تقدیر کی گردش تو مرکر بھی نہیں نکلی
کھدوائی گئی قبر تو پتھریلی زمیں نکلی
محکمہ آبکاری وقارآباد کی جانب سے 9 لاکھ روپئے کی عدم ادائیگی!
خودکشی کی غرض سے ٹاور پر چڑھنے والے شخص پر شہد کی مکھیوں کا حملہ
وقارآباد: 22۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
محکمہ آبکاری وقارآباد کے عہدیداروں کی جانب سے گزشتہ تین سال سے کرایہ پر حاصل کی گئی گاڑی کے کرایہ کی عدم ادائیگی سے دلبرداشتہ گاڑی مالک/ڈرائیور مانیکم آج شام وقارآباد میں اقدام خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے سیل فون ٹاور پر چڑھ گیا۔
لیکن اس کی مصیبت اس وقت اور بڑھ گئی جب اس ٹاور پر موجود شہد کی مکھیوں کے ہجوم نے اس شخص پر حملہ کرتے ہوئے چہرہ سمیت اس کے جسم کے مختلف حصوں پر کاٹ کاٹ کر اسے ادھ مرا کردیا۔جسے بعدازاں فوری ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔
پولیس اور مقامی افراد کی جانب سے اس کے مسئلہ کو حل کرنے کے تیقن کے بعد بھی یہ شخص سیل ٹاور سے اترنے تیار نہیں تھا لیکن شہد کی مکھیوں کے حملہ سے پریشان یہ شخص لامحالہ فوری نیچے اتر آیا۔
اس واقعہ کی تفصیلات متاثرہ شخص مانیکم کے مطابق اس نے محکمہ آبکاری وقارآباد کے دفتر میں اپنی ٹاٹا سومو گاڑی کو ماہانہ کرایہ کی اساس پر دیا ہوا ہے اور خود ہی ڈرائیور بھی ہے۔لیکن گزشتہ تین سال سے محکمہ آبکاری کے عہدیدار اس کی گاڑی کا کرایہ ادا نہیں کررہے ہیں اور ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔
” اس مکمل واقعہ کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "
https://youtu.be/zTiq47VExcY
مانیکم نے بتایا کہ اس کو ان تین سال کے دؤران محکمہ آبکاری وقارآباد سے 9 لاکھ روپئے وصول طلب ہیں۔چند دن قبل ہی اس نے قرض لے کر اپنی بیٹی کی شادی بھی کی اور اب وہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے۔مانیکم کا کہنا تھا کہ بارہا مرتبہ محکمہ آبکاری وقارآباد کے عہدیداروں سے نمائندگی اور منت سماجت کے باؤجود اس کی رقم ادا نہیں کی جارہی ہے اور وہ انہی معاشی پریشانیوں کے باعث سیل فون ٹاور پر خودکشی کے ارادہ سے چڑھا تھا۔شہد کی مکھیوں کا شدید شکار مانیکم اب وقارآباد کے ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
وقارآباد کے صحافیوں کے واٹس ایپ گروپ میں ایک تلگو میڈیا کے صحافی نے لکھا ہے کہ جب اس معاملہ میں انہوں نے محکمہ آبکاری وقارآباد کے اعلیٰ عہدیدار ورا پرساد کو فون کرکے حقائق معلوم کرنے کی کوشش کی تو تمام واقعہ سننے کے بعد انہوں نے یہ کہہ کر فون کاٹ دیا کہ وہ باہر ہیں!۔اس صحافی نے یہ بھی لکھا ہے کہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ ان کا یہی رویہ رہا ہے!! کسی بھی مسئلہ پر ان سے بات کرنے پر فوری فون کاٹ دیتے ہیں!!

