وقار آباد ضلع: تانڈور کے دفتر سب رجسٹرار پر اے سی بی کا دھاوہ، انچارج سب رجسٹرار 50 ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار

وقارآباد ضلع: تانڈور کے دفتر سب رجسٹرار پر اے سی بی کا دھاوہ
انچارج سب رجسٹرار 50 ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار

وقارآباد/تانڈور: 05۔ڈسمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کےکسی نہ کسی ضلع سے آئے دن محکمہ اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کی جانب سے رشوت خور سرکاری ملازمین کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ لیے جانے کی اطلاعات کے باؤجو دسرکاری محکمہ جات میں رشوت کا چلن ہنوزجاری ہے۔چند رشوت خورعہدیدار اپنی روِش تبدیل کرنے تیار نہیں ہیں۔

اسی دؤران آج بروز پیر 5 ڈسمبر کو بعد دوپہر وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں موجود دفتر سب رجسٹرار پر محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کےعہدیداروں کی ٹیم نے دھاوہ منظم کرتےہوئے انچارج سب رجسٹرار تانڈورضمیر الدین ایک اراضی کے تنازعہ میں ایک شخص سے 50 ہزار روپئے کی نقد رقم بطور رشوت طلب کے حصول کے معاملہ میں رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

تفصیلات کے مطابق یالال منڈل میں موجود ایک اراضی کے دستاویزات کی منتقلی کےسلسلہ میں انچارج سب رجسٹرار ضمیر الدین نے اراضی کے مالک محمد ارشاد سے ایک لاکھ روپئے بطور رشوت طلب کی تھی۔جس پر محمد ارشاد محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع ہوتے ہوئے اس کی شکایت درج کروائی۔

اس سلسلہ میں آج ڈھائی بجے دن ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو حیدرآباد مسٹر سوریہ نارائنا کی قیادت میں اے سی بی عہدیداروں کی ایک ٹیم نے دفتر سب رجسٹرار تانڈور کے اطراف اپنا جال بچھا دیا تھا۔

رشوت کی رقم انچارج سب رجسٹرار ضمیرالدین نے خود حاصل کرنےکےبجائے اراضی مالک محمد ارشاد کو دفتر کےقریب موجود ایک ڈاکیومنٹ رائٹر کے اسسٹنٹ کے حوالے کرنے کی ہدایت دی۔جب شکایت کنندہ محمدارشاد اس رقم کو اسسٹنٹ کے حوالے کررہے تھے تو  عین وقت پرمحکمہ اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے اس اسسٹنٹ کو رنگے ہاتھوں اس رقم کے ساتھ اپنی تحویل میں لےلیا۔بعدازاں سب رجسٹرار اور اس اسسٹنٹ کو اے سی بی عہدیداروں نے گرفتار کرلیا۔

بعدازاں میڈیا کو تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو مسٹر سوریہ نارائن نے بتایا کہ یالال منڈل کے موضع دؤلہ پور کے ساکن ایریا نائیک کے پاس سے محمد ارشاد نے پانچ لاکھ روپئے کا قرض حاصل کیا تھا،اور بطورضمانت اپنی اراضی کا کچھ حصہ ایریا نائیک کے نام رجسٹری کروائی تھی۔چند دنوں کے بعد محمد ارشاد نے ایریا نائیک سے لیے گئے قرض کی رقم پانچ لاکھ روپئے ادا کردی۔

(” سحر نیوز ڈاٹ کام کے یوٹیوب چینل کوسبسکرائب Subscribe کرنے کی گزارش ہے۔تاکہ اس کو ایک مستقل معیاری اردو نیوز چینل کےطور پر ترقی دی جاسکے۔ ” اس ⬇️ لنک کو کلک کرکے آپ چینل کو سبسکرائب کرسکتے ہیں۔)

محمد ارشاد بعدازاں بطور ضمانت ایریا نائیک کے نام کی گئی اپنی اراضی کا رجسٹریشن منسوخ کروانے کی غرض سے سب رجسٹرار ضمیرالدین سے درخواست کی تو انہوں نے اس کے لیے ایک لاکھ روپئے کی رشوت طلب کی۔سب رجسٹرار نے اراضی کا رجسٹریشن منسوخ کرنے کے لیے بالآخر 50،000 روپئے کی رشوت ادا کرنے کا حکم دیا۔جس کے بعدمحمد ارشاد محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع ہوتے ہوئے سب رجسٹرار کے خلاف شکایت درج کروائی تو تحقیقات کی گئیں جس میں رشوت طلب کیے جانے کے ثبوت دستیاب ہوئے۔

ڈی ایس پی محکمہ اے سی بی سوریہ نارائن نے بتایاکہ آج حسب طلب محمد ارشاد رقم لے کر سب رجسٹرار ضمیر الدین کے پاس پہنچے تو انہوں نے رشوت کی رقم 50،000 صمد نامی ڈاکیومنٹ رائٹر کے ملازم ظہیر الدین کے حوالے کرنے کی ہدایت دی۔جب محمد ارشاد رشوت کی رقم ظہیر الدین کے حوالے کررہے تھے تو ظہیر الدین کو 50،000 روپئے کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑلیا گیا۔

ڈی ایس پی محکمہ اے سی بی سوریہ نارائن نے بتایا کہ بعد پنچنامہ سب رجسٹرار تانڈور ضمیر الدین اور رشوت کی رقم حاصل کرنے والے ظہیر الدین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔کل انہیں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے چنچل گوڑہ جیل روانہ کردیا جائے گا۔ 

دوسری جانب دفتر سب رجسٹرار تانڈور میں آج محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے دھاوے اور سب رجسٹرار کی گرفتاری سے سنسنی پھیل گئی ہے۔وہیں دفتر سب رجسٹرار میں رشوت کے چلن کی شکایات عام تھیں۔!!وہیں ضلع وقارآباد کےچند دیگر سرکاری دفاتر میں بھی رشوت کے الزامات ہیں۔!!

 

ڈی ایس پی محکمہ اینٹی کرپشن بیورو، سوریہ نارائن عوام کو مشورہ دیا ہے کہ رشوت کے خاتمہ کے لیے وہ اینٹی کرپشن بیورو کی خدمات حاصل کریں اور کسی بھی سرکاری عہدیدار کی جانب سے رشوت طلب کیے جانے پر اینٹی کرپشن بیورو سے ٹول فری نمبر 1064 پرشکایت کریں تو ان بدعنوان اور رشوت خور عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔