قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر روڈ اوؤر بریج کے تعمیراتی کاموں کا آغاز، عوام کی برسوں قدیم مشکلات کے خاتمہ کا امکان، انڈر بریج کی مخالفت

قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر روڈ اوؤر بریج کے تعمیراتی کاموں کا آغاز
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور رکن اسمبلی منوہر ریڈی سے اظہار تشکر
عوام کی برسوں قدیم مشکلات کے خاتمہ کا امکان، انڈر بریج کی مخالفت

وقارآباد/تانڈور: 14؍مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآبادضلع کے قدیم تانڈور علاقہ کےعوام کا برسوں قدیم خواب اور مطالبہ اب حقیقت میں تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے۔جہاں جدید اور قدیم تانڈور کےدرمیان موجود ریلوے گیٹ برسوں سے قدیم تانڈور کے عوام کےلیے شدیدمشکلات کا باعث بناہواہے اور کئی سال سےاس ریلوے گیٹ پر فلائی اوؤر/روڈ اوؤر بریج/انڈر بریج  کی تعمیر کا مطالبہ کیاجارہاتھا۔اب اس ریلوے گیٹ پر روڈ اوؤر بریج کےتعمیراتی کاموں کا آغاز ہوگیاہے۔

یاد رہے کہ حیدرآباد۔ممبئی/کرناٹک روٹ پر موجود تانڈور سے روزآنہ ملک کے دور دراز مقامات تک جانے اور وہاں سے آنے والی زائد از 100 مسافر اور مال بردار ٹرینوں کا گزر ہوتا ہے۔جب کبھی ان ٹرینوں کی آمدورفت ہوتی ہے تب قدیم تانڈور کے اس ریلوے گیٹ کو بند کیا جاتا ہے جس سے عوام کو رات اور دن کے وقت گیٹ کے دوبارہ کھولے جانے تک 15 منٹ سے نصف گھنٹہ تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔

وہیں اسی ریلوے گیٹ سے گزر کر قدیم تانڈور میں موجود گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اور دیگر اسکولوں کو اور جدید تانڈور میں موجود پرائیوٹ اور سرکاری اسکولوں اور کالجوں کو روزآنہ سینکڑوں طلباء و طالبات کی آمدو رفت ہوتی ہے۔قدیم تانڈور کےشہریوں کو خرید و فروخت کے لیے اسی ریلوے گیٹ سے گزر کر جدید تانڈور میں داخل ہونا پڑتا ہے۔اسی طرح پولیس کوارٹرس اور بلدیہ کے صفائی ملازمین کے کوارٹرز بھی قدیم تانڈور کے علاقہ مانک نگر میں ہی ہیں۔

قدیم تانڈور میں جملہ 6 بلدی حلقہ جات ہیں جہاں 20 ہزار سے زائدنفوس کی آبادی رہتی ہے۔اس کے باوجود یہاں برسوں سے کوئی ہیلت سنٹر حتی کہ میڈیکل ہال تک موجود نہیں تھالیکن گزشتہ سال بلدی حلقہ 14 میں موجود امبیڈکر پارک میں مسلسل نمائندگی کے بعد ایک بستی دواخانہ قائم کیا گیا جس سے اس علاقہ کے عوام کو بہت بڑی سہولت حاصل ہوئی۔

لیکن دن اور رات کے وقت حاملہ خواتین اور ہنگامی حالات میں مریضوں کو جدید تانڈور میں موجود گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال اور حیدرآباد روڈ پر موجود گورنمنٹ مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر کے علاوہ خانگی ہسپتالوں کو منتقل کرنا پڑتا ہے۔کئی مرتبہ ایسے مناظر بھی دیکھے گئے کہ جب ان مریضوں کو لے کر ایمبولنس گاڑیاں بند ریلوے گیٹ پر کھڑی ہوجانے پر مجبور ہوجاتی ہیں۔

بالآخر سابق رکن پارلیمان حلقہ چیوڑلہ کونڈا وشویشورریڈی،موجودہ رکن پارلیمان حلقہ چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،سابق ریاستی وزیر و موجودہ ایم ایل سی ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی اورحالیہ سابق رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی جانب سے مرکزی وزارت ریلوے، اس وقت کی ریاستی حکومت، جنرل مینیجئران ساؤتھ سنٹرل ریلوے سے لگاتار اور متعدد مرتبہ نمائندگی کے بعد بی آر ایس حکومت نے 30؍جون 2022ء کو جی او نمبر G.O.Rt.No:235 جاری کرتےہوئے سابق رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کے حوالے کیا تھا جس کے تحت قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر دو لائن پر مشتمل روڈ اوؤر بریج کی تعمیر کے لیے 74 کروڑ روپئے منظور کیے گئے تھے۔اس کے لیے باقاعدہ سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔

اب وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سے رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی کی موثر نمائندگی کے بعد کل قدیم تانڈور کے امبیڈکر پارک کے روبرو مشینوں کے ذریعہ کھدائی اور روڈ اوؤر بریج کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا۔

لیکن منگل کی شام دیرگئے ریلوے گیٹ کے قریب کے موجود چند رہائشی افراد کا گروپ اس مقام پر جمع ہوگیا اور کاموں کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے روڈ اوؤر بریج کی تعمیر کے خلاف احتجاج کیا۔

احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ روڈ اوؤر بریج کی تعمیر سے بڑی تعداد میں اس علاقہ کے عوام کو اپنی مختلف جائیدادوں سے محروم ہونا پڑے گا ان کا مطالبہ تھا کہ روڈ اوؤر بریج کے بجائے انڈر بریج تعمیر کیاجائے اور ان کاموں کو فوری طور پر روک دیا جائے۔احتجاج کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچ گئی اور احتجاجیوں کو سمجھا کرحالات پر قابو پالیا۔

اس سلسلہ میں قدیم تانڈور کے سیاسی قائد ورئیل اسٹیٹ بیوپاری نعیم خان جنہوں نے قدیم تانڈور ریلوے گیٹ پر فلائی اوؤر بریج کی تعمیر کے لیے دیگر افراد کے ساتھ مسلسل جدوجہد اور نمائندگی کی تھی اور احتجاج بھی منظم کیے تھے نے سحر نیوز ڈاٹ کام کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے ریلوے روڈ اوؤر بریج کے تعمیراتی کاموں کے آغاز پروزیراعلیٰ ریونت ریڈی، رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب کانگریس دؤر حکومت میں اس برسوں قدیم عوامی مطالبہ اور ضرورت کی اب تکمیل کا آغاز کیا گیا ہے۔

نعیم خان نے روڈ اوؤر بریج کی تعمیر کو ہی ضروری بتاتےہوئے کہاہےکہ اس سے ترقی اورمختلف سہولتوں سے محروم قدیم تانڈور کوترقی حاصل ہوگی۔انہوں نے ایک گروپ کی جانب سے انڈر بریج کی تعمیر کے مطالبہ اور احتجاج پر کہا کہ اگر ریلوے گیٹ کے لیے انڈر بریج تعمیر کیا جاتا ہے تو مانسون میں اور غیر موسمی طوفانی بارش کے بعد ریلوے اسٹیشن،مارواڑی بازار اور بھدریشور چوک سےبارش کا سیلابی پانی ظاہری طور پر انڈر بریج کے ذریعہ قدیم تانڈور میں داخل ہو جائے گا جس کے بعد ہر سال یہ قدیم تانڈور کا ایک بڑا علاقہ ایک جزیرہ بن کر رہ جائے گا۔

نعیم خان نے کہا کہ انڈر بریج کی تعمیر کے بعد قدیم تانڈور کے عوام کو دوسری مصیبت کا ہر سال سامنا کرنا پڑسکتا ہے انہوں نے قدیم تانڈور ریلوے گیٹ پر روڈ اوؤر بریج کی تعمیر کی تائید کی ہے۔ان کے علاوہ بھی قدیم تانڈور کے زیادہ ترذمہ داران اور شہریوں کی جانب سے روڈ اوؤر بریج کی ہی تعمیر کو درست قرار دیا جارہا ہے۔جس کے بعد اس بریج کے نیچے دونوں جانب سڑکیں بچھائی جائیں گی اور قدیم تانڈور کے عوام، تاجروں اور طلباء و طالبات کی مشکلات ختم ہوں گی۔!!

قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ سے عوام کو درپیش مشکلات پر تصاویر کے
ساتھ سحر نیوز کی خصوصی رپورٹ اس لنک کو کلک کر کے پڑھی جاسکتی ہے "

وقارآباد ضلع: قدیم تانڈورکے ریلوے گیٹ پر کب تعمیر ہوگا روڈ اوؤر بریج؟ رقمی منظوری اور سنگ بنیاد کو پانچ سال گزرگئے !!

 

حکومت تلنگانہ کی جانب سے قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر ” روڈ اؤور بریج” کی تعمیر کے لیے 74 کروڑ روپئے منظور، جی او جاری

 

یہ بھی پڑھیں "

سماجی خدمات ایک بہترین انسانی جذبہ، صدرنشین ضلع پریشد سنیتا مہندر ریڈی، رکن اسمبلی منوہر ریڈی اور مجیب خان کا خطاب

 

تانڈور میں ماہ رمضان کے دوران تمام انتظامات کیے جائیں : رکن اسمبلی منوہر ریڈی کی عہدیداروں کو ہدایت، خصوصی اجلاس کا انعقاد