این آئی اے نے ملک میں دہشت پھیلانے کی داعش کی سازش کے خلاف
ملک کی 6 ریاستوں کے 13 شہروں میں دھاوے منظم کیے
نئی دہلی:31۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے آج اتوار کو ملک میں دہشت پھیلانے کی اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس آئی ایس،داعش) کی سازش سے متعلق دو کیسوں کے سلسلہ میں ملک کی 6 ریاستوں کے 13 مقامات پر تلاشی لی۔
این آئی اے نے آئی ایس آئی ایس کی سرگرمیوں سےمتعلق معاملے میں 6 ریاستوں مدھیہ پردیش،گجرات،بہار،کرناٹک،مہاراشٹرا اور اترپردیش کے 13شہروں کے مشتبہ مقامات پر یہ دھاوے منظم کیے ہیں۔
جن میں مدھیہ پردیش کے بھوپال اور ضلع رائسین،گجرات کے بھروچ،سورت،نوساری اور احمدآباد، بہارکے ارریہ،کرناٹک کے ٹمکور اوربھٹکل، مہاراشٹراکے کولہا پور اور ناندیڑ اور اترپردیش کا دیوبند ضلع شامل ہے۔اس سلسلہ میں این آئی اے کے ذریعہ 25 جون کو آئی پی سی کی دفعات 153A اور 153B اور UA(P) ایکٹ کی دفعہ 18، 18B، 38، 39 اور 40 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ان دھاوؤں میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے کہا ہے کہ تلاشی کے دؤران مجرمانہ دستاویزات/مواد کو ضبط کیا گیا ہے۔این آئی اے کے بیان میں کہا گیا کہ آج کی گئی تلاشی کے نتیجے میں ڈیجیٹل آلات اور مجرمانہ دستاویزات کو ضبط کیا گیا ہے۔
این آئی اے نے اتوار کو کیرالہ کے تریویندرم ضلع میں بھی ایک ساتھک باچاعرف آئی سی اے ایم اے ساتھک کی گرفتاری کے معاملے میں تلاشی لی،جسے جاریہ سال فروری میں تمل ناڈو میں چار دیگر کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔این آئی اے کے مطابق، ملزمان نے عام لوگوں اور پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کی سازش رچی تھی اور 21 فروری 2022 کو ان کی اسکارپیو کار کی چیکنگ کے دوران پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔
انڈین ایکسپریس نے این آئی اے کے بیان کے حوالے سے لکھا ہے کہ ملزمین ہندوستان کے ایک حصے کی علیحدگی کے لیےنفرت بھڑکانےمیں بھی ملوث تھے اور ان کا ارادہ خلافت پارٹی آف انڈیا،خلافت فرنٹ آف انڈیا،انٹلیکچوئل اسٹوڈنٹس آف انڈیا،جیسی تنظیمیں بنا کر ہندوستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو متاثر کرنا تھا۔ان دھاؤوں میں مشتبہ افراد گرفتاریوں کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے!!


