بی جے پی اور بی آر ایس پر بھروسہ کر کے دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں : تانڈور میں کانگریسی کارکنوں کا اجلاس

بی جے پی اور بی آر ایس پر بھروسہ کر کے دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں
لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کامیابی اہم نشانہ، تانڈور میں کانگریسی کارکنوں کا اجلاس
صدرنشین ضلع پریشد، صدر ضلع کانگریس و رکن اسمبلی پرگی اور رکن اسمبلی تانڈورکا خطاب


وقاارآباد/تانڈور: 07۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

ٹی۔رام موہن ریڈی رکن اسمبلی پرگی و صدر کانگریس وقارآباد ضلع نے عوام بالخصوص رائے دہندوں سے کہاہے کہ بی جے پی اور بی آرایس پر بھروسہ کرکے دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کامیابی ہی اہم نشانہ ہے۔وہ آج وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن میں موجود کے جی پی آر گارڈن میں رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی کی زیر صدارت منعقدہ حلقہ اسمبلی تانڈور کے کانگریسی پارٹی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس اجلاس میں بطور مہمان خصوصی ٹی۔رام موہن ریڈی اور صدرنشین ضلع پریشد وقارآباد مسز پی۔سنیتا مہندرریڈی،جنرل سیکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی رگھوویرا ریڈی اور دیگر نے شرکت کی۔

اس اجلاس سے اپنا خطاب جاری رکھتےہوئے رکن اسمبلی پرگی و صدر کانگریس وقارآبادضلع ٹی۔رام موہن ریڈی نےکہاکہ بی آر ایس دورحکومت میں وقارآباد ضلع کے ساتھ شدید ناانصافی کے باوجود ضلع سے تعلق رکھنے والے بی آرایس پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی مکمل طور پر خاموش ہی رہے۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس حکومت کی جانب سے پالمور۔رنگاریڈی لفٹ ایریگیشن پر 23 ہزار کروڑ روپئے صرف کیےجانے کے باؤجود ایک ایکڑ اراضی کو بھی سیرآب نہیں کیا گیا۔

ٹی۔رام موہن ریڈی نے کہا کہ چونکہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور اسپیکر اسمبلی جی۔پرساد کمار کا تعلق وقارآبادضلع سے ہے تواب ضلع کی تیز رفتار ترقی یقینی ہے۔صدر کانگریس وقارآباد ضلع ٹی۔رام موہن ریڈی نے اپنے خطاب میں کہاکہ اب تک 107 کروڑ روپئے کے مصارف سے ضلع میں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اسی طرح جلد ہی براہ تانڈور دو نیشنل ہائی ویز گزرنے والے ہیں۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کو اپنا حدف بنالیں انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس اور بی جے پی دونوں ایک ہی ہیں اگر انہیں ووٹ دیا گیا تو ترقی تھم جائے گی۔انہوں نے یاد دلایا کہ حلقہ پارلیمان لوک سبھا سے مسز پی۔سنیتا مہندرریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر وانے کا وزیراعلیٰ ریونت ریڈی چیوڑلہ کے جلسہ میں اعلان کرچکے ہیں۔رام موہن ریڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی حلقہ پارلیمان چیوڑلہ اور محبوب نگر کے انچارج ہیں اور ہم تمام کارکن کو ان دونوں حلقوں پر کامیابی کا تحفہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کو بطور تحفہ پیش کرنے کے لیے محنت کرنا ضروری ہے۔

صدرنشین ضلع پریشد وقارآباد مسز پی۔سنیتا مہندرریڈی نے اپنےخطاب میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کو ایک کرشماتی قائد قرار دیتےہوئے کہاکہ انہوں نے پارٹی کارکنوں کے ساتھ مل کرسخت جدوجہد کے ذریعہ دس سالہ اقتدار والی بی آر ایس کو اقتدار سے بے دخل کیا اور انتخابات کے موقع پر دی گئیں 6 گیارنٹی اسکیمات میں سے 5 اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔

مسز پی۔سنیتا مہندرریڈی نے کہاکہ بی آر ایس پارٹی کی وجہ سے ان کے خاندان کو اہانت آمیزسلوک کاسامنا کرنا پڑاتھا۔جہاں آزادی،مساوات  یکسانیت اور جمہوریت کا کوئی وجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت صدرنشین ضلع پریشد متحدہ ضلع رنگاریڈی انہوں نے تانڈور کو سب سے زیادہ فنڈس جاری کیے تھے۔

صدرنشین ضلع پریشد نے کہا کہ حلقہ اسمبلی تانڈور کی ترقی کے لیے ان کے خاندان نے کیا کیا کام کیے ہیں اس کا ثبوت مواضعات اور ٹاون کی ترقی ہیں۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیاکہ کانگریس کے پارٹی کارکن حلقہ پارلیمان لوک سبھا سے بھاری اکثریت سے ان کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے اور کانگریس ہی اب ان کا خاندان ہے۔انہوں نے کہا کہ قدیم پارٹی کارکنوں کی اپنی اہمیت برقرار رہے گی۔

رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے اپنے خطاب میں کہاکہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر کی گئی جدوجہد اب حلقہ پارلیمان چیوڑلہ سے کانگریس کی کامیابی کے لیےکرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تانڈور سے 50 ہزار ووٹوں کی اکثریت کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس میں کوئی گروپ بازی اور رسہ کشی نہیں ہے۔رکن اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے نمائندگی اور ان کے تعاون سے حلقہ اسمبلی تانڈور کی ترقی کو یقینی اور جلد ہی تانڈور میں ای ایس آئی ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔

اس اجلاس میں جنرل سیکریٹری ٹی پی سی سی داراسنگھ،صدر ضلع مہیلا کانگریس شوبھا رانی،صدرنشین بلدیہ تانڈورسواپنا پریمل،سابق صدر بلدیہ پی۔لکشماریڈی،عبدالرؤف،سرینواس ریڈی،روی گوڑ، بویانی سرینواس ریڈی،ایم۔راکیش،اتم چند،سید مسعود احمد،اجئے پرساد کےعلاوہ ارکان بلدیہ اور دیگر پارٹی قائدین کے علاوہ پارٹی کارکنوں کی کژیر تعداد شریک تھی۔

یہ بھی پڑھیں ” 

تلنگانہ ہائی کورٹ کا سنسنی خیز فیصلہ، گورنر کوٹہ سے پروفیسر کودنڈا رام اور عامرعلی خان کی نامزدگی منسوخ ، نئے ایم ایل سیز کی تقرری کا حکم

تلنگانہ میں موسم گرما کے پیش نظر 15 مارچ سے نصف دن کا اسکول، سرکاری ملازمین کو شام 4 بجے دفاتر سے روانہ ہونے کی اجازت : سرکاری احکام جاری