لبیک اللھم لبیک کی صداؤں کے ساتھ مناسک حج کا آغاز
رنگ،نسل اور زبان کی تفریق کے بغیر زائد از دس لاکھ مسلمان
خشوع و خضوع کے ساتھ فریضہ حج کی ادائیگی میں مصروف
مکہ مکرمہ: 08-۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
آج حج کارکنِ اعظم وقوفِ عرفہ ادا کیا جا رہا ہے،میدانِ عرفات میں مسجدِ نمرہ میں حجاج کرام نےمحمدشیخ بن عبدالکریم کےخطبۂ حج کی سماعت میں مصروف ہیں۔دنیا بھر سے ادائیگی حج کے لیے کئی ممالک کےمختلف رنگ و نسل،مکاتب فکرو مسالک سے وابستہ زائد از دس لاکھ سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج آج نماز فجر کے بعد منیٰ سےمیدانِ عرفات پہنچ چکےہیں۔ان میں 79,237 خوش نصیب ہندوستانی عازمین حج بھی شامل ہیں۔

عازمین حج نے گزشتہ رات منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی میں قیام کیا، اس سال دنیا بھر کے عازمین حج میدانِ عرفات میں عبادات میں مصروف ہیں۔عازمین حج میدان عرفات میں عبادات،توبہ استغفارسمیت نماز جمعہ اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے۔واضح رہے کہ آج کے دن دونوں باجماعت نمازوں کے لیے ایک ہی اذان دی جاتی ہے جبکہ نماز کے لیے ظہر اور عصر کی اقامت الگ الگ ہو گی۔
عازمین حج غروب آفتاب کے وقت اذان مغرب سے قبل میدان عرفات سے مزدلفہ کے لیے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ نماز عشاء کے وقت مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔عازمین حج مزدلفہ میں رات قیام اور رَمی کے لیے کنکریاں جمع کریں گے اورفجر کی نماز ادا کرکے رَمی ( بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے) کے لیے جمرات روانہ ہوجائیں گے۔اس کے بعد حجاج کرام قربانی کی سنت ادا کریں گے اور پھر حلق کروا کے احرام اتار کرادائیگی حج کا مکمل فریضہ اداکریں گے۔
مناسک حج کا آغاز کل جمعرات سے ہوگیا۔حجاج کرام 10، 11 ، 12 اور 13 ذی الحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے۔بیشتر حاجی 12 ذی الحجہ کو منیٰ سے نکل جائیں گے ایک تہائی کے لگ بھگ باقی ماندہ حاجی 13 ذی الحجہ کو منی سے رخصت ہوں گے۔
سعودی ریلوے لائن کمپنی "سار” کا کہنا ہے کہ حج 1443ھ کیلئے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حاجیوں کی آمدورفت کیلئے ٹرین انتظامات مکمل ہیں۔ حجاج کرام کی سہولت کیلئے سعودی وزارت صحت نے مکہ اور مدینہ میں 23 اسپتال اور 147 طبی مراکز قائم کئے ہیں۔علاوہ ازیں منیٰ میں بھی26 طبی مراکز خدمات کیلئے تیارہیں جہاں انتہائی نگہداشت کے لیے 100 بستر جبکہ لو کے متاثرین کے لیے 200 بستر موجود ہیں۔جبکہ دیکھ بھال کے لیے طبی عملے کے 25 ہزار افراد موجود ہیں۔
مشاعر اس سال منٰی، مزدلفہ اور عرفات میں اندرون مملکت سے حج کرنے والے سعودیوں اورمقیم غیر ملکیوں کے خیموں کی نگرانی کے لیے پانچ ہزار سیکیورٹی گارڈز تعینات کئے گئے ہیں۔کورونا وباء کے خاتمے کے بعد اس سال مناسک حج میں 185عازمین شاہی مہمان بھی شامل ہیں جن کا تعلق 8 ممالک سے ہے۔

"اس رپورٹ کی تیاری میں روزنامہ جنگ سے مدد لی گئی ہے۔اور HaramainInfo@کے ٹوئٹر ہینڈل سے ویڈیوز لیے گئے ہیں”

