وزیراعظم اور وزیراعلیٰ اترپردیش کی تصاویر بنڈی میں منتقل کیے جارہے
کچرے میں سے برآمد،صفائی مزدور خدمات سےمعطل،ویڈیو وائرل
نئی دہلی:17۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
اتر پردیش کے متھرا میں ایک شخص کچرے کی بنڈی دھکیلتے ہوئے جارہاتھا۔اور یہ منظرعام ساتھا لیکن منتقل کیے جارہے اس کچرے کے ڈھیر میں وزیراعظم نریندرمودی اور وزیر اعلیٰ اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی فریم شدہ تصاویرموجود تھیں۔اس واقعہ کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔جس کے بعد میونسپل کارپوریشن متھرا کے اس صفائی ملازم کو اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑگیا۔
وائرل شدہ ویڈیو میں دیکھاجاسکتاہے کہ جب یہ صفائی ملازم اس کچرے سے لدی بنڈی کو ڈھکیل کر لے جارہا تھا تو اسے چند افراد نے روک کر گھیر لیا۔اور اس کچرے کے ڈھیر سے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کی تصاویر نکال کر اس صفائی مزدور سے پوچھا کہ اسےمعلوم بھی ہےکہ یہ کن کن کی تصاویر ہیں؟تب یہ صفائی ملازم کہہ رہا ہے کہ میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔یہ کچرے کی ٹوکری میں تھے لہذا میں نے انہیں اپنی بنڈی میں ڈال لیا۔
ٹوئٹر پر اس واقعہ سے متعلق تین ویڈیوز کوصحافی Piyush Rai@ نے بھی ٹوئٹ کیا ہے۔
اسی ویڈیو میں سناجاسکتا ہے کہ ایک شخص وزیراعظم کی تصویر نکالتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ اس میں اے پی جے عبدالکلام کی تصویر بھی ہے!فوری اس کچرے میں سے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تصاویر نکالی گئیں۔وائرل شدہ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مزید ایسی ہی فریم شدہ دیگر تصاویر بھی ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ راجستھان کے الور کے چند وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے عقیدت مندوں نے اس شخص کو بنڈی ڈھکیل کر لے جاتے ہوئے دیکھا اور اس واقعہ کی ویڈیو لے کراسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا!!۔
بعدازاں وہاں موجود ایک شخص نے ان دونوں تصاویر کو قریب ہی موجود بورویل کے پانی سے دھویا۔ویڈیو لینے والوں نے کہا کہ ہم یہ تصاویر اپنے ساتھ الور لے جا رہے ہیں۔”مودی جی اور یوگی جی اس ملک کی آتما ہیں”۔انہوں نے ان دونوں فریم شدہ تصاویر کو اپنی کار کے عقبی حصہ میں رکھ لیا۔
اس ویڈیو کے وائرل ہوجانے کے بعد ٹوئٹر اور فیس بک پر کئی لوگوں نے اس ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے لکھاہے کہ یہ غلط ہے۔وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا ایک آئینی عہدہ ہے اور سب کو ان کا احترام کرنا چاہئے ۔کسی نےلکھا کہ تصاویر پرانی ہو سکتی ہیں چاہے وہ کسی کی ہی کیوں نہ ہوں ایسی پرانی تصاویر کو ضائع کرنے کایہ طریقہ انتہائی غلط ہے۔وہیں دیگر لوگوں نے لکھا ہے کہ اس میں صفائی مزدور کی کیا غلطی ہے ان لوگوں کو تلاش کرکے پکڑا جائے جنہوں نے ان تصاویر کو کچرے میں پھینک دیا تھا۔
اس سلسلہ میں ستیندر کمار تیواری،ایڈیشنل میونسپل کمشنر،متھرا-ورندان میونسپل کارپوریشن نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کے ذریعہ انہیں اس واقعہ کی اطلاع ملی۔انہوں نے بتایا کہ سبھاش چندر کالج کے پاس صفائی مزدور وابی پتر دوری چند کچرا اکٹھا کررہا تھا کہ وہاں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی تصاویر پائی گئیں تو اس نے بنڈی میں ڈال لیا۔
” ستیندر کمار تیواری،ایڈیشنل میونسپل کمشنر،متھرا-ورندان میونسپل کارپوریشن کا بیان یہاں سنا جاسکتا ہے”
جسے دیکھ کرمقامی لوگوں نے اسے روک کر تصاویر دکھاکر پوچھا تو اس کو احساس ہوا۔جس کے فوری بعد ان تصاویر کوکچرے کی بنڈی سےنکال لیا گیا۔ستیندر کمار تیواری ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے کہا کہ اس معاملہ میں صفائی ملازم کی لاپرواہی ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے خلاف متھرا میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اس صفائی ملازم کی ملازمت کو فوری اثرکے ساتھ ختم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے صفائی ملازم کی اس حرکت کی مذمت بھی کی۔


