تلنگانہ: معین آباد اور وقارآباد میں دو سڑک حادثات،چار ہلاک
بس کی ٹکر سے ہلاک ہونے والوں میں مسلم جوڑا بھی شامل
جائے حادثہ پر وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی اوررکن پارلیمان رنجیت ریڈی نے
نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا،حادثہ پر شدید افسوس کا اظہار
وقارآباد/معین آباد : 22۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
رنگاریڈی ضلع کے معین آباد کے قریب بیجاپور۔حیدرآباد نیشنل ہائی وے پر آج شام پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں مسلم جوڑے کی جائے حادثہ پر ہی دلخراش موت واقع ہوگئی جن کا تعلق کرناٹک سے بتایا گیا ہے۔
معین آباد کے کنکا مامڑی گیٹ کے قریب پیش آئے اس حادثہ کی تفصیلات پولیس کے مطابق کرناٹک کے ساکن محمد قاسم علی (60سالہ) اور ان کی اہلیہ خواجہ بی (45 سالہ) موٹرسیکل پر جارہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والی وقارآباد ڈپو کی تیز رفتار آر ٹی سی بس نے انہیں ٹکر دے دی جس سے ان دونوں کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔
اس حادثہ کے بعد وقارآباد کے دفتر کلکٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کے بعد ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی اور رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی کی گاڑیوں کا قافلہ اسی مقام سے حیدرآباد لؤٹ رہا تھا۔
اس حادثہ کی اطلاع پر وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی اور رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی فوری اپنی اپنی گاڑیوں سے اتر کر سڑک پر بکھری ہوئیں اس بد نصیب حادثہ کا شکارمسلم جوڑے کی نعشوں کی قریب پہنچ گئے اور اس حادثہ میں ان دونوں کی ہلاکت پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔بعدازاں اپنی نگرانی میں ان دونوں نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم مقامی سرکاری ہسپتال منتقل کروایا۔
اس حادثہ کے باعث حیدرآباد۔بیجاپور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک نظام مسدود ہوگیا تھا۔اس سلسلہ میں معین آباد پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔
” جائے حادثہ پر وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی اور رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی "
آج شام ہی اس حادثہ کی اطلاع کے دؤران وقارآباد کے کوتہ گڑھی میں بھی پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں دو نوجوان مانیا اور کرشنیا ہلاک ہوگئے۔اس حادثہ کی تفصیلات کے مطابق یہ دونوں نوجوان اچانک موٹرسیکل پھسل جانے کے باعث سڑک پر گرگئے اور قریب سے گزرنے والی وقارآباد ڈپو کی آر ٹی سی بس کے نیچے آگئے اور بس نے انہیں رؤند دیا۔جس کے باعث ان دونوں کی بھی جائے حادثہ پر دردناک موت واقع ہوگئی۔ان دونوں مہلوکین کا تعلق موضع نارائن پور سے بتایا گیا ہے۔

اس حادثہ کی اطلاع کے فوری بعد موضع نارائن پور کے عوام جائے حادثہ پر پہنچ کر احتجاج کرنے لگے کہ خراب سڑکوں کے باعث ہی یہ حادثہ پیش آیا ہے۔
جائے مقام پر بھاری پولیس بندوبست کیا گیا رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور احتجاجیوں سے بات چیت جاری ہے۔برہم احتجاجی راستہ روکو احتجاج منظم کرتے ہوئے سڑک پر بیٹھ گئے ہیں جس سے اس اہم شاہراہ پر ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا ہے۔
اس خبر کے لکھے جانے تک احتجاجی جائے حادثہ پر شامیانہ نصب کرکے احتجاج میں مصروف ہیں رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند اور ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی ان احتجاجیوں سے بات چیت میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب آج شام ہی دھارور منڈل کے کیرلی میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہوکر ایک مکان سے ٹکراگئی جس کے باعث ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔


