سیکیورٹی میں کوتاہی کے نام پر مرکزی حکومت پنجاب میں صدر راج قائم کرنا چاہتی ہے: چیف منسٹر چرنجیت سنگھ چنی کا الزام

سیکیورٹی میں کوتاہی کے نام پر مرکزی حکومت
پنجاب میں صدر راج قائم کرنا چاہتی ہے: چیف منسٹر چرنجیت سنگھ چنی کا الزام

نئی دہلی: 07۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

گزشتہ دنوں وزیراعظم نریندرمودی کے قافلہ کو پنجاب میں 20 منٹ تک روک دئیے جانے والے معاملہ میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے اور یہ طول پکڑتا ہی جارہا ہے۔

بی جے پی کا الزام ہے کہ یہ سب سازش کے تحت کیا گیا تھا جبکہ چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی اور دیگر کانگریسی قائدین کاالزام ہے کہ وزیراعظم کے سڑک کے ذریعہ  دؤرہ کی اطلاع انہیں لمحہ آخر میں دی گئی تھی۔

ایسے میں آج سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر ایک اورایسا ویڈیو وائرل ہوگیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم کے رُکے ہوئے گاڑیوں کے قافلہ کے قریب بی جے پی کارکن پارٹی جھنڈوں کے ساتھ بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کی تائید میں نعرہ لگارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر سوال کیا جارہا ہے کہ اتنی سخت سیکیورٹی کے باؤجود یہ بی جے پی پارٹی کارکن جن کا ہماچل پردیش سے تعلق ہے اس مقام تک وزیراعظم کی گاڑیوں کے قافلہ تک کیسے پہنچے؟

اس سلسلہ میں کل ہی وزیراعظم نریندر مودی صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کرتے ہوئے پنجاب میں ان کے ساتھ پیش آئے  واقعہ کی تفصیلات سے واقف کرواچکے ہیں جس پر صدرجمہوریہ ہند نے تشویش کا اظہار کیا۔ساتھ نائب صدر جمہوریہ ہند وینکیا نائیڈو نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے اس معاملہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایسے میں کل رات چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ سب ایک گہری سازش ہے اور وزیراعظم کی سیکیورٹی میں کوتاہی کے نام پر پنجاب میں صدر راج نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی نے الزام عائد کیا کہ یہ پنجاب اور پنجابیت کو بدنام کرنے کی گہری سازش ہے اور یہ ریاست کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔مشتعل چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی جنہوں نے چار ماہ قبل پنجاب کی کانگریس حکومت کی کمان سنبھالی تھی نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب اور پنجابیوں پر اتنا بڑا الزام لگایا اور ہمیں قاتل بنا کر پیش کیا۔

ہم قوم پرست ہیں،ہم نے ملک کے لیے کئی جنگیں لڑی ہیں اور ہم میں سے بہت سے لوگ فرض کی ادائیگی میں شہید ہوئے ہیں۔میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ میں وزیراعظم کےلیے گولی کھانے والا پہلا شخص رہوں گا۔ مجھے اور کیا کرنا چاہیے؟ کیا میری کلائی کاٹ کر خون بہاؤں؟

پنجاب جہاں مارچ میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں میں چرنجیت سنگھ چنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں نے اس معاملہ کو بی جے پی کی جانب سے قاتلانہ عزائم قرار دئیے جانے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ان کے عزائم الگ ہیں!! انہوں نے کہا کہ لمحہ آخر میں وزیراعظم کے راستے میں تبدیلی کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نریندر مودی کی سیکیورٹی میں کوتاہی کے معاملہ پر داخل کردہ اپیل پر سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ تحقیقات پر اس معاملہ سے متعلق تمام ریکارڈ کو پنجاب ،ہریانہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کے پاس محفوظ کیا جائے۔ساتھ ہی سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس اور اسپیشل پروٹیکشن گروپ(ایس پی جی) اور دیگر مرکزی اور ریاستی ایجنسیاں بھی تفصیلات رجسٹرار جنرل کے حوالے کریں۔

اور ساتھ ہی رجسٹرار جنرل کے ساتھ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس،مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کے ایک عہدیدار نوڈل آفیسر کے طور پر کام کریں۔سپریم کورٹ نے یہ ہدایت بھی دی کہ اس معاملہ کی مرکزی حکومت اور پنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئیں تحقیقاتی کمیٹیاں اپنی تحقیقات 10 جنوری تک روک دیں۔سپریم کورٹ کے ان احکام کا چیف منسٹر پنجاب نے خیرمقدم کیا ہے۔