دہلی میں موجو د اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکہ

دہلی میں موجو د اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکہ
کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ،علاقہ میں سیکورٹی مزید سخت کردی گئی

نئی دہلی : 29۔جنوری (سحر نیوزڈاٹ کام) آج شام نئی دہلی میں موجود اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ایک کم شدت کا دھماکہ ہوا ہے
جسکے بعد اس علاقہ میں سیکورٹی مزید سخت کردی گئی۔ دہلی پولیس کمشنر کے ترجمان انیل متل نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایاکہ جمعہ کی شام پانچ بج کرپانچ منٹ پر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ پر موجود اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والے اس دھماکہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تاہم سفارت خانے کے باہر کھڑی کی گئیں تین کاروں کے شیشے ٹوٹ گئےہیں۔

 

یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب دھماکہ کے مقام سے محض دیڑھ کلومیٹرکے فاصلہ پر وجئے چوک پریوم جمہوریہ کی اختتامی تقریب کے سلسلہ میں منعقدہ ایک فوجی تقریب میں صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند ، وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ فوجی سربراہ اور دیگر اعلیٰ شخصیتیں شریک تھیں ۔کمشنر پولیس دہلی مسٹر ایس این سریواستو نے جائے مقام کا دؤرہ کیا ۔

 

وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس ۔جئے شنکر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہیکہ

انہوں نے اپنے ہم منصب اسرائیلی وزیر خارجہ مسٹر گبی اشکے نزی سے بات کرتے ہوئے تیقن دیا ہیکہ اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والے دھماکہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور حکومت ہند کی جانب سے اسرائیلی سفارتی عملہ کو مزید سیکورٹی دی جائے گی اور اس دھماکہ میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا جس پر انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت بھی ذمہ داران کا پتہ لگانے میں اپنا تعاون دے گی۔اسرائیلی حکومت نے بھی تصدیق کی ہیکہ اس دھماکہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔