تانڈور میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام ضروری انتظامات کیے جائیں :مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن اور عیدگاہ کمیٹی کی نمائندگی

تانڈور میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام ضروری انتظامات کیے جائیں

مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن اور عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے مختلف عہدیداروں سے نمائندگی

وقارآباد/تانڈور:16۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)

محمد بابر صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور کی قیادت میں آج اس تنظیم کے عہدیداروں نے صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی۔

جس میں نمائندگی کی گئی ہے کہ عیدالاضحی کے مؤقع پر تانڈور میں بلدیہ کی جانب سے تمام ممکنہ انتظامات کیے جائیں،تمام مساجد اور مسلم اکثریتی علاقوں میں عیدالاضحی کے تین دنوں تک بلاناغہ صاف صفائی اور دیگر سہولتوں کا نظم کیا جائے۔

بلدیہ کیجانب سے مسلمانوں میں خصوصی بیاگس تقسیم کیے جائیں ، تین دنوں تک بلا ناغہ صبح 6 بجے سے نلوں کے ذریعہ آبی سربراہی کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ہی مسلم اکثریتی علاقوں سے قربانی کے بعد نکلنے والے فضلہ کو ٹریکٹرس کے ذریعہ فوری منتقلی کا نظم کیا جائے اور اس کے لیے ٹریکٹرس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن کے اس وفد نے صدرنشین بلدیہ سے مطالبہ کیا کہ مساجد کے قریب اور بلدی حلقہ جات میں جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے۔

اس موقع پر اس تنظیم کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عثمان غنی ، نائب صدور سید زبیر لالہ ،ایم اے علیم شلو،خازن محمد مکرم الدین کے علاوہ محمد معز،محمدمحمود خان،عامر شہری ،عبدالمنان،رؤف خان ،محمد عمران انجنینئراور دیگر موجود تھے۔

اس موقع پر صدر مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور محمد بابر نے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ قربانی کے بعد جانوروں کا فضلہ اور دیگر اشیاء سڑکوں کے کنارے، کچرے دانوں یا گلیوں میں ہرگز نہ پھینکیں بلکہ یہ اشیاء انکے مکانات تک پہنچنے والے بلدیہ کے صفائی ملازمین کے حوالے کریںجس سے محلہ جات میں تعفن بھی نہیں پھیلے گا اور مکینوں کو تکلیف بھی نہیں ہوگی۔

دوسری جانب کل صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی تانڈور محمد یوسف خان کی قیادت میں بھی ایک وفد نے صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،آرڈی او اشوک کمار، ڈی ایس پی لکشمی نارائنا،سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی اور محکمہ برقی کے عہدیداروں سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے یادداشتیں حوالے کیں۔

اور نمائندگی کی کہ عیدگاہ تانڈور (جدید) میں عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے نماز عیدالاضحی کے انتظامات کیے جارہے ہیں اور اس کے لیے بلدیہ کی جانب سے عیدگاہ میدان اور اسکے اطراف و اکناف جنگلی درختوں اور پودوں کی صفائی عمل میں لائی جائے ساتھ ہی جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کیا جائے۔مرشد درگاہ چوک سے عیدگاہ تک سڑک کی مرمت کے علاوہ سڑک کی صفائی انجام دی جائے۔

جبکہ ڈی ایس پی لکشمی نارائنا سے نمائندگی کی گئی کہ عیدالاضحی کے دن عیدگاہ پر پولیس کی جانب سے مناسب انتظامات کیے جائیں،محکمہ برقی کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ عیدالاضحی کے موقع پر عیدگاہ ،مساجد ،مسلم قبرستانوں کے قریب اور شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے علاوہ عیدالاضحی کے تین دنوں تک تانڈور میں بلاء وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔اس وفد میں عیدگاہ کمیٹی کے عہدیداران محمد فصیح الدین،محمد قیصر اور دیگر شامل تھے۔