عیدملاپ تقاریب قومی یکجہتی و گنگاجمنی تہذیب کے فروغ میں معاون: تانڈور میں ایم ایل سی مہیندرریڈی،مولانا محمودخان عمری اور دیگر کا خطاب

عیدملاپ تقاریب قومی یکجہتی و گنگاجمنی تہذیب کے فروغ میں معاون
تانڈور میں جماعت اسلامی ہند کی تقریب عید ملاپ سے
ایم ایل سی مہیندرریڈی،مولانامحمود خان عمری،صادق احمد اور  دیگر کا خطاب

وقارآباد/تانڈور: 09۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ نے عیدملاپ تقاریب کوقومی یکجہتی اور گنگاجمنی تہذیب کے فروغ میں انتہائی معاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب کے ذریعہ تمام مذاہب کے ماننے والے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوتے ہیں جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی مزیدمضبوط ہوتی ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی تقاریب کے ذریعہ آپسی میل ملاپ،روایتی ہندوستانی تہذیب اور بھائی چارگی کو مزید پختہ کرناضروری ہے۔

وہ گزشتہ رات ضلع وقارآباد کے تانڈور میں جماعت اسلامی ہند کے زیراہتمام صمدفنکشن پیالیس میں عبدالہادی پٹیل ناظم ضلع وقارآباد جماعت اسلامی ہند کی زیرصدارت منعقدہ عید ملاپ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

اس تقریب کا آغاز حافظ ابراہیم عارف الدین کارکن جماعت اسلامی ہند کی تلاوت کلام پاک بمعہ ترجمہ اور محمد محبوب کی تلگو زبان میں ترجمہ سے ہوا۔امیر مقامی جماعت اسلامی ہند محمدفہیم خان نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ ڈاکٹر پی۔مہیندررریڈی نے اپنے خطاب میں عیدالفطرکی مبارکباد پیش کی اور جماعت اسلامی کی خدمات کی ستائش کی۔

اس عید ملاپ تقریب سے ناظم جماعت اسلامی ہندضلع وقارآباد عبدالہادی پٹیل نے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو عید کی پرخلوص مبارکباد پیش کی اور کہا کہ رمضان قرآان کا مہینہ ہے۔قرآن مجید اللہ کی کتاب ہے یہ ساری انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عیدملاپ تقریب قومی یکجہتی کی جیتی جاگتی مثال ہے۔اس سے ایک دوسرے کے خیالات کوسمجھنے کا موقع ملتا ہے اور ان تقاریب کے ذریعہ امن و امان کا درس ملتا ہے۔

اس عید ملاپ تقریب سے اپنے صدارتی خطاب میں صادق احمد سیکریٹری ہندوستانی سماج،جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے کہا کہ قرآن مجید کہتاہے کہ ایک انسان کاقتل تمام انسانوں کا قتل ہے،ایک انسان کی جان بچانا تمام انسانوں کی جان بچاناہے۔اسلام میں انسان کا مقام اہم ہے۔

انہوں نے حال ہی میں حیدرآباد کے سرورنگر میں پیش آئے ناگاراجوکے قتل کے واقعہ کو دو خاندانوں کے درمیان پیش آنے والا واقعہ قرار دیا اور کہا کہ اس معاملہ کو مذہب یا ذات پات سے نہیں جوڑا جانا چاہئے۔انہوں نے اس قتل کے واقعہ کی مذمت کی۔

یو۔رمیش کمار،بی جے پی سکریٹری ضلع وقارآباد نے اس عیدملاپ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناگاراجو کے قتل کو وقار کا مسئلہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہم سماج کے تمام انسانوں کو مساوی حق دینا چاہتے ہیں۔

سید کمال اطہر ریاستی صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی تعلیمات میں انسانیت کی خدمت اور عدل پرمشتمل انصاف کی سخت تاکید کی گئی ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا وبا میں ہونے والی اموات کے دؤران ان کی قیادت میں تانڈور یوتھ ویلفیئر نے بلا مذہبی تفریق تدفین اور آخری رسومات محض انسانی جذبہ کے ساتھ انجام دی گئیں۔لیکن خوف کے باعث کوئی بھی اپنے رشتہ داروں کی نعشوں کے قریب آنے اور آخری رسومات ادا کرنے سے بھی گھبرارہے تھے۔اس وقت ہم نے یہ کام کیا۔اس کے بعد مہاسیوا تنظیم، تانڈور یوتھ ویلفیئر کے ساتھ مل کر یہ کام کرنے لگی تھی اس طرح 300 سے زائد کوویڈ مہلوکین کی آخری رسومات و تدفین عمل میں لائی گئیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت انہیں احساس ہوا کہ انسان کی اہمیت،مال و دؤلت اور رشتوں کی اہمیت اور حیثیت کیا ہے؟۔

اس تقریب سے ایم۔رمیش نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی،محمدخورشیدحسین امیرمنتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور،مولانا خلیل الرحمن محمدی مشیر جمعیت اہل حدیث تانڈور،مولانا حافظ و قاری مولانا محمدشکیل احمد نظامی،سید اسداللہ امیر تبلیغی جماعت،کے۔راجہ شیکھر ڈی ایس و پاسٹر میتھوڈسٹ چرچ تانڈور،ڈاکٹر جگدیشورریڈی،ایم اے نعیم افوصدر ٹاؤن ٹی آرایس،سابق صدر ٹاؤن ٹی آر ایس عبدالرؤف،کرنم پرشوتم راؤ،کنوینر نصرت علی اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے تمام مذاہب کے ماننےوالوں کے درمیان بھائی چارگی اور قومی یکجہتی کی مضبوطی کے لیے زور دیا۔

اس عید ملاپ تقریب میں غوث بابا صدراہلسنت والجماعت کے علاوہ دیگر مذہبی،سیاسی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں،جماعت اسلامی ہند تانڈور کے ذمہ داران،اراکین کے بشمول عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔