تلنگانہ آڈیو کلپ معاملہ:غیر ارادی طور پر زبانی لغزش سرزد ہوگئی
دل دُکھانے کے لیے رنجیدہ ہوں، پولیس ملازمین میرے افراد خاندان کے برابر
ٹی آرایس ایم ایل سی وسابق وزیر ٹرانسپورٹ مہیندرریڈی کا صحافتی بیان
حیدرآباد: 28۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)
گزشتہ دو دن سے رکن قانون ساز کونسل(ایم ایل سی)متحدہ ضلع رنگاریڈی (رنگاریڈی،وقارآباد اور میڑچل) و سابق وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی اور سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور ٹاؤن راجندر ریڈی کے درمیان موبائل فون پرہوئی بات چیت پرمشتمل ایک آڈیو جسے بعدازاں ویڈیو میں تبدیل کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوا تھا۔بعد ازاں یہ آڈیو علاقائی اور قومی میڈیاچینلوں پر بھی نشر کیا گیا۔اس آڈیو کلپ معاملہ نے ریاستی سطح پر سنسنی خیز پیدا کردی تھی اور سیاسی سطح پر بھی ہلچل پیدا ہوگئی تھی۔
وائرل شدہ اس آڈیو میں ایم ایل سی ڈاکٹر مہیندرریڈی بھدریشور مندر جاترا تقریب کے موقع پر پروٹوکال کو نظر انداز کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے سرکل انسپکٹر پولیس راجندرریڈی تانڈور ٹاؤن سے کہہ رہے ہیں کہ جاترا تقریب کے موقع پر ایم ایل اے تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور ان کے ساتھ موجود رؤڈی شیٹرس کے لیے لال کارپیٹ Red Carpet کیوں بچھائی جارہی تھی؟اس فون کال ریکارڈ میں ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی کی جانب سےسرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندر ریڈی کے ساتھ فحش کلامی اور دھمکیاں بھی شامل ہیں!!
اس سلسلہ میں ایم ایل سی مہیندرریڈی کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ان کے خلاف ڈیوٹی پر موجود عہدیدار کے ساتھ غلط برتاؤ،عوام کو اکساتے ہوئے امن و امان کو مکدر کیے جانے اور دھمکیاں دینے کے الزامات پرمشتمل 353، 504 اور 506 کی دفعات کے تحت تانڈور پولیس اسٹیشن میں کیس درج رجسٹر کرلیا گیاہے۔
اسی دؤران آج شام دیر گئے ایم ایل سی ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی کی جانب سے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ”ان سے غیر ارادی طور پر زبانی لغزش سرزد ہوگئی ہے،اور ان کے اس آڈیو کلپ سے پولیس والوں کوہونے والی دلی تکلیف پر وہ رنجیدہ ہیں”۔اس صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ پولیس کے تمام عہدیداران اور ملازمین پولیس میرے افراد خاندان کے برابر ہیں۔
ایم ایل سی ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ” تلنگانہ کی تشکیل،ریاست کی ترقی اور امن و امان کی برقراری میں پولیس کا رول قابل ستائش اور قابل مبارکباد ہے”۔
انہوں نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ کل سے وائرل آڈیو کلپ کی وجہ سے جس میں مجھ سے زبانی لغزش سرزد ہوئی اور میں نے غصہ کی حالت میں بات کی تھی اور اس آڈیو سے چند پولیس عہدیداروں اور احباب کوجوتکلیف ہوئی ہے اس کے لیے مجھے شدید افسوس ہے۔اپنے اس صحافتی بیان میں ایم ایل سی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس کے متعلق ان کے دل میں احترام اور فخر کا جذبہ موجود ہے۔

