اترپردیش کے ایک پولیس اسٹیشن میں نوجوان نے پولیس عہدیدار کی پٹائی کردی

اترپردیش کے ایک پولیس اسٹیشن میں
 نوجوان نے پولیس عہدیدار کی پٹائی کردی

لکھنئو: 05۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز )

اترپردیش پولیس پر آئے دن الزامات عائد کیے جاتے ہیں کہ وہ عوام کے ساتھ پرتشدد اور جارحانہ رویہ اختیار کرتی ہے!!۔
حال ہی میں اترپردیش کے سہارنپور پولیس اسٹیشن کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں پولیس کی جانب سے چند نوجوانوں کو جانوروں سےبھی بدتر طریقہ سے پیٹا جارہا ہے جن پر الزام تھا کہ انہوں نے گستاخ رسولﷺ نوپورشرماکے خلاف احتجاج میں حصہ لیا تھا۔ تاہم کل پیر کے دن سہارنپور کی مقامی عدالت نے ان میں سے 8 نوجوانوں کے خلاف ثبوت پیش نہ کرنے پر پولیس کو پھٹکار لگاتے ہوئے باعزت رہا کردیا۔

آج اسی اتر پردیش کے مین پوری اسٹیشن جو کہ دارالحکومت لکھنؤ سے تقریباً 250 کلومیٹر دور ہے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا /ٹوئٹر پر شیئر ہوا ہے۔جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں ہی ایک نوجوان ایک پولیس عہدیدارکو ماررہاہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق اس نوجوان کو پولیس نے گھریلو تشدد کی شکایت پر پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا تھا تاہم حالت غصہ میں اس نوجوان نے پولیس عہدیدار کو مارنا شروع کردیا۔

اے این آئی کی جانب سے ٹوئٹ کیے گئے ایک ویڈیو میں، وہ نوجوان اپنے سامنے کھڑے پولیس والے کے ساتھ بحث کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے اور فوری حالت غصہ میں پولیس والے کو مارنا شروع کر دیتا ہے۔ پھر دونوں میں دھکم پیل اور کھینچا تانی ہوتی ہے اور گالی گلوچ بھی اس ویڈیو میں سنائی دے رہی ہے۔اس ویڈیو میں دو خاتون کانسٹیبلس اور ایک خاتون ان دونوں کے بالکل قریب کھڑی ہوئی نظر آتی ہے-

جبکہ قریب ہی کرسیوں پر چند نوجوان بھی بیٹھے ہوئے ہیں اس دھکم پیل میں پولیس عہدیدار کو مارنے والا شخص کرسی کے ساتھ گرجاتا ہے تو ایک خاتون کانسٹیبل گری ہوئی کرسی کو اٹھاکر رکھتی ہے۔یہ نوجوان پولیس عہدیدار جن کا عہدہ کیا ہے معلوم نہیں ہوپایا کو کئی تھپڑ مارہا ہے۔اسی دؤران ایک خاتون کانسٹیبل اس پولیس عہدیدار کے ہاتھ میں کرسی دیتی ہیں جس سے پولیس عہدیدار اس نوجوان کو مارتے ہیں۔بعدازاں اس نوجوان پر دیگر عملہ قابو پالیتا ہے۔

اے ایس پی مین پوری مدھوون کمار نےخبررساں ادارہ اے این آئی بتایا کہ اس نوجوان کی ذہنی حالت خراب بتائی گئی ہےاور اسکے خلاف گھریلو تشدد کی خاندان کی جانب سے پولیس سے شکایت کی گئی تھی۔اس نوجوان کو پوچھ تاچھ اور کونسلنگ کے لیے پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا تھا۔تاہم اس نے پولیس اسٹیشن کے اندر ایک پولیس عہدیدارکو مارا پیٹا۔اس کے افراد خاندان نے بتایاہے کہ وہ دماغی بیماری کا مریض ہے،اگر وہ اس سلسلہ میں ڈاکٹرز کے دستاویزات پیش کرتے ہیں تو ہم اسے مدنظر رکھیں گے۔اس نوجوان کے خلاف کیس درج رجسٹر درج اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔تاہم پولیس کی جانب سے اس نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔!