تلنگانہ کے چند اضلاع میں آج سے تین دنوں تک شدیدترین اور دیگر اضلاع میں تیز و موسلادھار بارش کی پیش قیاسی،آرینج اور ایلو الرٹ جاری

تلنگانہ میں آج سے تین دنوں تک شدیدترین بارش کی پیش قیاسی
اضلاع عادل آباد،نرمل،کریم نگرسمیت 9 اضلاع کے لیے آرینج الرٹ
نظام آباد،جگتیال،نلگنڈہ،ورنگل اور جنگاؤں سمیت 11 اضلاع کے لیے ایلو الرٹ

حیدرآباد:18۔جولائی(سحرنیوز ڈاٹ کام)

گزشتہ دس دنوں تک ریاست تلنگانہ شدیدبارش کی لپیٹ میں رہی۔کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال کےباعث کئی علاقےپانی میں محصور ہوگئے۔جہاں سے مکینوں کو بچاؤ ٹیموں نے محفوظ مقامات اور ریلیف کیمپ میں منتقل کیا۔اب بھی چند اضلاع کے ٹاؤنس پانی میں محصور ہیں۔ ریاست کے چند اضلاع میں ہنوز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چند اضلاع میں بارش تھم گئی ہے۔ریاست کے تمام ذخائر آب لبریز ہوگئے ہیں۔ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے وہیں فصلیں بھی زیرآب آگئی ہیں۔

اسی دؤران آج بروز پیر 18 جولائی کو محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہےکہ تین دنوں کے دؤران ریاست تلنگانہ میں دوبارہ شدید بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے اضلاع عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد،منچریال،نرمل،کریم نگر،پیداپلی،جے شنکر بھوپال پلی،ملگ اور بھدردری کوتہ گوم کے لیے 24 گھنٹوں کے دؤران شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے” آرینج الرٹ ” جاری کیا گیاہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق مشرقی ودربھ اور اطراف کے علاقوں میں ہواکے دباؤ میں کمی کا سلسلہ وسیع ہوتاجارہاہے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے اس کےاثرات ریاست تلنگانہ پربھی مرتب ہوں گے اورآئندہ تین دنوں کے دؤران ریاست کے چند اضلاع میں شدید ترین اور چند اضلاع میں تیز و موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

وہیں محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے لیے اضلاع نظام آباد،جگتیال،راجنا سرسلہ،کھمم، نلگنڈہ،سوریا پیٹ،محبوب آباد،ورنگل،ہنمکنڈہ،جنگاؤں،اور یاداری بھونگیر سمیت دیگراضلاع کے لیے شدیدبارش کی پیش قیاسی پرمشتمل”ایلوالرٹ” جاری کیاہے۔تاہم آئندہ 48 گھنٹوں کے دؤران حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور درمیانی بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

دوسری جانب کل اتوار کی رات میں حیدرآبادکے راجندرنگرمیں 35 ملی میٹر اور سیری لنگم پلی میں 26.8 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اتوار کو ریاست میں سب سے زیادہ بارش راجم پیٹ،کاماریڈی میں 113.5 ملی میٹر،گندھاری،کاماریڈی میں 108.8 ملی میٹر اور رام لکشمن پالے،کاماریڈی 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔