کورونا وبا ابھی مکمل طور پرختم نہیں ہوئی،اثر کم ہوا ہے،احتیاط لازمی
جلد ہی محکمہ صحت کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا آغاز
12 تا 14 سال کے بچوں کے لیے کوویڈ ٹیکہ اندازی کا آغاز
وزیرصحت تلنگانہ ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد: 16۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیرصحت و فینانس حکومت تلنگانہ ٹی۔ہریش راؤ نے اعلان کیا ہے کہ محکمہ صحت میں موجود مخلوعہ جائیدادوں پر جلد ہی تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔
وزیرصحت آج خیریت آباد کے ویلنیس سنٹر میں قائم 50 بستروں پرمشتمل پرائمری ہیلتھ مرکز کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس تقریب میں ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمودعلی،وزیرافزائش مویشیان تلسانی سرینواس یادو،رکن اسمبلی دانم ناگیندر،ریاستی ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ کے علاوہ دیگر شریک تھے۔
ان ریاستی وزرا نے 12 تا 14 سال کے حامل بچوں کے لیے ٹیکہ اندازی کا آغاز بھی کیا۔اس موقع پر وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ آج چونکہ”یومِ ٹیکہ اندازی”Vaccination Day” منایا جارہا ہے تو ریاست میں 12 تا 14 سال کی عمر کے حامل بچوں کے لیے کوویڈ ویکسین دئیے جانے کا آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 15 مارچ 2010ءسے قبل پیدا ہونے والے بچے کوویڈ ویکسین لینے کے اہل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اندازہ ہے کہ ریاست میں اس عمر کے حامل 17،23،000 بچے موجود ہیں۔وزیرصحت نے کہا ٹیکہ اندازی کی سہولت تمام پرائمری ہیلتھ سنٹرس اور اربن پرائمری ہیلتھ سنٹرس فراہم رہے گی۔اس کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروایا جاسکے ہے یا پھر سیدھے ان سنٹرس پر پہنچ کر بچوں کو کوویڈ کا ٹیکہ دلواسکتے ہیں۔
ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے عوام کو متنبہ کیا کہ کورونا وائرس کی وبا ابھی مکمل طور پرختم نہیں ہوئی ہے صرف اس کے اثرات کم ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین،امریکہ اور ہانگ کانگ میں کورونا وائرس متاثرین کے نئے کیس درج ہورہے ہیں۔
وزیرصحت نے ریاستی عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ہنوز کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل کریں اور کوویڈ ویکسین لازمی طور پر لیں اور ساتھ ہی اس معاملہ میں چوکس رہیں۔انہوں نے کہا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن WHO# بھی اس معاملہ میں متنبہ کررہا ہے۔
اس موقع پر ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ریاست تلنگانہ نے دو کوویڈ ٹیکے دئیے ہیں۔پہلا ٹیکہ بھارت بائیوٹیک کی جانب سے ترقی دیا گیا”کو۔ویکسین”اور دوسرا ٹیکہ”بائیولوجیکل ای” کی جانب سے تیار کردہ کاربو ویاکس ہے۔جو کہ ریاست تلنگانہ و حیدرآباد کے لیے قابل فخر اعزاز ہے۔
وزیرصحت نے کہا کہ اب جو 12 تا 14 سال کے بچوں کو کوویڈ ویکسین دیا جارہا ہے وہ "کاربو ویکس”ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بچوں کو دئیے جانے والا یہ واحد ویکسین ہے جسے منظوری حاصل ہوئی ہے۔اس موقع پر وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے "بائیولوجیکل ای” کمپنی کی سی ایم ڈی مہیما داٹلا کو تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ اس تقریب میں ان کی شرکت خوشی کا باعث اور ساتھ ہی مہیما داٹلا مہیلا شکتی کی ایک مثال ہیں۔

وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے اپنی عمر کے 60 سال مکمل کرلینے والے افراد کو مشورہ دیا کہ وہ "بوسٹر ڈوز” لیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ کوویڈ ویکسین کے دونوں ٹیکے لینے افراد ہی کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دؤران کورونا سے متاثر نہیں ہوئے۔اس تقریب کے موقع پر وزیرصحت ٹی ہریش راؤ نے ویلنیس سنٹر کے طبی عملہ کے ساتھ خوشگوار موڈ میں سیلفی بھی لی۔

یاد رہے کہ ریاستی محکمہ ہیلتھ،میڈیکل اور فیملی ویلفیئر ڈپارٹمنٹ میں 12,755 مختلف جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔
جبکہ 9 مارچ کو وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے ریاستی اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ ریاست کے سرکاری محکمہ جات میں موجود تمام سرکاری ملازمین کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے جلد ہی نوٹیفکیشن (اعلامیہ) جاری کیے جائیں گے۔
وہیں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے کہا تھا کہ ریاست کے مختلف سرکاری محکمہ جات میں 91،142 جائیدادیں مخلوعہ ہیں اورموجودہ 11،103 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کومستقل کیے جانے کے بعد جو 80,039 جائیدادیں باقی رہ جاتی ہیں ان پرتقررات عمل میں لائے جائیں گے۔

