چیئرمین بلدیہ تانڈور کا عہدہ بی سی جنرل کے لیے مختص
بلدی حلقوں کے لیے بھی تحفظات کا اعلان، دفتر کلکٹریٹ میں کل جماعتی اجلاس
ضلع کلکٹر وقارآباد نے کہا صاف و شفاف طریقہ سے تحفظات کا تعین کیا گیا
حیدرآباد/وقارآباد/تانڈور: 17۔جنوری (سحر نیوز ڈاٹ کام)
ضلع کلکٹر وقارآباد پرتیک جین کی جانب سے آج 17 جنوری کو دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں منعقدہ کل جماعتی اجلاس کے صدور، سیکریٹریز اور سیاسی نمائندوں، سرکاری عہدیداروں کی موجودگی میں وقارآباد ضلع کی چار بلدیات وقارآباد، تانڈور، کوڑنگل اور پرگی کے صدورنشین بلدیہ اور ارکان بلدیہ کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعہ تحفظات کا اعلان کر دیا گیاہے۔36 رکنی مجلس بلدیہ تانڈور کی صدارت (چیئرمین) کا عہدہ جہاں 2014ء اور 2020ء کے بلدی انتخابات میں خواتین کے لیے مختص تھا اب اس عہدہ کو بی سی جنرل کےطور پرمختص کیا گیا ہے۔
تانڈور ٹاؤن میں موجود 36 بلدی حلقوں میں سے کئی بلدی حلقوں کے لیے بھی تحفظات کا اعلان کیا گیا ہے۔جس کے ذریعہ بی سی طبقہ کو زائد از 42 فیصد تحفظات حاصل ہوئے ہیں!! وہیں زیادہ تر بلدی حلقوں کی تحفظات کے ذریعہ زمرہ بندی کے باعث کئی بلدی حلقوں کی ہیئت تبدیل ہوگئی ہےجس سے موجودہ حالیہ سابق ارکان بلدیہ اور مختلف پارٹیوں سے مقابلہ کے خواہشمند امیدوار مخمصہ کا شکار نظر آرہے ہیں۔!!
2014ء میں ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد منعقدہ اولین بلدی انتخابات سے صدرنشین بلدیہ تانڈور کا عہدہ خواتین کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ بعدازاں 2020ء کے بلدی انتخابات میں بھی یہ عہدہ خواتین کے لیے ہی مختص تھا۔اس دوران ٹی آر ایس کی کوٹریکا وجئے لکشمی وینکٹیا نے تانڈور کی پہلی خاتون چیئر پرسن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، جن کی معیاد ڈھائی سال رہی، بعدازاں مزید ڈھائی سال کانگریس کی سنیتا سمپت نے اس عہدہ پر قبضہ کرلیا تھا۔اسی طرح جنوری 2020ءسے جنوری 2025ء تک تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نےبحیثیت چیئر پرسن بلدیہ تانڈور اپنی پانچ سالہ معیاد مکمل کی تھی۔آج اسی عہدے کو بی سی جنرل کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
حال ہی میں جاری کردہ بلدیات کی قطعی فہرست رائے دہندگان کے مطابق بلدیہ تانڈور کے 36 بلدی حلقوں میں جملہ 77,029 رائے دہندے موجود ہیں جن میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 37,499 خاتون رائے دہندگان کی تعداد 39,525 اور تیسری صنف کے پانچ رائے دہندے شامل ہیں۔
بلدی حلقوں کی زمرہ بندی کے بعد ضلع کلکٹر وقارآباد پرتیک جین نے کہا کہ آج تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے سامنے تحفظات کیساتھ وقارآباد، تانڈور، کوڑنگل اور پرگی کی بلدیات کے 100 بلدی حلقوں کی ایس سی، ایس ٹی،بی سی اور خواتین کی زمرہ بندی2011ء کی مردم شماری کے تحت ریاستی الیکشن کمیشن کے قواعد وضوابط پر عمل کرتے ہوئے صاف و شفاف طریقہ سے عمل میں لائی گئی ہے۔
اس طرح بلدیہ تانڈور کے 36 بلدی حلقوں کی زمرہ بندی کی تفصیلات کےمطابق ایک حلقہ ایس ٹی، دو حلقے ایس سی، سات بلدی حلقے بی سی خواتین، 8 حلقے بی سی، 8 حلقے جنرل، 10 حلقے جنرل برائے خواتین مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح بلدیہ وقارآباد کی صدارت کا عہدہ ایس سی (خاتون) کےلیے مختص ہوا ہے جبکہ پرگی بلدیہ کی صدارت کا عہدہ بی سی (خاتون) اور بلدیہ کوڑنگل کی صدارت کا عہدہ عام زمرہ میں رکھا گیا کسی بھی طبقہ کے لیے مختص نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں جاری کی گئیں فہرست رائے دہندگان کے مطابق وقارآباد ضلع میں جملہ ایک لاکھ 73 ہزار 974 رائے دہندگان موجود ہیں۔جاری کردہ فہرست رائے دہندگان کی تفصیلات کے مطابق 34 بلدی حلقوں پر مشتمل بلدیہ وقارآبادمیں جملہ 58,013 رائے دہندے موجود ہیں جن میں 28,701 مرد، 29,285خاتون اور 27 تیسری صنف کے رائے دہندے موجود ہیں۔
اسی طرح ضلع وقارآبادمیں سب سے زیادہ 36 بلدی حلقہ جات کی حامل بلدیہ تانڈور میں سب سے زیادہ یعنی 77,029 رائے دہندے موجود ہیں، جن میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 37,499، خاتون رائے دہندگان کی تعداد 39,525 اور تیسری صنف کے پانچ رائے دہندے شامل ہیں۔
وہیں 18 بلدی حلقوں کی حامل بلدیہ پرگی کی فہرست رائے دہندگان میں موجود جملہ 27,614 رائے دہندگان میں سے 13,822مرد، 13,792 خاتون رائے دہندے موجود ہیں۔
جبکہ 12 بلدی حلقوں پر مشتمل بلدیہ کوڑنگل میں جملہ 11,318 رائے دہندے موجود ہیں۔

آج تحفظات کے اعلان کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں سے مقابلہ کے خواہشمند امیدواروں اور حالیہ سابق ارکان بلدیہ اپنی اپنی سہولت سے بلدی حلقوں کے انتخاب میں مصروف ہوگئے ہیں۔دیکھنا ہوگا کہ کانگریس، بی آر ایس ، بی جے پی اورکل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے علاوہ دیگر جماعتیں اپنے امیدواروں کا انتخاب کس پیمانے پر کریں گی، وہیں ایک بڑی تعداد میں ان سیاسی جماعتوں کے باغی اور آزاد امیدوار بھی ان جماعتوں کے لیے درد سر بن سکتے ہیں۔! امکان ظاہر کیا جارہا ہےکہ اندرون ایک ہفتہ ریاست میں بلدی انتخابات کا نقارہ بج سکتا ہے!

” یہ بھی پڑھیں "
وقارآباد ضلع کی چار بلدیات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کی فائنل ووٹر لسٹ جاری

