چھوڑیں گے دم مگر تیرا ساتھ نہ چھوڑیں گے!
حیدرآباد میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے دو گہرے دوست اکبر اور پربھاکر ہلاک
حیدرآباد:07۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)
اہک مخصوص طبقہ کے خلاف محض اقتدار کے لیے مذہبی منافرت اور نفرت انگیز مہم کے دؤران دونوں جانب کے ایسے لاکھوں کروڑں لوگ ہیں جو آج بھی اپنی دوستی اور پہچان کو قائم رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے دکھ اور سکھ میں شامل رہتے ہیں اور یہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
آج حیدرآباد میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں افسوسناک طور پر دو ایسے دوستوں کی موت واقع ہوگئی جو بچپن کے ایک ساتھ تھے اور اپنی اس دوستی کے ذریعہ ایک دوسرے کی خوشیوں اور غموں میں برابر کے شریک رہا کرتے تھے اور ان کی اس دوستی کی ہر کوئی سراہنا کرتا تھا ان کی یہ دوستی دونوں کی ایک ساتھ موت تک قائم رہی۔لیکن آج حیدرآباد کے شاہ پور کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے اکبر اور پربھاکر کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔
سب انسپکٹر پولیس شمس آباد پرکاش ریڈی کے مطابق چندرائن گٹہ کے ساکن کے۔پربھاکر 38 سالہ اور اکبر 32 سالہ بچپن سے ہی گہرے دوست تھے۔پربھاکر چاول کا کاروبار کرتے ہوئے اور اکبر ٹیلرنگ کا کام کرتے تھے۔پربھاکر کو بیوی اور دو بچے ہیں جبکہ اکبر غیرشادی شدہ تھے۔
کل جمعرات کے دن پربھاکر موٹرسیکل کے ذریعہ اپنے دوست اکبر کو لے کر اپنے آبائی وطن راجہ پور محبوب نگر ضلع گئے تھے۔
بعدازاں رات ان کی حیدرآباد واپسی کے دؤران پیدا شاہ پور کے قریب ان کی موٹرسیکل کو نامعلوم گاڑی ٹکر دے کر فرار ہوگئی جس سے یہ دونوں دوست اکبر اور پربھاکر شدید زخمی ہوکر جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے۔
شمس آباد پولیس اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔اکبر اور پربھاکر کی حادثہ میں ہلاکت پر شدید افسوس کا اظہار کیا جارہاہے اور دونوں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔

