کروزمنشیات کا گواہ اور این سی بی تحویل میں آریان خان کے ساتھ سیلفی لینے والا کے پی گوسوی گرفتار
پونہ کے ایک شخص کو دھوکہ دہی کے کیس میں مطلوب تھا
ممبئی /پونہ : 28۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
کروز منشیات معاملہ کا گواہ کرن پی گوسوی جس نے 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کو کروز سے تحویل میں لیے جانے کے بعد ان کے ساتھ سیلفی لی تھی کی آج گرفتاری کی پونہ پولیس نے توثیق کی ہے۔
13 اکتوبر کو مہاراشٹرا کے پونے کمشنر پولیس امیتابھ گپتا نے میڈیا کو بتایا تھا کہ”ہم نے کے پی گوسوی کے خلاف ایک "لک آؤٹ سرکلر نوٹس جاری” کیا ہے جو 2018 میں فراش خانہ پولیس اسٹیشن پونے میں درج دھوکہ دہی کے ایک کیس میں مفرور ہے”۔
پونے پولیس کے مطابق چنمے دیشمکھ جنہیں کے پی گوسوی نے مبینہ طور پر تین لاکھ 9 ہزار روپئے کا دھوکہ دیا تھا نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ کے پی گوسوی نے سوشل میڈیا پر اشتہار دیا تھا کہ وہ ملیشیا میں ہوٹل انڈسٹری میں ملازمت فراہم کروائے گا جس کے بعد دیشمکھ نے اس سے رابطہ قائم کیا اور ملیشیا میں ملازمت کا وعدہ کرتے ہوئے کے پی گوسوی نے ان سے قسطوں میں یہ رقم حاصل کی تھی۔
تاہم اس نے نہ تو انہیں کوئی ملازمت فراہم کروائی اور نہ ہی ان کی رقم واپس کی۔جس کے بعد چنمے دیشمکھ نے 2018 میں کے پی گوسوی کے خلاف پونے کے فراش خانہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے کے پی گوسوی کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات بشمول 420 (دھوکہ دہی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج رجسٹر کیا تھا۔
دوسری جانب 3 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل میں موجود آریان خان کے ساتھ لی گئی ایک شخص کی سیلفی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔جس کے بعدنارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں نے وضاحت جاری کی تھی کہ اس شخص کا نارکوٹکس کنٹرول بیورو سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اسی دؤران 7 اکتوبر کو مہاراشٹرا ریاستی کابینہ کے وزیر، سینئر سیاستداں و نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی ترجمان نواب ملک نے پریس کانفرنس طلب کرتے ہوئے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) پر مختلف الزامات عائد کیے تھے اور انکشاف کیا تھا کہ 2 اکتوبر کی رات نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے دفتر میں آریان خان کو لے کر داخل ہونے والوں میں سے ایک بی جے پی لیڈر”منیش بھانوشالی” ہے اور دوسرا شخص”کے پی گوسوی” ہے جس کی آریان خان کے ساتھ لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
کے پی گوسوئی کے متعلق یہ انکشاف ہوا تھا کہ وہ ملیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں رہتا ہے، پرائیوٹ ڈٹیکٹیوہے اور کے پی جی ڈریمس سالیوشن نامی کمپنی چلاتا ہے۔نواب ملک کے انکشاف کے بعد کے پی گوسوی روپوش ہوگیا تھا۔
وہیں کرن پی گوسوی نے دو دن قبل این ڈی ٹی وی کے نمائندہ سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود کو لکھنو پولیس کے حوالے کردے گا۔تاہم پولیس نے اس کی خود حوالگی کے اعلان کو قبول نہیں کیا تھا۔اب پونے پولیس 2018ء دھوکہ دہی کیس کے سلسلہ میں اس سے تفتیش کررہی ہے۔

