تانڈور میں تین ماہ میں تمام مستحقین کو ڈبل بیڈروم مکانات حوالے کردئیے جائیں گے
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا
بابا صاحب امبیڈکر کو خراج عقیدت،سی ایم ریلیف فنڈس کے چیک تقسیم،گروکل کا دؤرہ
وقارآباد/تانڈور: 06۔ڈسمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے آج تانڈور کا دؤرہ کرتے ہوئے کئی پروگراموں میں شرکت کی۔رکن اسمبلی نے آج معمار دستور ڈاکٹر باباصاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی 66 ویں برسی کے موقع پر ایم ایل اے کیمپ آفس پر منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر صدرنشین زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اےنعیم افو،ٹی آر ایس پارٹی قائدین راجو گوڑ،پٹلولا نرسملو،سرینواس چاری،امتیاز بابا،عبدالصمد،سنتوش گوڑ کے علاوہ دیگر شریک تھے۔

قبل ازیں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے بعد ازاں ایم ایل اے کیمپ آفس پر علاج کی غرض سے” چیف منسٹر ریلیف فنڈ "کے ذریعہ منظورہ چار لاکھ 35 ہزار روپئے مالیتی چیکس چار منتخبہ افراد میں تقسیم کیے۔
رکن اسمبلی نے تانڈور منڈل کے کرنکوٹ کی ساکن سواتی کو دو لاکھ روپئے مالیتی چیک، تانڈور ٹاؤن کے ساکن پاشا میاں کو ایک لاکھ 25 ہزار روپئے مالیتی چیک،وجئے کمار کو 60 ہزار روپئے مالیتی چیک اور موضع چنگیز پور کے ساکن گنڈپا کو 40 ہزار روپئے مالیتی چیک حوالے کیے۔

اس موقع پر رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ مستحق افراد کے لیے ایک نعمت ہے جس کے ذریعہ جاری کردہ رقم سے وہ اپنا بہتر علاج کروا سکتے ہیں۔رکن اسمبلی نے کہا کہ جنہیں علاج کی غرض سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے مالی امداد کی ضرورت ہو وہ ایم ایل اے کیمپ آفس سے رجو ع ہوسکتے ہیں اور وہ موثر نمائندگی کے ذریعہ رقم منظور کروائیں گے۔
تین ماہ میں ڈبل بیڈروم مکانات کی مستحقین میں تقسیم:بعدازاں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے حیدرآباد روڈ پر خوانجہ پور گیٹ کے قریب زیرتعمیر ڈبل بیڈروم مکانات کا تفصیلی مشاہدہ کرتے ہوئے جاریہ کاموں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کنٹراکٹر اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان ڈبل بیڈروم مکانات کے تعمیراتی کاموں میں مزید سرعت پیدا کی جائے اورمعیاری تعمیری اشیاء کے استعمال کو اولین ترجیح دی جائے۔

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ملک کی ایسی واحد ریاست ہے جہاں کے وزیراعلیٰ کے۔چندرا شیکھرراؤ نے کسی بھی شخص کو بے گھر نہ رکھنے کا خواب دیکھا تھا اور اس خواب کو حقیقت میں بدل دیا اور ساری ریاست میں بلاء تفریق مستحق بے گھر افراد کے لیے ان کے اپنے ذاتی مکانات کے طورپر لاکھوں مکانات تعمیر کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر رکن اسمبلی نے اعلان کیا کہ تانڈور میں اندرون تین ماہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر مکمل کرتے ہوئے انہیں منتخبہ مستحق بے گھرخاندانوں کے حوالے کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ حیدرآباد روڈ کے خوانجہ پور گیٹ کے قریب جملہ 1200 ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کیے جارہے ہیں۔

اس موقع پر نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور پٹلولا دیپا نرسملو،صدر ٹاؤن ٹی آرایس ایم اے نعیم افو،رکن بلدیہ مختاراحمد ناز،نائب صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وینکٹ ریڈی، پٹلولا نرسملو،سرینواس چاری،سنتوش گوڑ اور دیگر موجود تھے۔
بعدازاں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے خوانجہ پور گیٹ پر موجود تلنگانہ گروکل پاٹھاشالا کا دؤرہ کرتے ہوئے زیرتعلیم طالبات،ٹیچرس اور اسٹاف سے اسکول کی کارکردھی کی تفصیلات حاصل کیں اور انہیں درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے تیقن دیا کہ ان مسائل فوری حل کیا جائے گا۔اس موقع پر رکن اسمبلی نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گروکل پاٹھا شالا کے باہر فوری طور پر لائٹس نصب کی جائیں۔


