تلنگانہ میں پکوان گیس کی کوئی قلت نہیں، سوشل میڈیا کے پروپگنڈہ سے عوام پریشان نہ ہوں : وزیر سول سپلائز اُتم کمار ریڈی

تلنگانہ میں پکوان گیس کی کوئی قلت نہیں، سوشل میڈیا پروپگنڈہ سے عوام پریشان نہ ہوں
بلیک مارکیٹنگ کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ،288   افراد کے خلاف کیس درج
وزیر سول سپلائز اُتم کمار ریڈی کی ضلع کلکٹرز  اور ضلع ایس پیز کیساتھ ویڈیو کانفرنس

حیدرآباد:13۔مارچ( سحرنیو زڈاٹ کام)

ریاستی وزیر آبپاشی و سول سپلائز  کیپٹن این۔اُتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں ایل پی جی گیس کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ساتھ ہی انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پکوان گیس کی قلت کے پروپگنڈہ سے چوکس رہیں جس کا مقصد عوام میں بے بنیاد غلط فہمیاں  پیدا کرنا اور انہیں الجھن میں ڈالنا ہے۔

ملک اور ریاست میں ایل  پی جی گیس کی قلت اور سربراہی کی اطلاعات پر صارفین میں پائی جانے والی الجھن کے پیش نظر ریاستی وزیر اتم کمار  ریڈی نے آج جمعہ کے دن  ڈاکٹر  بی آر امبیڈکرتلنگانہ اسٹیٹ سیکریٹریٹ سے ریاستی وزیر تملا ناگیشور راؤ،ریاستی چیف سیکریٹری راما کرشنا راو، کمشنر سول سپلائز اسٹیفن رویندرا  اور  دیگر اعلیٰ عہدیداروں کیساتھ مل کر ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے ریاست کے ضلع کلکٹرز، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پیز)  اور کمشنران پولیس کے ساتھ بات چیت کی۔اس ویڈیو کانفرنس میں انہوں نے کہا  کہ چیف سیکریٹری راما کرشنا راؤ  کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔

اس موقع  پر ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی نے گھریلو صارفین کو تیقن دیاکہ انہیں ایل پی جی گیس کی فراہمی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی الجھن کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا  کہ پکوان گیس کی مناسب سربراہی یقینی طور  پر  جاری رکھی جائے گی۔

اتم کمار ریڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز  پرگیس کی قلت سے متعلق زیرگشت اطلاعات کو جھوٹا پروپگنڈہ قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کی اور ایسی اطلاعات کو مصنوعی طور  پر گیس کی قلت  پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا۔

ریاستی وزیر اتم کمارریڈی نے انکشاف کیا کہ موجودہ الجھن کی وجہ سے روزآنہ کی ایل پی جی بکنگ میں 72 فیصداضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، اولڈ  ایج ہومز اور سرکاری اداروں کو گیس کی سربراہی کو ترجیح دینے کے لیے مکمل طور پر  تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں 810 ایل  پی جی ڈسٹری بیوٹرس کے نیٹ ورک کے ذریعہ گیس سربراہ کی جا رہی ہے۔ریاستی وزیر نے بتایا کہ ریاست میں جملہ ایک کروڑ 29 لاکھ ایل  پی جی کنکشن موجود ہیں اور روزآنہ زائداز  ڈھائی لاکھ سیلنڈر فراہم کیے جا  رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ایل پی جی کے 86 فیصد گھریلو اور14 فیصد کمرشیل صارفین موجود ہیں۔انہوں نے تصدیق کی کہ آج  تک ریاست کے کسی بھی بوٹلنگ پلانٹ میں گیس کی قلت کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔

ریاستی وزیر سول سپلائز اتم کمار ریڈی نے انتباہ دیا کہ حکومت ان غلط فہمیوں سے فائدہ اٹھا کر بلیک مارکیٹنگ میں ملوث ہونے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی اور  اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ حالیہ افواہوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں جیسے غیر مجاز  ذخیرہ اندوزی،گیس کی  سپلائی  کا رخ موڑنے، بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد  اور اداروں کے خلاف 288 مقدمات پہلے ہی درج کیے جا چکے ہیں۔

ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی نے متعلقہ ضلع کلکٹرز، ایس پیز  اور  پولیس کمشنرز  کو ہدایت دی کہ اگر ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز  اس طرح کی بدانتظامی میں ملوث رہیں تو ان کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی حکومت نے ریاست بھر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر  قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے روزآنہ اسٹاک کی سطح اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہر ضلع میں ضلع کلکٹر کی قیادت میں عہدیداروں کی خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دی۔

ریاستی وزیر نے گیس صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ شہری علاقوں میں ہر 25  دن میں ایک بار اور  دیہی علاقوں میں ہر 45  دن میں ایک بار  اپنا ایل پی جی سیلنڈر بک کروائیں۔

ریاستی وزیر سول سپلائز اتم کمار ریڈی کی اس ویڈیو کانفرنس میں دفتر کلکٹریٹ وقارآباد ضلع کے ویڈیو کانفرنس ہال سے ضلع کلکٹر دیپک تیواری، ایڈیشنل کلکٹر راجیشوری، سول سپلائی آفیسر سدرشن، ڈی ایم اینڈ سی ایس مرلی کرشنا، زرعی عہدیدارراجارتنم، باغبانی کے عہدیدار ایم اے ستار کے علاوہ محکمہ آبپاشی اور مارکیٹنگ محکمہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

تلنگانہ میں موسم گرما کے پیش نظر 16 مارچ سے نصف دن کا اسکول، 24 اپریل سے 12 جون تک گرمائی تعطیلات