وقارآباد میں چار گھنٹوں تک شدید بارش، موسیٰ ندی اور دیگر ذخائر آب لبریز
ریلوے انڈر بریج کے سیلابی پانی میں آر ٹی سی بس پھنس گئی، تمام مسافر محفوظ
حیدرآباد/وقارآباد : 04۔ستمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کےمختلف اضلاع میں گذشتہ دو دنوں سے مانسون دوبارہ سرگرم ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید چند دنوں تک چند اضلاع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے آرینج اور چند اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔
اس موسمی پیش قیاسی کے بعد ہفتہ کی شام سے بالخصوص وقارآباد ضلع مستقر اور اس کے منڈلات میں شدید اور دھواں دھار بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ ہفتہ کی صبح 10؍ بجے کل اتوار کی صبح 10؍بجے تک وقارآباد ضلع کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، کوڑنگل اور پرگی میں 1.078.78 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔جبکہ کل اتوار کی صبح سے آج پیر کی صبح تک 176.5؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہفتہ اور اتوار کے دن ضلع وقارآباد کے کوٹ پلی منڈل میں سب سے زیادہ 117.9؍ملی میٹر، بنٹارم منڈل میں 111؍ملی میٹر ، دھارور منڈل میں 86.8؍ ملی میٹر، دولت آباد منڈل میں 82.9؍ملی میٹر، مرپلی منڈل میں 80؍ملی میٹر، بشیرآباد منڈؒ میں 74.4؍ملی میٹر ،مومن پیٹ منڈل میں 67.4؍ملی میٹر اور تانڈور میں 51.6؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/1678981489274893
اسی دوران آج پیر کی صبح 9 بجے سے دوپہر ایک بجے تک وقارآباد مستقر اور اس کے منڈلات میں شدید ترین بارش ہوئی۔جس سےمحسوس ہو رہا تھا کہ اس علاقہ میں بادل پھٹ پڑے ہیں۔چار گھنٹوں تک ہونے والی اس شدید ترین بارش کے باعث تمام ذخائر آب، ندیاں، تالاب اور نالے لبریز ہوکر اپنی سطح سے اوپر بہنے لگے۔جس کے باعث کئی گھنٹوں تک مواضعات تک سڑک رابطہ منقطع ہوگیا۔ وہیں شہر کی سڑکیں اور نشیبی علاقے جھیلوں کا منظر پیش کر رہے تھے۔وقفہ وقفہ سے شام تک بھی ہلکی اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
اننت گیری ہلز سےجاری ہونےوالی موسیٰ ندی میں بھی سیلابی پانی ٹھاٹھیں مار رہا ہے۔اس کی سطح ریلوے بریج کےقریب تک پہنچ گئی ہے۔ وقارآبادکو پانی سربراہ کرنے والا شیوا ساگر ذخیرہ آب بھی مکمل لبریز ہوگیا ہے اور اس کے پشتہ سے زائد پانی کا اخراج جاری ہے۔
وقار آبادضلع میں بارش کے دوران مورنگ پلی کے قریب کئی سال سے زیر تعمیر ریلوے انڈر بریج کے نیچے ذخیرہ شدہ سیلابی پانی میں ایک آر ٹی سی بس پھنس کر فیل ہوگئی۔جس پر مقامی افراد نے فوری اس میں سوار مسافرین کو بس اور سیلابی پانی کےذخیرہ سےبحفاظت باہر نکال لیا۔
ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے جاریہ بارش اورمحکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر ضلع کے پولیس عہدیداروں اور عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ضلع ایس پی نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ سیلابی پانی سے لبریز سڑکوں پر موجود ندیوں،پراجکٹوں، تالابوں اور نالوں کے اوپر سےگزرنےوالے سیلابی پانی کو عبور نہ کریں۔اور نہ ان کے قریب جائیں، ضرورت پڑنے پر اپنے مخدوش و شکستہ مکانات کا خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔



