئے ریاست اور ملک کے ساتھ ساتھ خود ٹی آر ایس پارٹی کےعلاوہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بننے والے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہاہے کہ بی جے پی اس ملک اور اس ملک کےعوام کےلیے ایک بددعا اور نحوست ہے اور بی جے پی قیادت سے ریاست تلنگانہ کی ترقی دیکھی نہیں جارہی ہے۔اسی لیے اس نے بشمول ان کے ٹی آر ایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی تھی۔
پائلٹ روہت ریڈی نے انکشاف کیاکہ وزیراعلیٰ کے سی آر کو واقف کروانے کےبعد ہی ارکان اسمبلی کو خریدنے کی غرض سے دہلی سے آئے ہوئے دلالوں کورنگے ہاتھوں پکڑوانے کے لیے پولیس کی مدد سے جال بچھایا گیاتھا،جو آج جیل میں ہیں۔
اس واقعہ کے 20 دن بعد رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے پہلی مرتبہ گزشتہ رات اپنے اسمبلی حلقہ تانڈور کادؤرہ کیا۔جنہیں اس واقعہ کےبعد ریاستی حکومت کی جانب سے سخت سیکورٹی اور بلٹ پروف گاڑی فراہم کی گئی ہے۔
رکن اسمبلی کی تانڈور آمد پر پارٹی قائدین اور کارکنوں کی جانب سے شاندارخیرمقدم کیاگیا،آتشبازی کی گئی اور ریالی منظم کی گئی۔بعدازاں بھدریشور چوک پرصدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو کی صدارت میں منعقدہ عوامی استقبالیہ تقریب سےرکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی خطاب کررہے تھے۔
اپنے پرجوش خطاب میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کو متزلزل کرنے کی غرض سے ہی بشمول ان کے دیگر تین ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی گئی تھی۔انہوں نے گرفتار شدہ تینوں ایجنٹوں کو مرکزی کتے قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں کروڑہا روپیوں کے ساتھ مرکزی عہدہ اور وائی زمرہ کی سیکورٹی فراہم کرنے کا لالچ دیا گیا تھا۔
رکن اسمبلی تانڈور نے کہا کہ اس پیشکش اور سازش سے وزیراعلیٰ کے سی آر کو واقف کروایا گیاتھا۔اور منصوبے کے تحت ان تین ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ اب یہ معاملہ عدالت میں زیر دؤراں ہے تو وہ مزید کچھ بھی نہیں کہیں گے۔
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نےاپنےخطاب میں الزام عائد کیاکہ بی جے پی نے جس طرح ملک کی 9 ریاستی حکومتوں کو گراکر اقتدار پر قبضہ کیاتھا اسی طرز پر ارکان اسمبلی کی خریدوفروخت کے ذریعہ تلنگانہ میں بھی ٹی آر ایس حکومت کو گرانے کی سازش کی تھی۔جبکہ وزیراعلیٰ کے سی آر نے 8 سال کے دؤران تلنگانہ کو ملک کی نمبر ون ریاست بنادیا ہے اور اب بی آر ایس کے ذریعہ قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے والے ہیں۔انہوں نے ریمارک کیا کہ بی جے پی کے شکاری کتے خود شکار ہوگئے اور اب چنچل گوڑہ جیل میں انہیں تلنگانہ کی روٹی کھلائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف تانڈور کے عوام کی تائید ، حمایت اور ہمت کے بل پر ہی وہ کرپائے ہیں-
اس تہنیتی تقریب سےاپنے خطاب میں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی مدد اور خصوصی دلچسپی سے تانڈور کی مزید بہتر ترقی کو یقینی بنایا جائے گا اور کوٹ پلی،شیواساگر پراجکٹ کے کاموں کی تکمیل کی جائے گی،تانڈور میں سب کورٹ قائم کیا جائے گا،ہر گرام پنچایت کو 50 لاکھ روپئے اور تانڈور کےفی بلدی حلقہ کی ترقی کےلیے ایک کروڑروپئے جلدہی حکومت کی جانب سےمنظور کیے جانے والے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات کے دوران تانڈور کو فضائی آلودگی سے پاک کرنے کا انہوں نے وعدہ کیا تھا اس سمت میں کاموں کا آغازہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شروعات میں پارلیمانی،ضمنی،بلدی اور پنچایت انتخابات اور کوویڈ وباءکے باعث ڈھائی سال تک ترقیاتی کام رک گئے تھے۔انہوں نے اعلان کیا کہ اب تانڈور کی تیزرفتار ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے اقدامات کئے جائیں گے۔اور تانڈور کو ایک مثالی ٹاون میں تبدیل کیا جائے گا۔

اپنے خطاب میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہاکہ ارکان اسمبلی کی خریدی کے معاملہ میں ان کی شبیہ خراب کرنے کے لیے ہر کوشش کی گئی۔انہیں فرقہ پرست کہا گیا اور کروڑوں روپیوں میں فروخت ہونے وا لا ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ان کے خلاف مہم چلاتے ہوئے مقامی عوام کو ان سے بدظن کرتے ہوئے ان سے دور کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی کتنی ہی سازشیں کرلیں وہ جھکیں گے نہیں اور تانڈور کے عوام کے جذبات اور ان کی امیدوں کو وہ کبھی بھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

اس ریالی اور استقبالیہ تقریب میں صدر ضلع لائبرریز راجوگوڑ،نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا نرسملو،صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،صدر اردو گھر و شادی خانہ عبدالرزاق،ٹی آر ایس قائدین پٹلولا نرسملو،بنٹارم سدھاکر،سابق رکن بلدیہ محمدعرفان،سرینواس چاری،ارکان بلدیہ مختار احمد ناز،محمد اسلم،وجیہ دیوی،سنگیتا ٹھاکر،منکالا راگھویندر۔امتیاز بابا،سنتوش گوڑ کے علاوہ دیگر ٹی آرایس قائدین شریک تھے۔

