رام کے بھارت میں پٹرول93 ،سیتا کے نیپال میں 53 اور راون کی لنکا میں51 روپئے

رام کے بھارت میں پٹرول 93 ،سیتا کے نیپال میں 53 اور راون کی لنکا میں51 روپئے

بی جے پی رہنما،رکن راجیہ سبھا سبرامنین سوامی کا ٹوئٹر پر ریمارک،سوشیل میڈیا پر وائرل

چنئی: 2/ فروری (سحرنیوزڈاٹ کام،ایجنسیاں) ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی آسمان چھوتی قیمتوں سے تمام طبقات بالخصوص متوسط اور غریب طبقہ بہت زیادہ پریشان ہے اس پر طرفہ تماشہ یہ کہ مرکزی حکومت نے کل مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کی جانب پیش کیے گئے عام بجٹ میں ڈیزل اور پٹرول پرمزید ٹیکس عائد کیاہے۔ بشمول پٹرولیم اشیاء پکوان گیس سمیت دیگر تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی بہ نسبت کئی گنااضافہ ہوا ہے اس مہنگائی نے عام آدمی کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے ۔

یہ اس بی جے پی کے دور حکومت میں ہورہا ہے جس نے 2014ء میں اچھے دنوں کا وعدہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کا اقتدار حاصل کیا تھا دوبارہ 2019ء کے عام انتخابات میں بھی بی جے پی نے پہلے سے زیادہ تعداد میں لوک سبھا کی نشستیں حاصل کرتے ہوئے ملک کے اقتدار پر اپنا قبضہ جمائے رکھا۔مضحکہ خیز پہلو یہ ہے کہ اسی بی جے پی اور اسکے انہی قائدین کی موجودگی میں آج مہنگائی اپنے عروج پر ہے جو کبھی کانگریس کے دور حکومت میں پکوان گیس اورپٹرول کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کے خلاف سارے ملک میں سڑکوں پر اترکراحتجاج کو اپنا جمہوری حق مانتے تھے اور یہ وہی میڈیا ہے جو انہیں مکمل طورپر کوریج دیکر کانگریس حکومت سے آنکھ میں آنکھ ڈالکر سوال پوچھا کرتا تھا۔

آج جہاں مہنگائی سے عوام نڈھال ہیں وہیں بی جے پی ،اسکے قائدین اور میڈیا خاموش! جبکہ گزشتہ سال کے اوائل میں کوروناوائرس کی وباء کے آغاز کے بعد سے عوام کو شدید معاشی پریشانیوں کا شکار ہے اس پر مہنگائی کے کوڑے عوام کیلئے شدید پریشانیوں کا باعث بن رہے ہیں ۔بی جے پی حکومت اور ملک کے میڈیا کا ایک بہت بڑے طبقے کا کہنا ہے کہ ٹیکس اور بڑھتی قیمتوں سے ملک کے عوام کی جیبوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا لیکن بشمول کانگریس ملک کی اپوزیشن جماعتیں اس پر احتجاج کررہی ہیں ۔

سب سے حیرت انگیز بات یہ ہیکہ ہمیشہ صاف گوئی سے کام لینے اور خود اپنی پارٹی بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنانے کیلئے مشہور سینئرسیاستداں، بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا سبرامنین سوامی نے آج صبح سوشیل میڈیا کی مقبول عام اور معتبر مانی جانے والی سائٹ "ٹوئٹر” پر ایک پوسٹر شیئر کرتے ہوئے پٹرول کی قیمتوں کا پڑوسی ممالک نیپال اور سری لنکا سے موازنہ کرتے ہوئے بی جے قیادت والی مرکزکی این ڈی اے حکومت کواپنی تنقید کا شدید نشانہ بنایا ہے ۔

سبرامنین سوامی کی جانب سے ٹوئٹ کیے گئے سہء رنگی پوسٹر میں انگریزی کے بڑے حرفوں میں لکھا ہوا ہے کہ” پٹرول کی قیمت رام کے ملک انڈیا میں 93 روپئے ،”سیتا کے ملک نیپال میں 53 روپئے ، اور”راون کی لنکا میں 51 روپئے ” ۔

پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ پر برسر اقتدار بی جے پی کے ہی رکن راجیہ سبھا سبرامنین سوامی کی اس مذہبی انداز میں کی گئی سخت تنقید آج دن بھر سوشیل میڈیا پر موضوع بحث رہی ان کے اس ٹوئٹ کو اس تحریر کے لکھے جانے تک ایک لاکھ سے زائد ٹوئٹر صارفین نے لائیک کیا ہے جبکہ سبرامنین سوامی کا یہ ٹوئٹ 32 ہزار سے زائد ٹوئٹر صارفین نے اس  کو ٹوئٹر پر شیئر بھی کیا ہے۔ وہیں یہ پوسٹر سوشیل میڈیا کی دیگر مشہور سائٹس ،فیس بک ،واٹس اپ اور انسٹا گرام پر بڑے پیمانے پر وائرل بھی ہوا ہے۔

نوٹ : مسٹر سبرامنین سوامی کے ٹوئٹ کی لنک اور اس خبر کیساتھ لگائی گئی انکی تصویر کو ” ٹوئٹر ” اور مسٹر سبرامینین سوامی کے شکریہ کیساتھ لیا گیاہے۔