پاپا ہمارے لیے کام کرتے ہیں، وہ کھانا بھی نہیں کھاتے ! ایک کمسن لڑکی کابلک بلک کر رونے والا جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

” لوگ بیٹوں سے ہی رکھتے ہیں توقع لیکن
بیٹیاں اپنی بُرے وقت میں کام آتی ہیں "

پاپا ہمارے لیے کام کرتے ہیں،وہ کھانا بھی نہیں کھاتے
ایک کمسن لڑکی کا بلک بلک کر رونے والا جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

حیدرآباد:05۔فروری(سحرنیوز ڈیسک)

عورت مرد کے لیے اللہ کا ایک انمول اور حسین تحفہ ہے،اللہ نے عورت کی مسکراہٹ کو شفا بنایا،یہ مسکراہٹ ماں،بیٹی،بہن اور بیوی جیسے روپ میں ایک انمول تحفہ ہے۔اسلام نے ماں کے قدموں میں جنت رکھ دی،بیٹی کو رحمت بنادیا اور اچھی بیوی کو نعمت سے تشبیہ دے دی۔

ماں باپ کی نظروں میں اس کے تمام بچے ایک جیسے ہوتے ہیں یہ الگ بات ہے کسی ایک بچے بہت زیادہ رغبت نظرآجاتی ہے۔

زیادہ تر گھرانوں میں دیکھا جاتا ہے کہ بیٹیاں اپنے باپ سے بہت زیادہ قریب ہوتی ہیں۔باپ ان کی زندگی کا سب سے پہلا ہیرو ہوتا ہے۔اور باپ بھی اکثر اپنی بیٹیوں سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں۔

گزشتہ سال پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے باپ اور بیٹی کے خوبصورت رشتے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا کہ بیٹیاں اللہ تعالیٰ کابہت ہی خاص تحفہ ہوتی ہیں۔شان شاہد نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی بیٹی کے ساتھ ایک خوبصورت یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ” سب سے خوبصورت رشتہ باپ اور بیٹی کا ہے

سوشل میڈیا پر چند سال سے ایک پوسٹ بہت زیادہ وائرل ہوتا آرہا ہے کہ” میرا بیٹا اس وقت تک میرا بیٹا ہے جب تک اسے بیوی نہیں مل جاتی اور میری بیٹی اس وقت تک میری بیٹی ہے جب تک میں دنیا سے نہیں چلا جاتا

واقعی بیٹیاں اپنے باپ کے ساتھ ماؤں جیسا برتاؤ کرتی ہیں،باپ پر حکم چلاتی ہیں،کبھی آنسو بہاکر باپ سے اپنی ہر جائز ضد کو پورا کرواتی ہیں۔
وہیں اس معاشرہ میں چند ایسے لوگ بھی موجود ہیں جنہیں بیٹیاں بوجھ لگتی ہیں!کہ ان کی بہترتعلیم و تربیت کے بعد بھی جہیز کے لیے منہ پھاڑ کر بیٹھے ہوئے اژدھوں کے حوالے کرنا پڑتا ہے!!۔یہ سوچ بالکل غلط مانی جاتی ہے۔
خیر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر کل سے ایک ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہوا ہے۔کہاں کا ہے کسی کو نہیں معلوم لیکن اس کمسن لڑکی کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کے لیے انتہائی جذباتی ثابت ہورہا ہے۔
دومنٹ کے اس ویڈیو میں یہ معصوم لڑکی اپنی ماں کو رو روکر کہہ رہی ہے کہ”ممی مجھے پاپا کی ہمیشہ فکر ہوتی ہے۔وہ صبح سے شام تک کچھ کھاتے نہ پیتے صرف کام، کام” تو ماں کہتی ہیں کہ "میں صبح کھانا کھلا کر ہی تو دکان بھیجتی ہوں نہ؟ تو لڑکی اپنی آنسووں سے بھریں آنکھیں پوچھتے ہوئے کہتی ہے کہ”شام کو کیا کھاتے ہیں وہ، دنیا کی ہر لڑکی کو اپنے پاپا کی فکر ہوتی ہے اس لیے وہ دبلی پتلی ہوجاتی ہے”۔” ماں اور اس کمسن بچی کے درمیان ہونے والی جذباتی باتوں پرمشتمل مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے”۔

ٹوئٹر پر Journalist Naveen Raghuvanshi@ نے اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے اس کے ساتھ کیاپشن لکھا ہے کہ”پاپا کے لیے اتنی فکر،یہ ہوتی ہیں بیٹیاں،جن لوگوں کو بیٹیاں بوجھ لگتی ہیں وہ ایک بار اس ویڈیو کو ضرور دیکھیں”۔ ان کے اس ویڈیو کو ایک ہی دن میں 9،36،500 ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے۔جبکہ اس ویڈیو کو 20،700 سے زائد صارفین نے لائیک کیا ہے اور اس ویڈیو کو 4،994 ٹوئٹر صارفین نے ری ٹوئٹ کیا ہے۔

اسی ویڈیو کو گیت کار Manoj Muntashir@ نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد شاید بیٹیوں کی پیدائش پر ڈھول نگارے بجانے کی روایت شروع ہوجائے،خوش قسمت ہیں وہ لوگ جن کے گھر لکشمی پیدا ہوجائے۔
ٹوئٹر پر اسی ویڈیو کو چھتیس گڑھ کے آئی اے ایس عہدیدار Ashwin Sharan@ نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” مجھے پاپا کی فکر ہوتی ہے کیا کروں”؟۔اس ویڈیو کو 1،34،100 سے زائد ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے جبکہ 10،900 صارفین نے لائیک کیے ہیں۔بیٹیوں کی پیدائش پر پریشان اور بیٹوں کی پیدائش کے خواہشمند والدین کے لیے مشہور شاعر منظر بھوپالی،علی زریون اور احمد سلیم کے چند اشعار یہاں پیش ہیں:۔
بیٹیوں کے بھی لیے ہاتھ اُٹھاؤ منظرؔ
صرف اللہ سے بیٹا نہیں مانگا کرتے
٭٭
ان کو آنسو بھی جو مل جائیں تو مسکاتی ہیں
بٹیاں تو بڑی معصوم ہیں جذباتی ہیں
٭٭
لوگ بیٹوں سے ہی رکھتے ہیں توقع لیکن
بیٹیاں اپنی برے وقت میں کام آتی ہیں
٭٭
بیٹیاں سب کے مقدر میں کہاں ہوتی ہیں
گھر خدا کو جو پسند آئے وہاں ہوتی ہیں
شاعر: علی زریون
**
ہماری بیٹیوں کا ظرف دیکھ لے دُنیا
ہم ان کے سامنے بیٹے دُعا میں مانگتے ہیں
شاعر: احمدسلیم
٭٭٭٭٭