وقارآباد کے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں یوم جمہوریہ تقریب ،ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے قومی پرچم لہرایا

ریاستی خبریں

وقارآباد کے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں یوم جمہوریہ تقریب،ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے قومی پرچم لہرایا
مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کوبہترین کارکردگی پر ایوارڈ اور توصیف نامے

وقارآباد/تانڈور۔26۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام) وقارآباد میں جشن یوم جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا پولیس پریڈ گراؤنڈ میں ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو آئی اے ایس نے پرچم کشائی انجام د ی اور کھلی جیپ میں سوار ہوکر پولیس کی سلامی لی یوم جمہوریہ کی اس تقری مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے ۔ اس یوم جمہوریہ کی تقریب سے ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وقارآباد عوام کو صاف وشفاف انتظامیہ کی فراہمی کیساتھ ترقی کی طرف گامزن ہے ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع بھر میں حکومت کی تمام اسکیمات کو عوام تک پہنچایا جارہا ہے جس سے عوام بہتر طورپر مستفید ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ پٹنا پرگتی اور پلے پرگتی پروگرام پر کامیابی کیساتھ عمل جاری ہے۔ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے اپنے خطاب میں مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وقارآباد میں 18؍منڈلات ،501؍ریونیومواضعات ،566؍گرام پنچایت اور چاربلدیات کے دائرہ میں زائد از دس لاکھ نفوس رہتے ہیں ۔

ضلع کلکٹر نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی قیادت میں ضلع میں پولیس ، محکمہ طب ،محکمہ مال اور صفائی عملہ کے بہترین تعاون سے کورونا وباء پر قابو پایا گیا ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران عوام کو کوئی تکلیف نہ ہو اسکے لیے بھی بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے یوم جمہوریہ کی اس تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ پہلے مرحلہ کے تحت ضلع وقارآبا د میں اب تک سرکاری محکمہ طب سے وابستہ 3026 طبی عملہ کو کوویڈ ویکسین دی جاچکی ہے جبکہ ضلع میں اب تک 5,830؍کے سی آر کٹ تقسیم کیے جاچکے ہیں اور آشاورکرس کے تعاون سے ضلع میں 13,136؍حاملہ خواتین کے نام درج کیے گئے ہیں جبکہ 8,690؍حاملہ خواتین کی سرکاری ہسپتالوں میں زچگی انجام دی گئی ہے۔

اسی طرح 11,012 نومولود بچوں کو مختلف امراض سے محفوظ رکھنے کی غرض سے ٹیکے دئیے گئے ہیں ،ضلع کلکٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع کے 562؍مواضعات میں 6,80,632  پودے لگائے گئے ہیں ۔

ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے یوم جمہوریہ کی اس تقریب سے اپنے خطاب میں انکشاف کیا کہ زیر زمین آبی ذخائر میں اضافہ اور اسکے تحفظ کے معاملہ میں ضلع وقارآباد کو سارے ملک میں تیسرا مقام حاصل ہوا ہے اور ساتھ ہی شجر کاری پر مشتمل ہریتا ہارم پروگرام کے تحت ضلع میں 91.65  فیصد نشانہ کی تکمیل کرتے ہوئے ضلع وقارآباد نے پوری ریاست میں چھٹا مقام حاصل کیا ہے ۔

ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں 2,03,688  نلوں کے ذریعہ عوام کو صاف و شفاف پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے جبکہ ضلع وقارآباد میں 21؍کروڑ 34؍لاکھ روپئے کے صرفہ سے کسانوں کیلئے رعیتو ویدیکا کی عمارتیں تعمیر کروائی گئی ہیں جنکی جلد تکمیل ہوگی۔اپنے خطاب میں ضلع کلکٹر نے کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم کے تحت ضلع وقارآباد کے دو لاکھ سات ہزار 313؍کسانوں کے بینک کھاتوں میں 290؍کروڑ24؍لاکھ روپئے جمع کروائے گئے ہیں جبکہ رعیتو بیمہ اسکیم کے تحت 266؍نامزد افراد کو13؍کروڑ30؍لاکھ روپئے ادا کیے گئے ہیں ۔

ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے انکشاف کیا کہ پوری ریاست میں 44؍فیصد تور کی پیداوار ضلع وقارآباد میں ہوتی ہے اور محکمہ باغبانی کے تعاون سے ضلع وقارآباد میں کسان 41,988؍ایکڑ ارا ضی پر پھلوں اور ترکاریوں کی کاشت کرتے ہیں جبکہ ضلع کے 300؍مچھیروں 89؍لاکھ 60؍ہزار کے قرضہ جات بینکس کے ذریعہ جاری کیے گئے ہیں۔

اسی طرح ضلع وقارآبادمیں نابالغ لڑکیوں کے تحفظ کی کمیٹی کے ذریعہ اب تک 157؍کمسنی کی شادیوں کو روکا گیا ہے اور آپریشن اسمائیل کے ذریعہ 72؍بچہ مزدوروں کو بچایا گیا ہے ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے کہا کہ اننت گیری ہلز پر دو کروڑ 80؍لاکھ روپئے کے صرفہ سے جدید گیسٹ ہاؤس کے تعمیری کام جاری ہیں ۔

یوم جمہوریہ کی اس تقریب میں ضلع کلکٹر پوسومی باسو کے ہاتھوں ضلع کے تمام سرکاری محکمہ جات میں بہترین خدمات انجام دینے والے عہدیداروں میں توصیفی سند تقسیم کیے گئے۔

جن میں ایڈیشنل کلکٹر چندریا ،ڈی آرڈی او کرسٹین، بی سی ویلفیئر آفیسر پشپا لتا ،ضلع پنچایت آفیسر محترمہ رضوانہ ، ڈی ایس او راجیشور ،آرڈی او وقارآباد اوپیندرا ریڈی اورکمشنر بلدیہ وقارآباد بھوگیشورلو اور دیگر شامل ہیں۔اس تقریب میں ایڈیشنل کلکٹران موتی لال ، چندریا ، ضلع ایس پی ایم۔ نارائنا کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے ضلعی عہدیداران شریک تھے۔ دفتر ایس پی وقارآباد میںضلع ایس پی ایم ۔نارائنا نے پرچم کشائی انجام دی اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی ایم اے رشید کے بشمول دیگر پولیس عہدیداران موجود تھے ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے