مسلمانوں کو درپیش تمام مسائل کی یکسوئی کا تیقن، منتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور کی تہنیتی تقریب سے رکن اسمبلی کا خطاب

مسلمانوں کو درپیش تمام مسائل کی یکسوئی کا تیقن، تمام کی تائید سے کامیابی حاصل
منتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور کی تہنیتی تقریب، رکن اسمبلی منوہر ریڈی کا خطاب

وقارآباد/ تانڈور: (سحر نیوز ڈاٹ کام)

نومنتخب رکن اسمبلی تانڈور وقارآبادضلع بویانی منوہرریڈی کی تہنیتی تقریب منتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور کی جانب سےوائٹ پیالیس فنکشن ہال تانڈور میں منعقد کی گئی۔جس میں تنظیم کی جانب سے رکن اسمبلی کی شال پوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی گئی۔

اس موقع پر صدر منتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور محمد خورشیدحسین کی قیادت میں حلقہ اسمبلی تانڈور اورمسلمانوں کو درپیش مختلف مسائل پر مشتمل یادداشت حوالے کی گئی اور ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ برسوں سے زیر التواء اور حکومت کی جانب سے منظورہ قدیم تانڈور ریلوے گیٹ کے بریج کے تعمیراتی کاموں کا جلد آغاز کیا جائے۔

رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے اس تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حلقہ اسمبلی تانڈور سے ان کی کامیابی میں تمام طبقات کا تعاون حاصل ہے اور وہ اس کےلیے تمام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام طبقات کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی بھی مساوی ترقی کے لیے پابند عہد ہے۔

رکن اسمبلی نے اس تہنیتی تقریب سے اپنے خطاب میں تیقن دیا کہ وہ حلقہ اسمبلی تانڈور کے مسلمانوں کو درپیش تمام مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی وہ تمام تانڈور کے تمام مقامات اور مواضعات کا دؤرہ کرتے ہوئے درپیش مسائل اور درکار سہولتوں کی تفصیلات حاصل کریں گے اور ان کے حل کےلیے ریاستی وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سے فنڈز کی اجرائی کےلیے موثر نمائندگی کویقینی بنائیں گے۔

رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ بریج کے کاموں کے بھی جلد آغاز کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں گے انہوں نے کہاکہ ماضی میں منظورہ تمام ترقیاتی کاموں کو جلد ہی مکمل کرلیاجائے گا۔رکن اسمبلی نے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی تانڈور کے عوام کے درمیان رہ کر ایک خادم کی طرح تانڈور کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔

رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی کی اس تہنیتی تقریب میں خازن منتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن ایم اے ستار مجاہدی (گولکنڈہ)،تنظیم کے اراکین محمدلائق علی(پرنس)،،محمد لیاقت علی،شوکت پٹیل، حافظ عبدالحمید شہری (چھوٹے حافظ صاحب)،محمد فیاض علی بشیر آباد،، عبدالرزاق صدر اردو گھر و شادی خانہ اور دیگر اراکین کے بشمول مقامی کانگریسی قائدین ڈاکٹر سمپت کمار،مرلی کرشنا گوڑ، پی۔نرسملو کے علاوہ شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

" یہ بھی پڑھیں "

منور رانا کا انتقال اردو دنیا کا عظیم نقصان، ماں پر شاعری اور مہاجر نامہ سے منفرد پہچان

اننت گیری ہلز کے گھاٹ سے اترنے کے دؤران آر ٹی سی بس کے بریک فیل، 9 مسافرمعمولی زخمی، بڑا حادثہ ٹل گیا، 90 مسافر محفوظ