سٹی کیبل پر نظرآنے کا شوق،بلدی اجلاسوں میں گڑبڑ کرنا بند کردیں
عہدیداروں پر تنقید اور ان کی اہانت سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا
ریاستی وزیر کے ٹی آر کا تلنگانہ کے مئیرس،چیئرمینس اور ارکان بلدیہ کو مشورہ
حیدرآباد: 13۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے۔تارک راما راؤ (کے ٹی آر) نے ریاست تلنگانہ کےمیونسپل کارپوریشنس اور بلدیا ت کے مئیرس،چیئرمین اور ارکان بلدیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلدیات کا اجلاس میں غیر ضروری بحث و تکرار،عہدیداروں پر غصہ کا اظہار کرنا اور ان کی اہانت کرنے کا سلسلہ بند کردیں۔کیونکہ یہ کوئی بڑا کام نہیں ہے اور نہ اس سے کچھ حاصل ہوگا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ بلدیات کے اجلاس میں عہدیداروں سے الجھنے کے بجائے بہتر طریقہ سے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے حل کو ممکن بنایا جائے۔کے ٹی آر آج حیدرآباد کے وینگل راؤ نگر میں منعقدہ "پٹنا پرگتی” PattanaPragathi# "کے جائزہ و تربیتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔جس میں ریاست کے میونسپل کارپوریشنس کے مئیر،چیئرمین اور عہدیدار شریک تھے۔

ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے۔تارک راما راؤ نے اس اجلاس میں کہا کہ مئیرس، چیرمین اور ارکان بلدیہ سے میری گزارش ہے کہ ملک میں چلنے والے اس ناپسندیدہ عمل کو ریاست میں بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں نے بھی کئی بلدی اجلاسوں میں شرکت کی ہے۔اور ان مناظر کو دیکھ کر اس وقت بھی یہی مشورہ دے چکا ہوں۔اور آج بھی یہ مشورہ دے رہا ہوں۔
کے ٹی آر نے کہا یہ ناپسندیدہ عمل ہے کہ عوامی نمائندے بلدیات کے اجلاسوں میں عہدیداروں پر غصہ کا اظہار کیا جاتا ہے،ان پر برہمی کا اظہار کیا جاتا ہے حتیٰ کہ چند عوامی نمائندت ان عہدیداروں کے قریب تک پہنچ جاتے ہیں۔
ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر نے کہا کہ چند عوامی نمائندوں کی یہ غلط سوچ ہوتی ہے کہ ایسے عمل سے مسائل ہوں گے۔کے ٹی آر اس عمل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چند عوامی نمائندوں کی یہ غیرسطحی سوچ ہوتی ہے کہ بلدیہ کے اجلاس میں ان کی جانب سے مچائی گئی دھوم والی خبر شام کو مقامی”سٹی کیبل چینل”پر نشر ہوگی۔انہوں نے مشورہ دیا کہ اس کلچر کو فوری ریاست کی بلدیات سے ختم کیا جانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اپنوں کی بے عزتی کرنا خود کی بے عزتی کے مترادف ہوتا ہے۔
ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر نے اس جائزہ اجلاس میں دوٹوک کا کہا کہ بلدیات کے اجلاسوں میں صحتمند بحث اور مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ اجلاسوں کے دؤران”کوئی کیمرے موجود نہ ہوں”۔کیونکہ کیمرے دیکھ کر گڑبڑ کرنا اور آپے سے باہر ہوجانے والوں کا ایک بیاچ ہوتا ہے۔ساتھ ہی کے ٹی آر نے کہاکہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے اجلاس کی تفصیلات سے میڈیا کو واقف کروایا جائے۔ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے یہ مشورہ بھی دیا کہ بلدیات کے اجلاسوں میں ہونے والی بحث وتکرار اور ناپسندیدہ ریمارکس و الزامات کے ویڈیوز بناکر بھی سوشل میڈیا پر وائرل نہ کیے جائیں۔اس سے عہدیدار مایوس ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کوئی بھی مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہوتا اور نہ راتوں رات ترقی ممکن ہے۔ایک منصوبے کے تحت ترقیاتی کام انجام دئیے جائیں۔کے ٹی آر نے مشورہ دیا کہ بلدی اجلاس ایجنڈہ اور قواعد کے تحت پرسکون انداز میں منعقد کیے جائیں تاکہ بلدی حلقوں میں موجود مسائل منصوبہ بندی کے ساتھ حل ہوں۔

