بھوپال میں محکمہ انکم ٹیکس اور پولیس کی کارروائی
ایک لاوارث کار سے 40 کروڑ روپئے مالیتی 52 کلو سونا اور 11 کروڑ نقد رقم ضبط
بھوپال : 20۔ڈسمبر
( سحر نیوز ڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)
محکمہ انکم ٹیکس اور پولیس کے عہدیداروں نے آج جمعہ کو مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں کشال پورہ روڈ پر جنگلاتی علاقہ سے ایک لاوارث ایس یو وی سے 40 کروڑ 47 لاکھ روپے مالیتی 52 کلو گرام سونا کے بسکٹ کے علاوہ اسی گاڑی سے 11 کروڑ روپے سے زائد نقدرقم ضبط کیے ہیں۔
عہدیداروں کے مطابق یہ کار گوالیار کے رہنے والے ایک شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔عہدیداروں کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس کو 2 بجے صبح ایک اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک گاڑی کشال پورہ روڈ پر مشتبہ حالت میں کھڑی کی گئی ہے جس کے اندر تھیلے موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس پرینکا شکلا نے دی وائر اور پی ٹی آئی کو بتایا کہ ایک شخص نے رتی آباد پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی کہ کشال پورہ روڈ پر ایک انوووا کرسٹا بہت دیر سے لاوارث کھڑی ہے اور گاڑی کے اندر تقریباً 7 تا 8 تھیلے تھے جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق ڈی سی پرینکا شکلا نے بتایا کہ ایس یو وی کا رجسٹریشن نمبر MP-07 سیریز کا ہےاور اس کا تعلق گوالیار کے رہنے والے چندن سنگھ گوڑ سے ہے جو چار سال سے بھوپال میں مقیم ہیں جو کہ بلڈر بتائے جاتے ہیں۔ایک اور عہدیدار نے میڈیا سے کہا کہ یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ ضبط شدہ سونا اور نقدرقم کس کی ملکیت ہے۔فی الحال اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق اس لاوارث گاڑی کی اطلاع کے فوری بعد 100 سے زائد انکم ٹیکس محکمہ کے عہدیدار، پولیس عہدیدار اور ملازمین 30 گاڑیوں کے ذریعہ اس مقام پر پہنچ گئے۔
میڈیا اطلاعات کےمطابق بھوپال میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، لوک آیوکت اور محکمہ انکم ٹیکس (آئی ٹی) کی جانب سے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار یوں پر جاری دھاوؤں کے دوران اس زائداز 40 کروڑ روپئے مالیتی 52 کلو سونا اور 11 کروڑ روپئے نقد رقم کی یہ ضبطی ہوئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیدار جمعرات سے بھوپال میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے منسلک افراد کے مکانات اور دفاتر پر دھاوؤں میں مصروف ہیں اور شبہ ہے کہ کار سے ضبط شدہ سونا اور رقم کا تعلق زیرتفتیش افراد سے ہوسکتا ہے۔؟ایک عہدیدار نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے بھوپال اور اندور میں ترشول کنسٹرکشن، کوالٹی گروپ اور ایشان گروپ کے 51 مقامات پر بھی دھاوے کیے ہیں۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق کل جمعرات کو لوک آیوکت نے ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) کے سابق کانسٹیبل سوربھ شرما کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر ایک کروڑ روپئے اور 40 کلو چاندی برآمد کی۔سوربھ شرما نے ایک سال قبل اپنی ملازمت چھوڑ کر رئیل اسٹیٹ کا کاروبار شروع کیا تھا۔بھوپال میں کار سے 52 کلو سونا اور 11 کروڑ روپئے برآمد کیے جانے کے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔


