عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو عدالت سے ضمانت مل گئی ,تہاڑ جیل سے رہاء

عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو
عدالت سے ضمانت مل گئی،تہاڑ جیل سے رہاء

دہلی: 13۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

عام آدمی پارٹی (عآپ) کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو آج جمعہ کو دہلی کی ساکیت عدالت نے ضمانت دے دی۔اور وہ آج شام تہاڑ جیل سے رہا ہوگئے۔جہاں بڑی تعداد میں ان کے حامیوں نے ان کا استقبال کیا۔اپنی رہائی کے بعد امانت اللہ خان نے اپنے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل سے ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ

"میرے جنون کا نتیجہ ضرور نکلے گا
اسی سیاہ سمندر سے نور نکلے گا” 
” تہاڑ جیل کے باہر جمع بھیڑ گواہی دے رہی ہے کہ آج ایک بار پھر نفرت کی سیاست کو شکست ہوئی ہے "

امانت اللہ خان جو کہ دہلی اسمبلی میں حلقہ اسمبلی اوکھلا کی نمائندگی کرتے ہیں کوکل 12 مئی کو پانچ دیگر افراد کے ساتھ انہدامی کارروائی کی مہم کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے اور سرکاری ملازمین کو ان کی ڈیوٹی کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ایم ایل اے امان اللہ خان اور دیگر پانچ افراد کو کل جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کی جارہی انہدامی کارروائی کے خلاف مظاہرہ کرنے پر حراست میں لیے جانے کے چند گھنٹے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

ایم ایل اے امانت اللہ خان کو گرفتارکیے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج جمعہ کو دہلی کے جامعہ نگر اور شاہین باغ کے بازار بند رہے۔دکانداروں کی اکثریت نے مقامی ایم ایل اے کی گرفتاری کو غلط بتاتے ہوئے بطور احتجاج اپنے کاروباری اور تجارتی ادارے بند رکھے۔

قبل ازیں دہلی پولیس نے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اےامانت اللہ خان کو”خراب کردار”bad character شخص قرار دیا تھا۔خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امانت اللہ خان کو”خراب کردار” کے حامل شخص قرار دینے کی تجویز 28 مارچ کو جنوب مشرقی ضلع کے جامعہ نگر پولیس اسٹیشن کی طرف سے بھیجی گئی تھی اور30 مارچ کو اس کی منظوری دی گئی تھی،جس میں ان کےخلاف کل 18 ایف آئی آر درج کی گئی تھیں۔

عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کی گرفتاری اور دہلی کے جہانگیرپوری،شاہین باغ اور کل مدن پور قادر علاقوں میں شمالی اور جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے غیر مجاز تعمیرات کے نام پر بلڈوزرس چلائے جانے پر چیف منسٹر دہلی و عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کیجریوال سمیت پوری پارٹی کی جانب سے خاموشی اختیارکرلیے جانے کے خلاف بالخصوص سوشل میڈیا پرشدید تنقید کی جارہی ہے اور مختلف سوال اٹھائے جارہے ہیں!!

اب چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال نے کل ہفتہ کو عام آدمی پارٹی کے ایم ایل ایز کا ایک اجلاس طلب کیا ہے۔جس میں بی جے پی کی زیرقیادت بلدیات کی انسداد قبضہ جات مہم کے نام پر بلڈوزرس چلائے جانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

” کل انہدامی کارروائی کے دؤران ایم ایل اے امانت اللہ خان کی گرفتاری کا منظر "