کورونا وبا نے "ڈولو-650” تیارکرنے والی کمپنی کی تقدیر ہی بدل دی
گزشتہ سال 307 کروڑ روپئے کا کاروبار،ادویات کی فروخت کا نیا ریکارڈ
مارچ 2020 سے اب تک 350 کروڑ سے زائد گولیاں فروخت
نئی دہلی/بنگلورو : 22۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
کہتے ہیں کہ کب،کہاں اور کیسے کس کی تقدیر بدل جائے یہ کوئی نہیں کہہ سکتا۔کورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد سے امراض کے لیے اور قوت بخش ادویات تیار کرنے والی مختلف کمپنیوں کو کورنا وائرس نے کروڑ پتی بنادیا ہے۔
ایسا ہی معاملہ Dolo-650 تیار کرنے والی بنگلورو کی کمپنی” مائیکرو لیبز لمیٹڈ ” کے ساتھ بھی ہوا ہے۔اس دوا کی فروخت نے اس کمپنی کو جہاں مالامال کردیا وہیں اس کی شہرت میں بھی زبردست اضافہ کر دیا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے بعد سے بخار،سردرد،بدن درد، یا کھانسی ہو ہر کسی کی پہلی ترجیح Dolo-650 ہی بن کر رہ گئی ہے۔ان دنوں یہ عام ہوگیا ہے کہ کسی بھی شناسا سے بخار،سردرد، زکام یا بدن درد کی شکایت کیجئے وہ فوری کہہ دیں گے کہ Dolo-650 لے لو صبح ایک اور شام کو ایک!
جبکہ سب کو معلوم ہے کہ بنا ڈاکٹر کی صلاح و مشورہ کے کسی بھی ادویات کا استعمال ٹھیک نہیں!!۔
لیکن اب ہر طرف ڈولو-650 کا ہی بول بالا ہے اور سب کی اولین پسند یہی ایک Paracetamol Tablet بن گئی ہے اور بہت زیادہ یقین کے ساتھ Dolo-650 کا ہی استعمال کیا جانے لگا ہے۔
وہیں زیادہ تر افراد کا کہنا ہے کہ واقعی اس گولی میں شفا ہے! Dolo-650 کی 15 گولیوں کے پیاک کی قیمت 30 روپئے 91 پیسے ہے۔
ہیلتھ کیئر ریسرچ فرم IQVIA کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں 2019 میں کوویڈ وبا کے آغاز سے مائیکرو لیبز لمیٹڈ بنگلور نے اپنی اس دوا پیراسیٹامول فارمولہ پرمشتمل ڈولو-650 کی تقریباً ساڑھے سات کروڑ اسٹرپس(پتّے) فروخت کیے تھے-جبکہ اسی ڈولو-650 تیار کرنے والی کمپنی نے سال 2021 میں 307 کروڑ روپئے کا کاروبار کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں کوویڈ 19 مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور ڈاکٹرس کی جانب سے تجویز کردہ یا پھر عام مشورہ سے اس گولی کو خریدے جانے کے بعد سے اس کمپنی نے 307 کروڑ روپے کا کاروبار کیاہے۔سب سے زیادہ تجویز کردہ ڈولو-650 دوا نے مارچ 2020 میں کورونا وبا کے پھیلنے کے بعد سے 350 کروڑ سے زیادہ گولیاں فروخت کی ہیں اور یہ ایک ریکارڈ ہے۔کہا جارہا ہے کہ اگر ان گولیوں کا پہاڑ بنایا جائے تو اس کا قد ہمالیہ پہاڑ سے 6،000 گنا زائد بڑا ہوگا!!
2020ء سے اچانک اپنی پہچان بنانے والی اس ڈولو-650 دوا کے متعلق یہ کہا جائے تو بیجا نہیں ہوگا کہ اس ڈولو-650 کی گولیوں نے کورونا وبا کے دؤران بالخصوص غریب طبقہ کو بہت راحت بھی پہنچائی ہے جو کورونا کے خوف سے یا پھر پیسوں کی تنگی کی وجہ سے سرکاری یا خانگی ہسپتالوں تک پہنچے سے معذور تھے! سوشل میڈیا پر تو اب ڈولو-650 کو قومی دوا قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب سال 2021 میں پہلے ہی سے مشہور جی ایس کے فارماسیوٹیکلز کی کالپول Calpol کا ٹرن اوور 310 کروڑ روپئے ہوا ہے۔ جبکہ کروسن Crocin جس کی پہلے ہی سے Paracetamol Tablet کی حیثیت سے شناخت ہے کی گزشتہ سال صرف 23.6 کروڑ روپے پر مشتمل دوہرے ہندسوں میں فروخت ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ملک میں 37 مختلف کمپنیوں کی تیار کردہ Paracetamol Tablet دوائیں بھی فروخت ہوئی ہیں۔
کورونا وبا کے باعث کسی نہ کسی طرح Dolo-650 برانڈ وبائی امراض کے درمیان بخار کا مترادف اور مریضوں کا پسندیدہ برانڈ بن گیا ہے۔

چارو گوئل سچدیوا،ایچ او ڈی اورکنسلٹنٹ،انٹرنل میڈیسن،منی پال دوارکا ہسپتال،نئی دہلی کے مطابق ڈولو-650 بنیادی طور پر ایک پیراسیٹامول دوا ہے۔
چارو گوئل سچدیوا نے خبررساں ادارہ اے این آئی کو بتایا کہ حفاظتی پروفائل اور اس کی افادیت کی وجہ سے، Dolo-650 زیادہ بہتر ہے۔اور ہم نے تجربہ سے دیکھا ہے کہ لوگ اس پر اچھا ردعمل دیتے ہیں اور بخار تیزی سے اترنے لگتا ہے۔یہ نہ صرف ایک جراثیم کش دوا ہے بلکہ اس میں سوزش کو روکنے والا اثر بھی ہے اور آپ کو نیفروٹوکسیٹی یا دیگر بہت سی دوائیوں کی طرح کسی بھی قسم کے بڑے تعامل کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
جی۔سی سرانہ خاندان کی جانب سے 1973 میں تمل ناڈو کے چنئی میں قائم کی گئی مائیکرو لیبز لمیٹڈ نے 650 ملی گرام پیراسیٹامول کے ساتھ ڈولو-650 تیار کی تھی۔جب کہ زیادہ تر دیگر برانڈز اپنے پیراسیٹامول برانڈ کو 500 ملی گرام نمک کے ساتھ فروخت کرتے ہیں۔یہ ایک عام خیال ہے کہ Dolo-650 زیادہ موثر ہے۔
روی شیکھر جھا،ایڈیشنل ڈائریکٹر اور ہیڈ پلمونولوجی،فورٹس ایسکارٹس ہسپتال،فرید آباد کے مطابق ڈولو-650 کا سیفٹی پروفائل اچھا ہے اور یہ بہت مہنگی دوا بھی نہیں ہے۔روی شیکھر جھا نے اے این آئی کو بتایا کہ” کوویڈ کے مریضوں کے لیے سب سے زیادہ پریشان کن علامت بخار ہے۔بخار دل کی دھڑکن میں اضافہ اور جسم میں درد کا باعث بنتا ہے۔ڈولو کا سیفٹی پروفائل اچھا ہے اور یہ ایک سستی دوا بھی ہے۔زیادہ تر مریضوں کو ایک سے زیادہ ڈولو گولی کی بھی ضرورت نہیں ہوتی ہے”۔
ڈولو-650 تیار کرنے والی مائیکرو لیبز لمیٹید کمپنی کی اگر بات کی جائے تو اس کمپنی میں 9،200 ملازمین خدمات انجام دیتے ہیں اس کمپنی کا سالانہ ٹرن اوور 2،700 کروڑ روپئے جس میں برآمدات کے ذریعہ حاصل ہونے والے 920 کروڑ روپئے بھی شامل ہیں۔اس کمپنی کا کل اثاثہ دو بلین امریکن ڈالر ہے۔
ٹوئٹر پر Aviral Bhatnagar# جو کہ ایک انویسٹر ہیں نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ ڈولو-650 اور اس کے تیار کنندگان کی تفصیلات دی ہیں۔
جبکہ مشہور صحافی رعنا ایوب RanaAyyub# نے بھی اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ” ڈولو-650 کے لیے خدا شکر ہے”۔
دوسری جانب کورونا وبا کی دووسری اور جاریہ تیسری لہر کے دؤران ڈولو-650 کی مقبولیت اور اس کی ریکارڈ فروخت کے بعد گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر اس کے مختلف میمس Memes بنائے جارہے ہیں۔جن میں چند یہاں پیش ہیں:-

Dolo-650 #MicroLabsLimited #Bangaluru# #India #Paracetamol#

