چلتی ٹرین میں آر پی ایف کانسٹیبل نے اے ایس آئی سمیت چارافراد کو گولی مار دی

چلتی ٹرین میں آر  پی ایف کانسٹیبل نے اے ایس آئی سمیت چار افراد کو گولی مار دی
بربریت کے بعد کانسٹیبل کا اشتعال انگیز  بیان پرمشتمل ویڈیو وائرل
دہشت گرد حملہ، مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا : بیرسٹراسد الدین اویسی 

ممبئی : 31۔جولائی
(سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

ریلوے پروٹیکشن فورس(RPF) کے کانسٹیبل چیتن سنگھ( ایک اور میڈیا اطلاع میں چیتن کمار چودھری بتایاجارہا ہے) نے اپنے خودکار ہتھیار سے جئے پور۔ممبئی چلتی ٹرین میں فائرنگ کی جس سے اس ٹرین میں سوار چار افراد ہلاک ہو گئے۔جس میں ایک خود آر پی ایف کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر(اے ایس آئی) ٹکا رام مینا(57 سالہ) اور اس جے پور۔ممبئی سنٹرل ایکسپریس کے تین دیگر مسافر شامل ہیں۔جن کی شناخت عبدالقادر(64 سالہ) اصغر عباس علی (48 سالہ) کےطور پر ہوئی ہے،جبکہ ایک اور مہلوک مسافر کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔بعدازاں اس مسافر کی شناخت صدر محمد حسین کے طور پر ہوئی ہے۔

یہ واقعہ پال گھر کے قریب پیش آیا،جو ممبئی سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے۔آر پی ایف کے ایک بیان کےمطابق،”ٹرین نمبر 12956 پر آج 31 جولائی کی صبح 5.23 بجے اطلاع ملی کہ اس ٹرین کے کوچ نمبر B-5 میں فائرنگ ہوئی ہے۔اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ایسکارٹ ڈیوٹی پرموجود سی ٹی چیتن (33 سالہ) نے انچارج اے ایس آئی ٹکا رام مینا پر فائرنگ کی۔

انڈین ایکسپریس نے ویسٹرن ریلوے کے ایک عہدیدار کے حوالے سےلکھا ہے کہ یہ فائرنگ برادریوں پر بحث کے بعد ہوئی۔!!انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کےمطابق چیتن سنگھ نےاے ایس آئی ٹکارام مینا پرپہلے اپنی اے آر ایم رائفل سے B-5 کوچ کے اندرگولی چلائی اورپھر عبدالقادر پر گولی چلائی جو مدھوبنی کا رہنے والا تھا۔بعد میں اس نے پینٹری کار میں ایک نامعلوم شخص کو مار ڈالا،اور S-6 کوچ میں چلاگیا جہاں اس نے جئے پور کے ایک چوڑیاں بیچنے والے اصغر کائی کو گولی مار دی۔

خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی نے عہدیداروں کےحوالے سے کہا کہ فائرنگ کے واقعہ کے بعد ملزم نے میرا روڈ اور داہی سر کے درمیان ٹرین سے فرار ہونے کی کوشش کی۔تاہم اسے گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے عہدیداروں نے دبوچ لیا اور اس کا ہتھیار بھی ضبط کر لیا۔

خبر رساں ادارہ اے این آئی کی رپورٹ کےمطابق، ڈی آر ایم نیرج ورما نے کہاکہ”صبح 6 بجے کے قریب ہمیں معلوم ہوا کہ ایک آر پی ایف کانسٹیبل نے جو اسکورٹ ڈیوٹی پر تھا،چار لوگوں کو گولی مار دی ہے ہمارے ریلوے افسر موقع پر پہنچ گئے۔خاندانوں سے رابطہ کیا قائم گیا ہے جنہیں ایکس گریشیا دی جائے گی۔ڈی آر ایم نے کہا کہ ہم اس واقعہ کی تمام زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں اور گواہوں کے بیان بھی لیے جارہے ہیں۔میڈیا اطلاعات کے مطابق چیتن سنگھ نے 12 راؤنڈ فائرنگ کرتے ہوئے ان چار بے گناہوں کا قتل کر دیا۔ 

پی ٹی آئی کے مطابق ایک سینئر پولیس عہدیدار کے مطابق گولی مارنے والے آر پی ایف کانسٹیبل چیتن سنگھ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ذہنی عدم استحکام کا شکار ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک پریشان کن مناظر پرمشتمل ویڈیو تیزی کےساتھ وائرل ہو رہا ہے اور کہا جاتاہےکہ یہ ویڈیو اس آر پی ایف کانسٹیبل چیتن سنگھ کی اس بربریت اور درندگی کے بعد کا ہے جو ایک شدید زخمی مسافرکے قریب کھڑا ہےجہاں خون بہہ رہا ہےجبکہ شدید خوفزدہ مسافر بھی نظر آر ہے ہیں اور باقاعدہ اپنے موبائل فونس کے ذریعہ اس کی ویڈیوز بھی لے رہے ہیں۔ اس کوچ میں موجود خوفزدہ مسافرین سے مخاطب ہوتے ہوئے چیتن سنگھ کچھ کہہ رہا ہے جس پر عہدیداروں نے کہا ہے کہ اس ویڈیو کو فارنسک لیب بھیجا جائے گا۔

جس کی تفصیل فیاکٹ چیکر محمد زبیر نے اس ویڈیو کو ٹوئٹ کرتےہوئے لکھاہے کہ” آر پی ایف کانسٹیبل چیتن سنگھ،گولی مارنےکےبعد مسلمان شخص کی لاش کے سامنے کھڑا کہتا ہے” پاکستان سے چلتے ہیں،تمہاری میڈیا،یہی دیش کی میڈیا یہ خبریں دکھارہی ہے،پتہ چل رہاہے ان کو،سب پتہ چل رہا ہے، ان کے آقا ہیں وہ۔،اگر ہندوستان میں رہنا ہے تو میں کہتا ہوں مودی اور یوگی یہ دو ہیں اور آپ کے ٹھاکرے۔”

https://twitter.com/zoo_bear/status/1685987088708276224

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس واقعہ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئےریلوے پروٹیکشن فورس کے انسپکٹر جنرل (ویسٹرن ریلوے) پراوین سنہا نے ان رپورٹوں کو مسترد کر دیا کہ جھگڑے کے نتیجے میں فائرنگ ہوئی انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آپے سے باہر ہو کر اپنے سینئر کو گولی مار دی۔پھر جس کو دیکھا اسے مار ڈالا۔” عہدیدار اس واقعہ کو فرقہ وارانہ قرار دینے سے انکار کر رہے ہیں۔

اس سلسلہ میں صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمان حلقہ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے ملزم کانسٹیبل کےاس ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” یہ ایک دہشت گردانہ حملہ ہے،جس میں خاص طور پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا۔یہ مسلسل مسلم مخالف نفرت انگیز تقریر اور نریندر مودی کی ناپسندیدگی کا نتیجہ ہے۔اسے ختم کرنے کے لیے۔کیا ملزم مستقبل میں بی جے پی کا امیدوار بن جائے گا؟  کیا حکومت اس کی ضمانت کی حمایت کرے گی۔؟ کیا رہا ہونے پر اسے ہار پہنایا جائے گا۔؟

 

یہ بھی پڑھیں ” 

 

ٹماٹر کی آسمان چھوتی قیمتوں پر بے بس و لاچار اور روتے ہوئے دہلی کے سبزی فروش کا وائرل شدہ جذباتی ویڈیو موضوع بحث