وقارآباد ضلع میں ماہ رمضان کے دوران رات دیر گئے تک دکانات کو کھلی رکھنے کی اجازت دینے محکمہ پولیس کو ہدایت : جائزہ اجلاس کا انعقاد

وقارآباد ضلع میں ماہ رمضان کے دوران رات دیر گئے تک دکانات کو کھلی رکھنے کی اجازت دینے محکمہ پولیس کو ہدایت
ایڈیشنل کلکٹر راجیشوری کا عہدیداروں اور مسلم ذمہ داران کے ساتھ جائزہ اجلاس

وقارآباد : 21۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام )

دفترمحکمہ اقلیتی بہبود وقارآبادضلع کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق دفترکلکٹریٹ وقارآباد میں ماہ رمضان المبارک کے آغاز اور نماز عید الفطرکے پیش نظر عہدیداروں اور مسلم ذمہ داران کا ایک جائزہ اجلاس کل 20 جنوری کو منعقد کیا گیا۔ ایڈیشنل کلکٹرمحترمہ ایس۔را جیشوری نے اجلاس کے ایجنڈے سے اس اجلاس کا آغاز کیا اور ماہ رمضان المبارک کے دوران ضلع میں انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے عہدیداروں کو حکومتی ہدایات سے واقف کر وایا۔

اس جائزہ اجلاس میں مسلم ذمہ داران سے انتظامات کے متعلق مشورے اور تجاویز حاصل کی گئیں اور رمضان میں ضلعی سطح پر درپیش تمام مسائل کی سماعت کی گئی۔

پولیس عہدیداروں کو ماہ رمضان کے دوران درکارحفاظتی انتظامات کرنے، ٹریفک مسائل کو حل کرنے اور دکانات کو رات دیر گئے تک کھلا رکھنے کی اجازت دینے کی ہدایت دی گئی۔

اس اجلاس میں بلدی عہدیداروں کو ماہ رمضان کے دوران بلاء ناغہ صاف صفائی،بلدی حلقوں سے کچرے کی نکاسی، جراثیم کش ادویہ کے چھڑکاو اورپینے کے پانی کی موثرسربراہی کی ہدایت دی گئی۔

ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر کو گرام پنچایتوں میں صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے اور تمام سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی گئی۔

محکمہ برقی کے عہدیداروں کو بلاء وقفہ ضلع میں موثر برقی سربراہی کوممکن بنانے،خصوصی ایام جیسے شبِ قدر، جمعتہ الوداع  اور عید الفطر کے دن اسٹریٹ لائٹس کی درستگی اور زائد روشنی کا نظم کرنے کی ہدایت دی گئی۔

محکمہ سیول سپلائیزکے عہدیداروں کو ماہ رمضان کے دوران وقارآباد ضلع میں پکوان گیس کی قلت سے نمٹنے اور راشن کو بلاء  وافر مقدار میں فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔

ڈسٹرک میڈیکل ہیلتھ آفیسر کو ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کرنے اور روزوں کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ضرورت پڑنے پر او آر ایس ORS کی فراہمی اور108 ایمبولنس سرویس کی فوری خدمات مہیا کروانے کی ہدایت دی گئی۔

ایڈیشنل کلکٹر محترمہ ایس۔راجیشوری نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ماہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے تناظر میں ضلع وقارآباد میں نقائص سے پاک بہتر انتظامات کئے جائیں تاکہ مسلمانوں کو کسی بھی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تمام سرکاری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

ایڈیشنل کلکٹر محترمہ ایس ۔راجیشوری نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران مسلمانوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی کی غرض سے دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ضلع کے مسلمان کسی بھی مسئلہ کے حل اور شکایت درج کروانے کیلئے 9912740115 پر دفتر کے اوقات میں فون کرسکتے ہیں۔